Inquilab Logo

وزیر خوراک پر بدعنوانی کا الزام،کارروائی کا مطالبہ

Updated: April 21, 2023, 12:36 AM IST | yakut mahal

مہاراشٹراسٹیٹ کیمسٹ اینڈ ڈرگسٹ ایسوسی ایشن کا وزیراعلیٰ کے نام خط، کارروائی نہ ہونے پر ہڑتال کرنے کی دھمکی ، وزیر کی تردید

Sanjay Rathore`s department accused of harassing medical store owners (File)
سنجے راٹھور کے محکمے پر میڈیکل اسٹور والوں کو ستانے کا الزام ہے ( فائل )

 مہاراشٹر اسٹیٹ کیمسٹ اینڈ ڈرگسٹ ایسوسی ایشن نے چیف منسٹر ایکناتھ شندے کو خط لکھ کر فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن ڈپارٹمنٹ کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔  ایسوسی ایشن کا الزام ہے کہ اس محکمے  میں بدعنوانیاں شباب پر ہیں اور ہر کام کیلئے حکام کو پیسے دینے پڑتے  ہیں۔  حالانکہ وزیر برائے فوڈ اینڈ ڈرگس کے سنجے راٹھور نے ان الزامات کے بے بنیاد قرار دیا ہے۔ 
 اطلاع کے مطابق  مہاراشٹر اسٹیٹ کیمسٹ اینڈ ڈرگسٹ ایسوسی ایشن  نے یہ خط ۱۸؍ اپریل کو لکھا تھا ۔ اس میں براہ راست وزیراعلیٰ سے شکایت کی گئی ہے کہ وہ فوڈ اینڈ ڈرگ ڈپارٹمنٹ   کے خلاف کارروائی کریں کیونکہ اس محکمے میں بڑے پیمانے پر بدعنوانیاں ہیں۔ اطلاع کے مطابق اس میں سنجے راٹھور کی تحقیقات کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے اور جلد از جلد کوئی کارروائی نہ ہونے کی صورت میں تنظیم نے ہڑتال پر جانے کی بھی دھمکی دی ہے۔ 
 خط میں کہا گیا ہے کہ ایف ڈی اے کے اہلکار پوری ریاست میں کسی بھی میڈیکل اسٹور کا معائنہ کرنے آتے ہیں وہاں انجانے میں کی گئی ذرا سی غلطی پر ان  لائسنس  عارضی یا حتمی طور پر منسوخ کر دیتے ہیں۔ قانون کی رو سے کسی بھی ڈرگسٹ یا کیمسٹ کو کوئی نوٹس دیا جاتا ہے تو   اسے وزیر خوراک سے اس کی شکایت کرنے کا حق ہوتا ہے۔  وزارت کو اختیار ہے کہ وہ لائسنس بحال کرے یا پھر اس معاملے میں سماعت کرے ۔ لیکن خط میں لکھا ہے کہ اس تعلق سے وزیر خوراک سے کئی بار شکایت کی گئی لیکن اس کا کوئی جواب نہیں دیا گیا بلکہ ان کے پرسنل سیکریٹری نے خطیر رقم کا مطالبہ کیا۔ تنظیم کے سیکریٹری انل ناوندار نے کہا ہے کہ ہماری تنظیم کے ریاست بھر میں ایک لاکھ اراکین ہیں ان میں سے اکثر کو بلاوجہ نوٹس دیا گیا ہے۔ ہم نے حکومت سے شکایت کی ہے اگر جلد اس شکایت کو دور نہیں کیا گیا تو ہم بڑے پیمانے پر ہڑتال کریں گے۔ 
 سنجے راٹھور کی صفائی 
  بدھ کی شام وزیر خوراک  سنجے راٹھور نے ایوت محل میں ایک پریس کانفرنس منعقد کرکے ان الزامات کا جواب دینے کی کوشش کی۔ انہوں نے کہا کہ  اس تنظیم کے الزامات میں کوئی صداقت نہیں ہے۔ ہمارے محکمے نے مختلف شکایات کے حوالے سے ایسوسی ایشن میں بہت سے لوگوں کے خلاف کارروائی کی تھی۔ ایسوسی ایشن  اس کارروائی کو منسوخ کرنے کیلئے ہم پر دباؤ بنانے کی کوشش کر رہی ہے۔  سنجے راٹھور نے  کہا کہ ہم کسی کے دباؤ میں جھکنے والے نہیں ہیں اور جو نامناسب معاملات ہیں اُن پر کارروائی کی جائیگی۔  پیسوں کی مانگ کے الزام کو مسترد کرتے ہوئے   سنجے راٹھور نے ایسوسی ایشن کے عہدیداروں کو روبرو بات کرنے کا چیلنج دیا۔  انہوں نے کہا کہ کورانا کے دوران  فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن ڈپارٹمنٹ نے جعلی ادویات کی فروخت کے معاملے میں بہت سے لوگوں کے خلاف کارروائی کی تھی۔ بعض فوڈ اینڈ ڈرگ لائسنس ہولڈرس کے خلاف مختلف عدالتوں میں مقدمات بھی درج ہیں۔ اس کے علاوہ چند روز قبل ممبئی کے سیفی اسپتال میں وزارت کے ایک ڈپٹی سیکریٹری غلط انجکشن لگانے سے انتقال کر گئے تھے۔ افسر کی اہلیہ کی جانب سے محکمہ فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن میں شکایت درج کروانے کے بعد ایک انکوائری کمیٹی مقرر کی گئی تھی جس کی تفتیش میں پایا گیا کہ علاج کے دوران استعمال ہونے والے انجکشن جعلی تھے۔ اس معاملے میں مکمل تحقیقات اور تلاش کے  بعد ۴۰؍اداروں جیسے مینوفیکچرر، ڈسٹری بیوٹر، سیلر کے خلاف کارروائی کی گئی تھی۔  سنجے راٹھور نے الزام لگایا کہ ایسوسی ایشن دراصل اسی کارروائی کو منسوخ کروانے کی کوشش کر رہی ہے اور اس کیلئے وہ الزامات اور ہڑتال کی دھمکیوں کا سہارا لے  رہی ہے۔ یاد رہے کہ سنجے راٹھور پر اس سے قبل بھی بدعنوانی کے الزامات لگتے رہے ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK