گزشتہ کئی دنوں سے احتجاج کرنےرہے قبائلی طلبہ نے جمعہ کو ایوت محل میں واقع وزیر برائےقبائلی ترقی اشوک اوئیکے کی رہائش گاہ کا رخ کیا۔
کئی لیڈران اور عہدیداران طلبہ کو منانے پہنچے۔ تصویر: آئی این این
گزشتہ کئی دنوں سے احتجاج کرنےرہے قبائلی طلبہ نے جمعہ کو ایوت محل میں واقع وزیر برائےقبائلی ترقی اشوک اوئیکے کی رہائش گاہ کا رخ کیا۔ وہ وزیر کی رہائش گاہ باہر دھرنا دینا چاہتے ہیں۔ سیکڑوں طلبہ پیدل ایوت محل کی طرف روانہ ہوئے ۔ انہیں راضی کرنے کیلئے رکن پارلیمان بلونت وانکھیڈے، سابق رکن اسمبلی ویریندر جگتاپ، ضلع کلکٹر آشیش یریکر اور دیہی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس نکیتن کدم دیوگاؤں مارگ پہنچے۔
معلوم ہو کہ قبائلی طلبہ کئی دنوں سے محکمہ قبائلی ترقی ایڈیشنل کمشنریٹ کے سامنے غیر معینہ مدت دھرنا کررہے ہیں۔ پروجیکٹ آفیسر، ایڈیشنل کمشنر، ڈپٹی کمشنر اور اسسٹنٹ کمشنر سطح کے عہدیداروں نے طلبہ کے مطالبات پر ان سے بات چیت کی۔ تاہم کوئی حل نہیں نکل سکا۔ قبائلی طلبہ کا مطالبہ ہے کہ حکومت ہوسٹل سے متعلق نئے قواعد کو منسوخ کرے۔ کانگریس رکن اسمبلی بلونت وانکھیڈے اور سابق رکن اسمبلی ویریندر جگتاپ احتجاج میں شریک طلبہ کو سمجھانے کیلئے دیوگاؤں تک پہنچے۔ ان لوگوں نے طلبہ کو سمجھایا کہ وہ پیدل چلنے کے بجائے پرائیویٹ گاڑیوں سے بھی ایوت محل پہنچ سکتے ہیں، اور وہ اس کیلئے انتظامات کریں گے، لیکن قبائلی طلبہ پیدل چلنا چاہتے تھے۔خبر لکھے جانے تک ان کا یہ قافلہ ایوت محل کی طرف رواں دواں تھا۔