• Sun, 18 October, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ممبرا کلوا کے ووٹروں کے نام حذف کرنے کی سازش کا دعویٰ

Updated: October 18, 2026, 1:08 PM IST | Iqbal Ansari | Mumbra

رکن اسمبلی جتیندر اوہاڑ نے پریس کانفرنس میں انکشاف کیاکہ ناگپور کے پتہ سے ممبرا کے ووٹروں کے نام حذف کرنے کی ٹائپ شدہ درخواستیں بھیجی گئیں !

MLA Jitendra Awhad addressing a press conference; other leaders can also be seen alongside him. Photo: INN
رکن اسمبلی جتیندر اوہاڑ پریس کانفرنس سے خطاب کرتےہوئے، ان کےساتھ دیگر لیڈر بھی نظر آرہےہیں۔ تصویر: آئی این این

این سی پی ( شرد) کے سینئر لیڈر اور ممبرا کلوا حلقہ کے رکن اسمبلی جتیندر اوہاڑ نے سنیچر کو تھانے میں پریس کانفرنس میں انکشاف کیا ہےکہ ایس آئی آر کے سروے کے دوران ممبرا اور کلوا کے غریب اور مخصوص طبقے سے تعلق رکھنے والے کم از کم ۲۸۰؍ ووٹروں کے نام ووٹر لسٹ سےحذف کرنے کی سازش رچی گئی ہے۔ جن ووٹروں کا نام حذف کرنا ہے انہوں نے یہ فارم پُر نہیں کیا ہے بلکہ فارم منظم طریقے سے پرنٹ ہوکر دیئے گئے ہیں اور درخواست دینے کا پتہ ناگپور کا ہنومان نگر بتایاگیا ہے۔ جتیندر اوہاڑ نے ایسی حرکت کرنے والوں کے خلاف چیف الیکٹورل آفیسر اور پولیس میں شکایت کرنے کا اعلان کیاہے۔ 
گنیش واڑی (تھانے) میں این سی پی کے دفتر میں منعقدہ اس پریس کانفرنس میں جتیندر اوہاڑ کے ہمراہ این سی پی ( شرد) کے تھانے کے صدر منوج پردھان، ممبرا کلوا اسمبلی حلقہ کے صدر شمیم خان، کارپوریٹر یاسین قریشی اور چند وہ ووٹر شریک ہوئے جن کا نام ووٹر لسٹ سے حذف کرنے کی درخواست کی گئی تھی جبکہ یہ درخواست انہوں نے نہیں کی ہے۔ 
پریس کانفرنس کے دوران رکن اسمبلی جتیندر اوہاڑ نے ایک فارم دکھاتے ہوئے بتایا کہ ممتازمحمد (جو پریس کانفرنس میں موجود تھی) گزشتہ ۳۵؍ سال سے ایک ہی پتہ پر رہ رہی ہے اس کے باوجود اس کا نام ووٹر لسٹ سے حذف کرنے کی ٹائپ شدہ درخواست ( فارم نمبر ۷)کی گئی ہے۔ اسے نہیں معلوم کہ کس نے یہ درخواست کی ہے۔ ان غریب ووٹرجنہوں نے اپنا ایس آئی آر کا پُر کیا گیا فارم بھی پلاسٹک کی تھیلی میں محفوظ رکھا ہے، ان کے نام ووٹر لسٹ سے نکالنے کی سازش کی جارہی ہے۔ اس طرح ممبرا میں ۲۸۰؍ ووٹروں کے نام ووٹر لسٹ سے حذف کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔ یہ اطلاع ہمیں آر ٹی آئی کے تحت ملی ہے۔ ان میں سے ۲۷۰؍  ووٹروں سے ہم نے رابطہ قائم کیا۔ ان سبھی ووٹروں نے اس کی تصدیق کی ہے کہ انہوں نے ووٹر لسٹ سے نام نکالنے کی درخواست داخل کی ہی نہیں ہے۔

یہ بھی پڑھئے: بھیونڈی کے۹۷؍ میونسپل اسکولوں کی حالت بہتر بنانے کیلئے ریاستی حکومت فنڈ دے گی

ان کےمطابق اسی طرح کلوا میں بھی این سی پی ( شرد) کی رضاکار نارویکر کے گھر کے ۵؍ ووٹر میں سے ۲؍ ووٹروں کے نام حذف کرنے کی درخواست بی ایل اے کو دی گئی ہے۔ 
ووٹروں کے نام حذف کرنے والے ٹائپ کردہ فارموں پر ہنومان نگر ناگپور کا پن کوڈ!
جتیند راوہاڑ نے کہا کہ ’’ ایس آئی آر ایک بہت بڑا گھوٹالا اور مخصوص طبقوں کے ووٹروں کے نام ووٹر لسٹ سے نکالنے کی سازش ہے۔ ووٹر لسٹ سے نام نکالنے کے جتنے بھی فارم ہمیں موصول ہوئے ہیں وہ سبھی ایک ہی ٹائپ رائٹر سے ٹائپ کردہ ہیں اور ان پر درخواست گزار کے پتہ پر ہنومان نگر، ناگپور کا پن کوڈ لکھا ہوا ہے۔ اس سے صاف ثابت ہوتا ہے کہ یہ ایک منظم طریقے سے مخصوص ووٹروں کے نام نکالنے کی سازش کے تحت کیا جارہا ہے۔ ‘‘
غلط فارم پُر کرنے والوں کے خلاف الیکشن کمیشن پولیس میں شکایت کرے
جتیندر اوہاڑ نے بتایاکہ فارم ۷؍پر واضح طور پر حلف نامہ تحریر ہے کہ فارم پُر کرنے والا جھوٹی اطلاع /دعویٰ پیش کرتا ہےتو کیا الیکشن کمیشن ان فارموں کو پُرکرنے والوں کے خلاف پولیس میں شکایت کرے گا؟ لہٰذا الیکشن کمیشن کو ان جھوٹے دعوے کرنے والوں کے خلاف پولیس میں شکایت درج کرنا چاہئے۔ ممبرا، کلوا اور تھانے میں بھی اسی طرح کے جھوٹے دعویٰ پیش کر کے غریب ووٹروں کے نام ووٹر لسٹ سے حذف کرنے کی سازش کی جارہی ہے۔ 
شکایت درج کی جائے گی
این سی پی ( شرد) کے تھانے کے صدر منوج پردھان نے اعلان کیا ہے کہ دسہرہ کا تہوار ختم ہوتے ہی جن ووٹر وں کے نام حذف کرنے کی درخواست کی گئی ہے ہم ان کے ساتھ ممبرا پولیس اسٹیشن جائیں گے اور شکایت درج کراکے اس سازش کو رچنے والوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کریں گے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK