Inquilab Logo

شاہ جی نگر میونسپل اردو اسکول کے طلبہ کیساتھ سوتیلے سلوک کا الزام

Updated: April 06, 2021, 2:51 PM IST | Kazim Shaikh | Trombay

چیتاکیمپ کے شاہ جی نگر میونسپل اسکولوں کے انگلش اور ہندی میڈیم کے طلبہ کو اپنے ہی اسکول میں بورڈ امتحان دینے کی اجازت لیکن اردو میڈیم کے طلبہ کو ۸؍ کلومیٹر دور چمبور میونسپل اسکول میں جاکر امتحان دینے کیلئے کہا گیا ہے جس کی وجہ سے طلبہ اور سرپرستوں میں شدید بے چینی اور ناراضگی پائی جارہی ہے

Picture.Picture:INN
علامتی تصویر۔تصویر :آئی این این

  امسال ریاستی حکومت کے سرکیولر کے مطابق ایس ایس سی کے تمام طلبہ کو ان کے ہی اسکولوں میں بورڈ امتحان دینے کی ہدایت دی گئی ہے۔ چیتا کیمپ کے شاہ جی نگر میونسپل  انگلش اور ہندی میڈیم اسکولوں  کےطلبہ اپنے ہی اسکول سے امتحان دیں گے جبکہ اردو میڈیم اسکول کے طلبہ کو بورڈ امتحان دینے کےلئے ۸؍ کلومیٹر دور چمبور ریلوے اسٹیشن بی ایم سی  اسکول میں جانا ہوگا ۔ اسکول انتظامیہ کے اس فیصلے کےخلاف طلبہ اور  سرپرستوں میں بے چینی اور ناراضگی پائی جارہی ہے ۔ چیتا کیمپ میں واقع شاہ جی نگر میونسپل اردو اسکول کے ساتھ سوتیلا سلوک کرنے کا الزام لگاتے ہوئے طلبہ اور ان کے سرپرستوں نے ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔  واضح رہے کہ چیتا کیمپ شاہ جی نگر میونسپل اسکول نمبر ایک میں انگلش ، ہندی اور اردو میڈیم کے سکنڈری اسکول کے طلبہ زیر تعلیم ہیں ۔ شاہ جی نگر  اردو میڈیم اسکول   میں ایس ایس سی  کے تقریباً ۱۰۰؍ طلبہ زیر تعلیم ہیںاور ہر سال کی طرح اس سال بھی اردو میڈیم کے طلبہ کو دوسرے اسکول میں ایس ایس سی کے امتحان دینے کیلئے جانا پڑرہا ہے  حالانکہ محکمہ تعلیم کی جانب سے جاری سرکیولر میں کہا گیا ہے کہ طلبہ جن اسکولوں میں زیر تعلیم ہیں انہیں اسی اسکول میں امتحان دینے کی اجازت دی گئی۔
 شاہ جی نگر میونسپل اردو اسکول کے ایک ٹیچر نے  نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر نمائندۂ انقلاب سے گفتگو کرتے ہوئےکہا کہ کورونا کی وجہ سےحالات کو دیکھتے ہوئے حکومت مہاراشٹر نے سرکیولر جاری کرتے ہوئے  محکمہ تعلیم سے کہا کہ اس سال تمام اسکولوں کے طلبہ کو ان کے ہی اسکولوں میں ایس ایس سی کے امتحان دلائے جائیں۔ اس سرکیولر کے مطابق شاہ جی نگر میونسپل اسکول نمبر  ایک کے انگریزی میڈیم ، ہندی میڈیم اور مراٹھی میڈیم کےطلبہ کو  شاہ جی میونسپل اسکو ل میں  دسویں کےامتحانات دینے کی پوری تیاری کی گئی ہے جبکہ  اردو میڈیم کے  ایس ایس سی کے طلبہ کو امتحان دینے کیلئے چیتا کیمپ سے ۸؍ کلومیٹر دور واقع چمبور ریلوے اسٹیشن اردو اسکول میں بھیجا جارہا ہے  جو کہ اصول وضوابط کی  خلاف ورزی   ہے  اور کورونا کی وباء کو دیکھتے ہوئے ان کےلئے خطرناک بھی ہے۔ 
 چیتاکیمپ میں مقیم رفیق شیخ (  سوشل ورکر) نے بتایا کہ شاہ جی نگر میونسپل اسکولوں کے    انڈیکس نمبر کیلئے برسوں سے کوشش کی جارہی ہے کیوں کہ ان اسکولوں کے تما م طلبہ کو ملنڈ ، وکھرولی اور چمبور کے بی ایم سی اسکولوں میں ایس ایس سی کا   امتحان دینے  جانا پڑتا ہے ۔ انتظامیہ کی جانب سے متعدد مرتبہ   انڈیکس نمبر دینے کی یقین دہانی کرائی گئی لیکن ابھی تک اس کا انتظام نہ ہونے سے طلبہ کو دوسرے اسکولوں سے  ایس ایس سی امتحان کا فارم بھرنا پڑتا ہے ۔ 
 رفیق شیخ نے الزام لگایا کہ اس سے پہلے بھی شاہ جی نگر میونسپل اردواسکول کےکمرے دوسرے میڈیم اسکول کو دینے کی بات کی گئی تھی ۔ اس کے بعد اُس وقت کے  مقامی کارپوریٹر اور علاقے کے کچھ افراد نے اس کے خلاف آواز اٹھائی تھی  ۔ اسی طرح اس سال بھی جب تمام اسکولوں کو ان کے ہی اسکولوں میں امتحان دینے کا سرکیولر جاری کردیا گیا ہے تو پھر اس کوروناکی  وباءکے دوران  اردو میڈیم کے طلبہ کو چمبور ریلوے اسٹیشن کے بی ایم سی اسکول میں کیوں بھیجا رہا ہے ۔ اس کی شکایت بھی ایجوکیشن افسران سے کی جارہی ہے جبکہ اس  کے دوسرے میڈیم کے طلبہ کو شاہ جی نگر میونسپل اسکول میں ہی امتحان  دینے کی اجازت دی گئی ہے ۔ اس کے علاوہ ایسا بھی معلوم ہوا ہے کہ شاہ جی نگر میونسپل اسکول میں دوسرے اسکول کے طلبہ کو بھی امتحان دینے کی اجازت دی گئی ہے ۔ 
  چیتا  کیمپ میں مقیم عبدالحمید شولاپوری کا کہنا ہےکہ جب حکومت کا سرکیولر میں تمام اسکولوں میں طلبہ کو ۱۰؍ویںکا امتحان دینے کیلئے کہا گیا ہے تو بی ایم سی ایجوکیشن کے افسران کی یہ کھلی زیادتی اور اردو طلبہ کے ساتھ سوتیلا سلوک ہے ۔ انھوں نے مزید کہا کہ جب تمام میڈیم کو شاہ جی نگراسکول میں امتحان دینے کی اجازت ہے تو اردو کے طلبہ کیساتھ ناانصافی  کیوں کی جا رہی ہے۔ 
مسئلہ حل کرنے کی کوشش 
 اس ضمن میں  نمائندہ انقلاب نے ڈپٹی ایجوکیشن افسر ممتا راؤ سے بات چیت کی تو انھوں نے پہلے کہا کہ اسکول میں کووڈ سینٹر لگایا گیا ہے لیکن جب بتایا گیا کہ اس میں کووڈ سینٹر نہیں ہے اور آپ کی جانب سے کوووڈ سینٹر ہٹانے کا بھی لیٹر دیا گیا ہے تو انھوں نے مزید کہا کہ ہم کوشش کررہے ہیں کہ اردو میڈیم کے طلبہ کو بھی شاہ جی نگر میونسپل اسکول میں ہی امتحان دلایا جائے ۔ اس کے لئے متعلقہ افسران سے بات چیت کی جارہی ہے ۔ بقول ممتا راؤ کورونا کی وبا ءسے اس طرح کے حالات پیدا ہوئے ہیں ۔ ہم پوری کوشش کررہے ہیں کہ سرکیولر کے مطابق تمام اسکولوں میں ہی ایس ایس سی کے  طلبہ امتحان دے سکیں ۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK