Inquilab Logo

آج ہاربرلائن کے تینو ں روٹ کی ٹرینیں۵؍ گھنٹے بند رہیںگی

Updated: March 12, 2023, 10:49 AM IST | saeed Ahmed | Mumbai

ہاربرلائن کے مسافروں کوصبح ۱۰؍ بجے سے شام ۶؍بجے تک مین لائن کی ٹرینوں میںسفر کی خصوصی اجازت۔مین لائن پر بھی بلاک سے مسافروں کو دشواریوں کا اندیشہ

Passengers may face problems due to mega block. (File photo)
میگا بلاک کے سبب مسافروں کو دشواریوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔(فائل فوٹو)

ہاربرلائن کے تینو ں روٹس کی ٹرین خدمات آج صبح سے ۵؍ گھنٹے بند رہیںگی ۔اس کی وجہ سے لاکھوں مسافروں کو شدید پریشانی کا اندیشہ ہے۔اس لئے مسافر وں کوگھر سے نکلنے سے قبل بلاک کے اوقات ذہن نشین رکھنے کی ریلوے کی جانب سے یاددہانی کروائی گئی ہےتاکہ وہ پیشگی منصوبہ بندی کرسکیں۔ریلو ے کی جانب سے یہ دلیل دی گئی ہے کہ ضروری مرمت کےکاموں کیلئے تینوں روٹس پر جمبو بلاک کیاجارہا ہے۔ مین لائن پر ماٹنگا اورملنڈ کے درمیان اپ اور ڈاؤن فاسٹ لائنوں پر بلاک رہیگا ۔ ویسٹرن ریلوے میں گوکھلے بریج کا کام جاری رہنے سے ٹرین خدمات متاثر ہونگی، مگریہاں زیادہ ترکام رات میںہی نمٹالیا جائے گا ۔اس لئے اتوار کودن میںٹرینوںکی آمدورفت پرکوئی خاص اثر نہیں پڑے گا۔ذیل میںبلاک کے اوقات اور  اسٹیشنوں کی تفصیل درج کی جارہی ہے۔
بلاک کب اورکہاں سے کہاں تک 
 سینٹرل ریلوے میںہاربرلائنوں پربلاک کا جو وقت طے کیا گیا ہے وہ کچھ اس طرح ہے۔ چھترپتی شیواجی مہاراج ٹرمنس ،چونا بھٹی اورباندرہ ڈاؤن ہاربرلائن پرصبح ۱۱؍ بجکر ۴۰؍ منٹ سے ۴؍بجکر ۴۰؍ منٹ تک بلاک رہے گا۔ چونا بھٹی ،باندرہ اورسی ایس ایم ٹی اپ ہاربرلائن پر صبح ۱۱؍ بجکر ۱۰؍ منٹ سے ۴؍بجکر ۱۰؍ منٹ ٹرین خدمات بند رہیں گی۔بلاک کے مقررہ کردہ اوقات کے سبب ۱۱؍بجکر ۱۶؍ منٹ سے شام ۴؍بجکر ۴۷؍ منٹ تک چھترپتی شیواجی مہاراج ٹرمنس ،وڈالا روڈ سے واشی ، بیلاپوراورپنویل کے لئے روانہ ہونے والی سبھی ڈاؤن ہاربرلائن کی ٹرین خدمات اورصبح ۱۰؍ بجکر۴۸؍ منٹ سے شام ۴؍بجکر ۴۳؍منٹ تک چھترپتی شیواجی مہاراج ٹرمنس سے باندرہ اورگوریگاؤں کیلئے چھوٹنے والی سبھی ڈاؤن لائن کی ٹرین خدمات بند رہیں گی۔ صبح ۹؍بجکر ۵۳؍منٹ سے دوپہر ۳؍بجکر۲۰؍ منٹ تک پنویل ، بیلا پوراور واشی سے چھترپتی شیواجی مہاراج ٹرمنس کے لئے روانہ ہونے والی اپ ہاربرلائن کی خدمات اور صبح ۱۰؍بجکر ۴۵؍ منٹ سے شام کو۵؍بجکر۱۳؍ منٹ تک گورے گاؤں اورباندرہ سے سی ایس ایم ٹی کے لئے روانہ ہونے والی اپ ہاربرلائن کی سبھی ٹرینیں بند رہیں گی۔
 ہاربرلائن کے مسافروںکی سہولت کی غرض سے سینٹرل ریلوے انتظامیہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنے اسی پاس اورٹکٹ پرصبح ۱۰؍بجے سے شام ۶؍ بجے تک مین لائن کی ٹرینوں میں سفر کرسکیں گے۔ 
بلاک کے دوران کرلاسے خصوصی سروسیز
 سینٹرل ریلوےکے چیف پی آر او شیواجی ستار نے نمائندۂ انقلاب کویہ بھی بتایاکہ’’ بلاک کے سبب مسافرو ں کو پریشانی ہوگی ،اس لئے ان کوراحت پہنچانے کی غرض سے کرلا میں پلیٹ فارم نمبر ۸؍ سے ہر۲۰؍ منٹ کے وقفے سے اسپیشل لوکل سروسیزمذکورہ روٹس پرچلائی جائیں گی ۔ ‘‘ 
 انہوںنے یہ بھی کہاکہ’’یہ بلاک لوکل ٹرینوں اورطویل مسافتی ٹرینیںچلانے کے لئے ناگزیر ہے ،مسافر ریلوے کے ساتھ تعاون کریں اورکام پورا کرنے میںمددکریں۔‘‘ 
 یادرہےکہ یکم مارچ کوبیلاپور میںلوکل ٹرین کے ۳؍ ڈبے پٹری سے اترگئے تھے اور ۱۲؍ گھنٹے کےبعد ان ڈبوں کو پٹری پر لایا جاسکا تھا۔ اس لئے بھی ریلوے کی جانب سےہاربرلائن کی بطور خاص نگرانی اورمرمت کی جارہی ہے تاکہ آئندہ اس طرح کے حادثات سے بچا جاسکے ۔ 
گوکھلے بریج پرگرڈرکی تنصیب 
 ویسٹرن ریلوے میںاندھیری اورولے پارلے کے درمیان واقع گوکھلے بریج کاکام ریلوے اوربی ایم سی کی جانب سے کیا جارہاہے۔ اس تعلق سے سنیچر اور اتوار کی درمیانی شب میںکام شروع کیا گیا اورعلی الصباح مکمل کرنے کا دعویٰ کیا جارہا۔ویسٹرن ریلو ے کے چیف پی آر اوسمیت ٹھاکور نے انقلاب کوبتایاکہ ’’ اس گرڈر کی تنصیب کے بعد ریلوے کی جانب کا حصہ مکمل ہوجائےگا اورآگے کی تعمیرکا کام بی ایم سی انتظامیہ کے حوالے کردیاجائے گا۔ اس سے کام تیزی سے آگے بڑھے گا اورکوشش کی جائے گی جلد سے جلد مل جل کرکام پورا کیاجائے تاکہ شہریوں کوٹریفک کے مسئلے سے نجات مل سکے۔‘‘ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK