Inquilab Logo

اغوا کے شبہ میں چلڈرن ہوم بھیجے گئے تمام بچے رہا

Updated: June 18, 2023, 9:50 AM IST | jalgaon

جلگائوں کے بعد ناسک چائلڈ ویلفیئر کمیٹی کی تحویل میں رکھے گئے ۳۰؍ بچوں کو بھی ان کے والدین کے ہمراہ بہار روانہ کیا گیا ، ان کے نگراں مولویں کو ضمانت ملنے کا انتظار

Social workers at the station saying goodbye to the children`s guardians
اسٹیشن پر سماجی کارکنان بچوں کے سرپرستوں کو الوداع کہتے ہوئے (تصویر : انقلاب)

 چند روز قبل جلگائوں کے چلڈرن ہوم میں رکھے گئے بچوں کو ضلع مجسٹریٹ کے حکم کے بعد رہا کر دیا گیا تھا اور ان کےوالدین کے ہمراہ بہار روانہ کر دیا تھا جہاں وہ بچے بہار چائلڈ ویلفیئر کمیٹی کی معرفت والدین کے حوالے کئے گئے۔ ٹھیک اسی طرز پر اب    ناسک کی چائلڈ ویلفیئر کمیٹی کی تحویل میں موجود ۳۰؍بچے بھی بہار کے ارریہ اورپورنیہ اضلاع کیلئےبذریعہ ٹرین روانہ کردیئے گئے ہیں ۔اب اس  معاملے میں۵ ؍ مولوی صاحبان کی ضمانت پر رہائی کا انتظار  ہے جو اس سفر کےدوران بطور نگراں ان بچوں کے ساتھ تھے ۔جلد ہی ان کی بھی ضمانت پر رہائی عمل میں آنے کی توقع ہے ۔
  یاد رہے کہ گزشتہ ۳؍ جون کو بھساول آر پی ایف نے چلتی ٹرین سے  ۵۹؍ بچوں کو ٹرین سے اتارا تھا۔ ۲۹؍ اور۳۰؍ بچوںکے دو مختلف گروہوں کے تعلق سے آر پی ایف کو شبہ تھا کہ انہیں اغوا کرکے لایا گیا ہے۔ لہٰذا ان میں سے  ۲۹؍ بچوں کو پولیس کی الگ ٹیم نے جلگائوں کے  چلڈرن ہوم میں بھیجا تھا جبکہ ۳۰؍ بچوں کو  پولیس کی دوسری ٹیم نے ناسک کے چلڈرن ہوم میں پہنچایا تھا۔ جبکہ ان کے ساتھ موجود ان کے نگراں  ۵؍ افراد کو پولیس نے اغوا کے معاملےمیں گرفتار کر کے جیل بھیج دیا تھا۔ بچوں کے والدین  بہار سے مہاراشٹر پہنچے اور انہوں نے سارے ثبوت پیش کئے کہ  بچوںکو اغوا نہیں کیا گیا تھا بلکہ انہوں نے اپنی مرضی سے مدرسے میں داخلے  کیلئے بھیجا تھا  تب جا کر مجسٹریٹ نے بچوں کو رہاکرنے کا حکم دیا تھا۔ یہ دونوں رہائیاں اسی حکم کے بعد عمل میں آئی ہیں۔   
 اس سلسلے میں  سماجی کارکن لیاقیت پٹھان (منماڑ)  نے بتایا کی ’’ناسک چائلڈ ویلفیئر کمیٹی کی تحویل میں موجود تمام ۳۰ ؍بچوں کو ان کے والدین اورریلوے پولیس کے ساتھ ناسک روڈ ریلوے اسٹیشن سے گوہاٹی ایکسپریس  کے ذریعے ان کے وطن بہار  روانہ کردیا گیا ہے ۔‘‘اطلاع کے مطابق گوہاٹی ایکسپریس میں ان بچوں کا اسپیشل کوچ ہے جس میں جی آر پی ایف ،آر پی ایف اور چائلڈ ویلفیئر کمیٹی ناسک کی دو ٹیمیںموجود ہیں یہ ٹیمیں ان بچوں کے ساتھ ارریہ اور پورنیہ اضلاع کی چائلڈ ویلفیئر کمیٹی کے سپرد کرنے تک انکے ساتھ رہے گی ۔ اس کے بعد بہار کی چائلڈ ویلفیئر کمیٹی قانونی  کارروائی مکمل کرنے کے بعد ان بچوں کو باقاعدہ ان کے والدین کے حوالے کرے گی۔ یاد رہے کہ ان بچوں کو دانا پور پونے ایکسپریس سے ہی منماڑ ریلوے جنکشن پر دوران سفر اترا گیاتھا۔ ان کے ساتھ  صدام حُسین ،نعمان عالم ،اعجاز ضیا ء اور محمد شاہنوازان چار مولویوں کو بھی اتار کر انسانی اسمگلنگ کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔فی الحال بھساول جنکشن پر ۲۹ ؍ بچوں کے ہمراہ اتارے گئے مولوی انظر عالم اور متذکر بالا چاروں عدالتی تحویل میں ہیں۔ حالانکہ ان کے خلاف اغوا کا کوئی معاملہ نہیں بنتا اس کے باوجود تکنیکی رکاوٹوں کے سبب ،ان کی ضمانت پررہائی عمل میں نہیں آئی ہے ۔ البتہ وکلاء کا کہنا ہے کہ ان کی ضمانت یقینی ہے کیونکہ اب بچوں کو والدین کے حوالے کرنے کا عمل بھی مکمل ہو چکا ہے۔ ناسک سے  بہار جانے والے ۳۰ ؍ بچوں اور  ان کے والدین کو جلگائوں اور بھساول کی سماجی تنظیموں کی جانب سے پانی کی بوتلیں اور اشیائے خودرو نوش جلگائوں ریلوے اسٹیشن پر فراہم کی گئیں ۔ یاد رہے کہ ان بچوں کی رہائی میں سماجی تنظیموں کے اقدامات کا اہم کردار ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK