Inquilab Logo

ملک بھر میں جشن میلادالنبیؐ جوش و خروش سے منایا گیا،اہم لیڈران کی مبارکباد

Updated: October 10, 2022, 11:52 AM IST | Agency | New Delhi

صدرجمہوریہ مرمو،وزیر اعظم مودی اور راہل گاندھی سمیت متعدد اہم شخصیات نے مبارکباد پیش کی،دہلی،حیدرآباد اور جموں کشمیر سمیت تمام اہم شہروں میں جلوس اور دیگر پروگرام منعقد کئے گئے

Pilgrims praying at Hazrat Bil Dargah in Srinagar.Picture:INN
سری نگر میں حضرت بلؐ درگاہ میں موجود زائرین دعا مانگتے ہوئے۔ تصویر:آئی این این

عید میلاد النبیؐ کے مبارک موقع پر ملک بھرمیںجوش و خروش نظرآرہاہے۔اس موقع پر صدر جمہوریہ دروپدی مرمو، وزیر اعظم نریندر مودی اور راہل گاندھی سمیت متعدد اہم شخصیات نے ہم وطنوں کو مبارکباد پیش کی ہے۔ 
صدرجمہوریہ عید میلادالنبیؐ کی مبارکباد پیش کی
 صدر دروپدی مرمو نے اپنے ٹویٹر ہینڈل پر لکھا، ’’پیغمبراسلامؐ کے یوم پیدائش میلاد النبیؐ کے پر مسرت موقع پر میں تمام ہم وطنوں خاص کر مسلمان بھائیوںاور بہنوں کو مبارکباد پیش کرتی ہوں۔ آج ہم سب پیغمبرؐ کی زندگی سے متاثر ہو کر باہمی ہم آہنگی کے ساتھ ملک کی ترقی کے لیے کام کرتے رہنے کا عہد کریں۔‘‘
وزیراعظم مودی نےامن و اتحاد کی دعا کی
 وزیر اعظم مودی نے ٹویٹرپر لکھا،’’میلاد النبیؐ کی مبارک باد۔ دعا ہے کہ اس موقع پر ہمارے معاشرے میں امن، اتحاد اور ہمدردی کے جذبے کو مزید فروغ ملے۔ عید مبارک۔‘‘
راہل گاندھی نے ہم آہنگی اور اچھی صحت کیلئے دعا مانگی
 کانگریس لیڈر راہل گاندھی نےبھی ٹویٹ کر کے ہم وطنوں کو میلاد النبیؐ کی مبارکباد پیش کی۔ انہوں نےاپنے ٹویٹر ہینڈل پر لکھا، ’’عید میلاد النبیؐ مبارک! یہ مبارک موقع سب کے لیے امن، ہم آہنگی، اچھی صحت اور خوشحالی لائے۔‘‘ دوسری جانب عید میلادالنبیؐ کے موقع پر ملک کے مختلف چھوٹے بڑے شہروں میں بڑے پیمانے پر جلوس نکالے گئے اور دیگر مختلف سرگرمیوں کے ذریعہ نبی کریمؐ اور اسلام  کی صفات کو عوام تک پہنچانے کی کوشش کی گئی۔
دہلی میں جامع مسجد تک جلوس نکالا گیا
 دہلی میں اہم جلوس باڑہ ہندورائو سے جلوس عید میلادالنبیؐ نکالا  جو اپنی روایتی راستے سے ہوتا ہواجامع مسجد پر آکر ختم ہوا۔ اس موقع پر سیکوریٹی کے سخت انتخامات کئے گئے تھے۔
حیدرآباد میں جلوس کے ساتھ عطیات کے کیمپ
 اسی کے تحت حیدرآباد شہر میں مختلف مقامات پر جلوس عید میلادالنبیؐ نکالا گیا۔اس کے علاوہ اس موقع پر خون عطیہ کرنے کے کیمپ منعقد کئے گئے ۔اسپتالوں، یتیم خانوں اور اولڈ ایج ہومز میں بڑے پیمانے پر پھل وغیرہ تقسیم کرنے کے پروگرام منعقد کئے گئے۔ شہر کے مختلف مقامات پرمذہبی اجتماعات کا اہتمام کیا گیا۔حیدرآباد کےنمائش گراؤنڈ نامپلی میں تعمیرملت کی جانب سے ایک جلسہ عام کا انعقاد کیاگیا جس میں ہزاروں لوگوں نےشرکت کی۔چارمینار کے قریب خلوت گراؤنڈ میں بھی ایک مذہبی جلسہ منعقد ہوا۔ 
 مسجد کمیٹی کی جانب سے تمام اہم مساجد میں مذہبی تقاریب کاانعقاد کیا گیاجس میں علمائے کرام نے حضرت محمدؐکی زندگی اور ان کی تعلیمات کے بارے میں گفتگو کی۔
 افضل گنج میں واقع آصفیہ لائبریری (اسٹیٹ سینٹرل لائبریری)میںسب سے بڑے خون عطیہ کیمپ کاانعقادشاہی مسجد کے امام و خطیب کی جانب سے کیا گیا۔ کیمپ میں ۶۰۰؍ کے قریب افراد نے خون کاعطیہ کیا۔مختلف تنظیموں کی جانب سے چارمینار اور ملے پلی میں خون کے عطیہ کیمپ کا بھی انعقاد کیا گیا۔کئی مذہبی اور سماجی تنظیموں نےگورنمنٹ ماڈرن میٹرنٹی ہاسپٹل پیٹل برج، عثمانیہ جنرل ہاسپٹل، ایم این جے کینسر ہاسپٹل اور شہر کے دیگر اسپتالوں میں مریضوں کے لیے پھل اور دودھ کا عطیہ دیا۔
جموں کشمیر وقف بورڈ چیئرپرسن کی سربراہی میں جلوس
 جموںکشمیر وقف بورڈ کی چیئرپرسن کی سربراہی میںنگین سےلےکر آثار شریف درگاہ حضرت بلؒ تک جلوس  عید میلادالنبیؐ نکالا گیا، جس میں لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔واضح رہےکہ جموں کشمیرکی تاریخ میں ایسا پہلی مرتبہ ہوا ہے کہ جب وقف بورڈچیئرپرسن کی سربراہی میں میلاد کا جلوس برآمد ہوا۔  اتوار کے روز وقف بورڈ کی چیئر پرسن ڈاکٹر درخشاں اندرابی کی سربراہی میں میلاد کا جلوس برآمد ہوا۔انہوں نے بتایا کہ نگین سےلےکر درگاہ حضرت بلؒ تک یہ جلوس نکالا گیا جس میں عاشقان رسولؐ کی ایک بڑی تعدادنےشرکت کی۔صوبائی کمشنر کشمیر پی کےپول، ضلع ترقیاتی کمشنر اعجازاسد اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر بھی اس موقع پر موجود رہے۔ عید میلاد النبیؐ ہر سال پیغمبر اسلامؐ کے یوم کے ۱۲؍ربیع الاول کو منایا جاتا ہے، ربیع الاوّل اسلامی قمری کیلنڈرکاتیسرا مہینہ ہے۔ اس دن مسلمان نماز ادا کرکے حضور اکرمؐ کو درود سلام پیش کرتے ہیں اور کچھ مقامات پر جلوس بھی برآمد کئے جاتے یں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK