Inquilab Logo

ٹرین کا ڈبہ پٹری سے اترا، ہاربر لائن کی ٹرین خدمات متاثر

Updated: April 30, 2024, 8:58 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

صبح ساڑھے ۱۱؍بجے سی ایس ایم ٹی کے پاس حادثہ پیش آیا۔ کوئی جانی نقصان نہیں، ساڑھے۳؍گھنٹوں کے بعد سروس بحال ہوئی۔

Railway employees can be seen trying to get the coach on the track. Photo: PTI
ریلوے ملازمین ڈبے کو پٹری پر لانے کی کوشش کرتے ہوئے دیکھے جا سکتے ہیں۔ تصویر:پی ٹی آئی

 ہفتہ کے پہلے ہی دن پیر کو سینٹرل ریلوے کی باربر لائن پر ممبئی چھتر پتی شیواجی مہاراج ٹرمنس (سی ایس ایم ٹی ) کے قریب پنویل سے سی ایس ایم ٹی  آنے والی اپ لوکل ٹرین کا ایک ڈبہ پٹری سے اتر گیا۔یہ حادثہ پیر کی صبح تقریباً ساڑھے ۱۱؍ بجے ہوا۔ حادثہ کے وقت ٹرین  دھیمی رفتار سے چل رہی تھی اس لئے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ۔ چونکہ حادثہ ممبئی پہنچنے والی پٹری(پلیٹ فارم نمبر ۲)  پر سی ایس ایم ٹی سے ۵۰؍ میٹر کی دوری پر ہوا تھا اس لئے ہاربر لائن سے ٹرمنس آنے والی سبھی لوکل ٹرین خدمات تقریباً ساڑھے ۳؍ گھنٹے تک متاثر رہیں جس سے مسافروں کو شدید دقتوں کا سامنا کرنا پڑا۔ ریلوے انتظامیہ کی جانب سے ڈبے کو دوبارہ پٹری پر لاکر سی ایس ایم ٹی پہنچا یا گیا اور  پٹری کی ضروری جانچ کرنے کے بعد دوپہر ۳؍ بجکر ۶؍ منٹ پر ٹرین خدمات دوبارہ شروع کی گئیں۔
 ہاربر لائن ٹھپ پڑنے سے مین لائن سے سفر کرنے والے گوونڈی  کےایک مسافر نے بتایا کہ’’ ہم لوگوں کو گوونڈی سے کرلا آنے میں تقریبا ً پون گھنٹہ لگ گیا۔ ٹرین ہی نہیں آرہی تھی اور جو چل رہی تھی انتہائی سست رفتار سے چل رہی تھی۔ لہٰذا ہم  نے کرلا سے مین لائن سے ممبئی سی ایس ایم ٹی تک سفر کیا۔‘‘ اسی طرح سی ایس ایم ٹی سے باندرہ کی جانب سفر کرنے والے مسافرو ںکو بھی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا۔

یہ بھی پڑھئے: ’’جے ڈی ایس سے اتحاد سے قبل امیت شاہ کو پرجول کے ویڈیو کے بارے میں علم تھا‘‘

اس سلسلے میں سینٹرل ریلوے کے چیف پی آر اوسواپنیل نیلا  سے رابطہ  قائم کرنے پر انہوں نے نمائندۂ انقلاب کو بتایاکہ ’’ پنویل سے ممبئی سی ایس ایم ٹی آنے والی لوکل ٹرین کا دوسراڈبہ پلیٹ فارم نمبر ۲؍ سے تقریباً  ۵۰؍ میٹر کی دوری پر پٹری سے اتر گیا تھا۔ اس وقت ٹرین محض ۱۵؍ کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی تھی اس لئے اس حادثہ میں کسی مسافر کو کوئی نقصان نہیں پہنچا   البتہ ہاربر لائن کی آمد ورفت بند ہو گئی تھی کیونکہ کوئی ٹرین آہی نہیں پارہی تھی تو واپس کیسے جاتی۔‘‘ مزید استفسار کرنے پر افسر نے بتایاکہ اس حادثہ کے بعد ہار بر لائن کی ۵۰؍ لوکل ٹرین خدمات  منسوخ کی گئیں جبکہ ۲۶؍ لوکل ٹرینوں کو سی ایس ایم ٹی کے بجائے وڈالا ریلوے اسٹیشن تک ہی چلایا گیا۔ دوپہر ۲؍  بجکر ۱۵؍ منٹ پر ڈبے کو پٹری پر لایا گیا تھا اور پٹری کی ضروری جانچ کرنے کے بعد دوپہر ۳؍ بجکر ۶؍ منٹ پر ہاربار لائن کی خدمات بحال کر دی گئیں۔
 چیف پی آر او نے بتایاکہ ’’ ڈبہ پٹری سے کیسے اترا اس کی جانچ کی جا رہی ہے اور ۲؍ تا ۳؍ دنوں میں اس کی رپورٹ آجائے گی اور اسی کے مطابق آئندہ اس طرح کا حادثہ نہ ہو اس تعلق سے احتیاط برتی جائے گی۔‘‘
 چیف پی آر او سواپنیل  نے مزید بتایاکہ’’ڈبہ پٹری سے اترنے کےحادثہ کے بعد سے جب تک ہار بر لائن پر وڈالا اور سی ایس ایم ٹی کے درمیان لوکل خدمات بند تھیں اس دوران ہاربر لائن کے مسافروں کو اسی پاس اور ٹکٹ پر مین لائن سے سفر کرنے کی اجازت دی گئی تھی اور کئی مسافرو ں نے اس سے استفادہ بھی کیا۔ ریلوے انتظامیہ کی جانب سے اناؤنسمنٹ کے ذریعے مسافرو ںکو اس تعلق سے مطلع کیا جارہا تھا۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK