Inquilab Logo

بی جے پی کے اتحادی شندے گروپ کے ساتھ گٹھ بندھن ممکن نہیں،ادھو کے ساتھ ہی رہیںگے : پرکاش امبیڈکر

Updated: January 13, 2023, 7:23 AM IST | Mumbai

وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کے ساتھ بدھ کی رات ہوئی میٹنگ کے تعلق سے ونچیت بہوجن اگھاڑی کے سربراہ پرکاش امبیڈکر نے واضح کیا کہ یہ میٹنگ گٹھ بندھن کے تعلق سے نہیںتھی ۔ا

Vinchit Bahujan Aghadi Chief Prakash Ambedkar
ونچیت بہوجن اگھاڑی کے سربراہ پرکاش امبیڈکر

وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کے ساتھ  بدھ کی رات ہوئی میٹنگ کے تعلق سے ونچیت بہوجن اگھاڑی کے سربراہ پرکاش امبیڈکر نے واضح کیا کہ یہ میٹنگ گٹھ بندھن کے تعلق سے نہیںتھی ۔انہوں نے جمعرات کو  ایک پریس کانفرنس میں کہا ’’ جب تک وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے بی جے پی کے ساتھ ہیں، ان کے ساتھ اتحاد نہیں ہو سکتا۔  وزیر اعلیٰ شندے کے ساتھ رات کو ہوئی میٹنگ اتحاد کے تناظر میں نہیں تھی۔ میرا ادھو ٹھاکرے کے ساتھ اتحاد ہے اور رہے گا۔ میں نے ادھو سے بھی کہا ہے کہ وہ مہاوکاس اگھاڑی سے باہر آجائیں۔شرد پوار انہیں پھنسادیں گے۔ کل کانگریس کے ریاستی صدر نانا پٹولے نے ایک بار پھر’ `ایکلا چلو رے‘ کا نعرہ دیا ہے۔ ‘‘
 پرکاش امبیڈکر بابا صاحب بھیم راؤ امبیڈکر کے پوتے اور ونچیت بہوجن اگھاڑی کے سربراہ ہیں۔ انہوں نے دیر رات تک سی ایم ایکناتھ شندے کے ساتھ ان کی سرکاری رہائش گاہ ورشا بنگلہ پر ملاقات کی تھی۔  اطلاع تھی کہ یہ میٹنگ اس لیے منعقد کی گئی تھی کہ وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے پرکاش امبیڈکر کو اپنے گروپ میں شامل ہونے پر راضی کریں گے۔ ان  باتوں کے تعلق سے کوئی کنفیوژن نہ رہے، اس لیے پرکاش امبیڈکر نے جمعرات کو ایک پریس کانفرنس کا اہتمام کیا ۔
 پرکاش امبیڈکر نے اپنی پریس کانفرنس میں واضح طور پر کہا کہ کانگریس اور این سی پی نے مل کر ان (ادھو ٹھاکرے) کا قیمہ بنادیا۔ انہوں نے کہا ’’مجھے سمجھ میں نہیں آرہا ہے کہ  ادھو ٹھاکرے کے ساتھ  سیٹوں کی تقسیم پر ہماری جو مفاہمت ہوئی  ہے ، اس کا عوام کے سامنے اعلان کرنے میں انہیں کیا دقت ہے؟ ‘‘
 جب صحافیوں نے پرکاش امبیڈکر سے پوچھا کہ رات گئے ڈھائی گھنٹے تک شندے کے ساتھ گفتگو ہوئی اور کوئی سیاسی بحث نہیں ہوئی، یہ کیسے ممکن ہے؟ اس پر پرکاش امبیڈکر نے کہا’’ `کیا یہ ضروری ہے کہ ہر میٹنگ پر سیاسی بحث ہو؟ یہ واضح ہے کہ ہم بنیادی طور پر بی جے پی کے مخالف ہیں۔ جس نظام کے خلاف ہم لڑے ہیں، بی جے پی اس نظام کی پرورش کرنے والی ہے۔ ایسے میں جب تک  وزیر  اعلیٰ شندے بی جے پی کے ساتھ رہیں گے، سیاسی بحث کا کوئی فائدہ نہیں ہے۔ ہاں اگر وہ بی جے پی چھوڑ دیتے ہیں تو اس پر ضرور غور کیا جا سکتا ہے۔‘‘اتحاد کے تعلق سے پرکاش امبیڈکر کے اس موقف کے بارے میں شندے گروپ کے ایم ایل اے سنجے شرساٹ نے کہا ہےکہ `’’انہیں  ادھو ٹھاکرے کے ساتھ اتحاد کیلئے این سی پی نہیں چاہئے  اور شندے گروپ کے ساتھ اتحاد کیلئے  بی جےپی نہیں چاہئے۔ یہ ممکن نہیں ہے۔ پرکاش امبیڈکر کو اتحاد کے حوالے سے ٹھوس فیصلہ کرنا چاہئے ۔
 وزیر اعلیٰ شندے اور پرکاش امبیڈکر سے ملاقات کے بارے میں سنجے راؤت نے کہا’’ ` خفیہ ملاقات کا کیا مطلب ہے؟ آپ جانتے ہیں، ہم جانتے ہیں۔ کیا یہ کوئی ڈھکی چھپی بات ہے؟ امبیڈکر بھی مجھ سے دہلی میں ملے، کیا چھپا ہے؟ سیاست میں کوئی کسی سے بھی مل سکتا ہے۔‘‘ادھر بی جے پی کے ریاستی صدر چندر شیکھر باونکولے نے کہا’’ `ٹھاکرے اپنے ایم ایل اے کو نہیں سنبھال سکے، وہ امبیڈکر کو کیسے سنبھالیں گے۔  ریپبلکن پارٹی آف انڈیا کے سربراہ رام داس اٹھاؤلے اپنی اتحادی بی جے پی سے ناراض بتائے جاتے ہیں اور کہا کہ وہ بی جے پی کی اعلیٰ قیادت سے ملاقات کرنے جارہے ہیں۔ ناراضگی کا سبب یہ ہے کہ شندے گروپ نےجوگیندر کواڑے  سے اتحاد کرنے پر انہیں اعتماد میں نہیں لیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK