Inquilab Logo

ماؤں کا ’’معیاری وقت‘‘ بچوں کی بہترتربیت کی ضمانت

Updated: January 23, 2023, 10:22 AM IST | ODhni desk | Mumbai

معیاری وقت کا مطلب ہے وہ لمحات جو ماں باپ پوری توجہ اور پورے وجود یعنی شعور، جذبات اور عمل کے ساتھ بچوں کو دیتے ہیں۔ اس میں مرکزی کردار ماں کا ہوتا ہے کیونکہ بچے ماں سے زیادہ قریب ہوتے ہیں اور دن بھر کا زیادہ تر وقت انہی کے ساتھ گزارتے بھی ہیں

Spending "quality time" with children improves their mental and emotional health as well as their physical health
بچوں کے ساتھ ’’معیاری وقت‘‘ گزارنے سے ان کی ذہنی و جذباتی صحت کے ساتھ ساتھ جسمانی صحت بھی اچھی ہوتی ہے

جیسے بڑوں کو اپنی زندگی میں صرف کھانا پینا، کپڑے یا ٹی وی، موبائل وغیرہ نہیں چاہئے ہوتے ہیں بلکہ جذباتی، ذہنی اور روحانی تسکین کی ضرورت بھی ہوتی ہے، ویسے ہی بچوں کو بھی صرف آپ سے کپڑے، کھانے پینے کی اشیاء یا ٹی وی وغیرہ نہیں چاہئے بلکہ انہیں آپ کے جذباتی، ذہنی اور روحانی سہارے کی ضرورت بھی ہوتی ہے اور بچوں کو درکار سہاروں کو جاننے اور پورا کرنے کیلئے آپ کا ’’معیاری وقت‘‘ چاہئے ہوتا ہے۔
معیاری وقت سے 
کیا مراد ہے؟
 اکثر والدین شکایت کرتے ہیں کہ وہ بچوں کے ساتھ کافی وقت گزارتے ہیں لیکن بچے ہیں کہ کبھی خوش ہی نہیں ہوتے، دراصل ہمارے ذہن میں معیاری وقت کا تصور محض مزیدار طریقے سے گزارے گئے لمحات ہی ہیں، اس کے برعکس برطانوی میڈیکل جرنل اور ٹورنٹو یونیورسٹی کی الگ الگ تحقیقات بتاتی ہیں کہ مزیدار لمحات والدین اور بچوں کے تعلق میں کچھ خاص بہتری نہیں لاتے ۔ ضروری ہے کہ والدین معیاری وقت کے تصور کو ٹھیک طریقے سے سمجھیں، تو پھر سوال اٹھتا ہے کہ اس ٹھیک طریقے کے معیاری وقت سے کیا مراد ہے؟
 اس معیاری وقت کا مطلب ہے وہ لمحات جو ماں باپ پوری توجہ اور پورے وجود یعنی شعور، جذبات اور عمل کے ساتھ بچوں کو دیتے ہیں۔ اس میں مرکزی کردار ماں کا ہوتا ہے کیونکہ بچے ماں سے زیادہ قریب ہوتے ہیں اور وقت بھی ماں کے ساتھ زیادہ گزارتے ہیں۔
 ہر وہ لمحہ جو آپ ان کے مزاج اور دلچسپی کو سامنے رکھتے ہوئے گزارتے ہیں ان کے لئے اہم ترین ہے، چاہے وہ ان کی چھوٹی چھوٹی کاوشوں جیسے ڈرائنگ، کاغذی جہاز کی تعریف ہو یا مل جل کر کچن کے کام و صفائی وغیرہ ہو۔
بچوں کو معیاری وقت دینے کے فوائد
 معیاری وقت دینے سے بچوں کا یہ یقین پختہ ہوتا ہے کہ والدین ان کا خیال رکھتے ہیں۔ اس کے ساتھ یہ بچوں کی نشوونما اور سکون کے لئے بھی ضروری ہے، تاہم اس کے درج ذیل انتہائی اہم ترین فوائد بھی ہوسکتے ہیں:
بچوں کا مزاج
 جو بچے والدین کے ساتھ معیاری وقت گزارتے ہیں ان میں خراب رویوں کے مسائل کم ہوتے ہیں، چاہے گھر کے اندر ہوں یا کسی سماجی تقریب میں، معیاری وقت اس بات میں معاون ہوتا ہے کہ بچوں میں زبانی جھگڑوں اور لڑائیوں کی شرح اور شدت کم ہوں۔
بری عادتوں سے دوری
 معیاری وقت بچوں کو خوش رہنے، محبت کئے جانے اور مختلف حالات کے مناسبت سے رویہ اختیار کرنے میں اہم کردار اد کرتا ہے، اس کے ساتھ بچوں میں منشیات یا دیگر منفی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے امکانات بھی کم ہوجاتے ہیں۔
ذہنی و جذباتی صحت
 محبت اور خیال رکھے جانے کا احساس بچوں کی چند اہم ترین ضروریات میں سے ہیں، معیاری وقت اصل میں ان ضروریات کی بنیاد ہے۔ صرف ناگہانی صورتحال یا اہم مواقع پر موجودگی ہی کافی نہیں، والدین کا باقاعدہ وقت بچوں کو ذہنی اور جذباتی تسکین و خوشی عطا کرتا ہے، پھر یہی عمل بچوں کو جذباتی باریکیاں سمجھنے اور دوسروں سے خوشگوار سے ملنے کا درس دیتا ہے۔
جسمانی صحت
 ذہنی صحت کے ساتھ، معیاری وقت جسمانی صحت بھی بہتر کرتا ہے۔ ساتھ بیٹھ کر کھانا، کھانا بچوں کے لئے ضروری بھی ہے اور فائدہ مند بھی، خصوصاً کھانے کی تیاری کے دوران بچوں کو ساتھ رکھنا، ان کے اندر صحت مند کھانے کے حوالے سے شعور پیدا کرتا ہے۔ ساتھ ہی آپسی رشتہ بھی مستحکم ہوتا ہے۔
والدین بچوں کو معیاری وقت کب اور کیسے دیں؟
 یقیناً بیشتر والدین کی طرح آپ کی مصروفیات بھی کافی زیادہ ہوتی ہوں گی تو اس صورت میں بچوں کو معیاری وقت کیسے دیں؟ اس کے لئے ضروری ہے کہ معیاری وقت سے مراد پورا دن نہ لیا جائے۔ کب دیں؟ معیاری وقت کے بہت سے مواقع دن بھر میں موجود ہوتے ہیں جن کو والدین استعمال کر سکتے ہیں، مثلاً، اسکول جانے سے پہلے کے لمحات، دوپہر اور رات کے کھانوں کے دوران، سونے سے پہلے، آپ کو بس اپنی ترجیحات بہتر کرنے کی ضرورت ہے، معیاری وقت کے مواقع دن بھر میں موجود ہوتے ہیں۔
 اگر مصروفیات بہت زیادہ ہیں تو پھر دن کے کچھ اوقات سوچ لیں جب آپ پوری توجہ اپنے بچوں اور ان کی باتوں پر دے سکتی ہوں، جیسے کھانا بناتے ہوئے، کپڑے دھوتے ہوئے، بازار جاتے ہوئے وغیرہ۔ اس دوران آپ ان سے چھوٹی موٹی باتیں کریں جسے اسکول میں کیا کیا ہوا؟ دن بھر میں کون سی بات اچھی یا بری لگی؟ دن بھر کا بہترین لمحہ یا واقعہ پوچھیں۔ ان سوالات کے جوابات دے کر بچہ خوش بھی ہوگا اور آپ کے قریب بھی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK