Inquilab Logo

امبرناتھ: خالی لوکل ٹرین کاڈبہ پٹری سے اترگیا،سروس متاثر

Updated: June 19, 2023, 12:15 PM IST | Ejaz Abdul Ghani | Ambernath

ٹرین پلیٹ فارم پر جارہی تھی کہ آخری ڈبہ پٹری سے اتر گیا،۳؍گھنٹوں کی مشقت کے بعد ٹرین خدمات بحال ہوئیں

Railway employees trying to bring the coach of local train on track.
ریلوے ملازمین لوکل ٹرین کے ڈبے کو پٹری پر لانے کی کوشش کرتے ہوئے۔

سینٹرل ریلوے کے امبرناتھ ریلوے اسٹیشن پر سائڈنگ سے پلیٹ فارم پر جانے والی خالی لوکل ٹرین کا آخری ڈبہ پٹری سے اتر گیا۔جس کے نتیجہ میں تعطل کا شکار ٹرین خدمات کو تقریباً۳؍گھنٹے بعد بحال کیا گیا۔دوسری جانب کلیان اور کرجت کے درمیان اپ اور ڈاؤن دونوں لائنوں کی ٹرینوں کو مختلف ریلوے اسٹیشنوں  پر روک دیا گیا تھا۔
 اتوار کی صبح تقریباً۸؍بجکر ۲۰؍منٹ پر امبرناتھ ریلوے اسٹیشن سے متصل سائڈنگ  سے لوکل ٹرین کو پلیٹ فارم نمبر؍پر لایا جارہا تھاکہ اس کا آخری ڈبہ پٹری سے نیچے اتر گیا۔یہ لوکل ۸؍بجکر ۲۷؍منٹ پر سی ایس ایم ٹی کیلئے روانہ ہونے والی تھی۔ کراسنگ کے دوران لوکل ٹرین کا کچھ حصہ ٹریک سے باہر  آنے سے ڈاؤن ٹریک کی سروس کو بھی بند کرنا پڑا۔اس دوران ممبئی سے پونے جانے والی سبھی ٹرینوں کو روک دیا گیا۔ بدلاپور  آنے والی لوکل ٹرین کو الہاس نگر اسٹیشن پر روک کر اسے دوبارہ  ممبئی کے کیلئے روانہ کیا گیا نیز لوک مانیہ تلک ۔وشاکھا پٹنم ایکسپریس کو امبرناتھ اسٹیشن پر روک دیا گیا۔
 اس حادثہ کی اطلاع ملتے ہی ریلوے ملازمین جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور ہائیڈرولک جیک کی مدد سے نیچے اترے ہوئے ڈبے کو دوبارہ پٹری پر رکھا۔سب سے پہلے کرجت روٹ کی رکاوٹوں کو دور کرکے ڈاؤن لائن کو بحال کیا گیا پھر  ۳؍گھنٹے کی مشقت کے بعد اپ لائن کو بھی شروع کیا گیا۔
  لوکل ٹرین پٹری سے اتر جانے کی وجہ سے ممبئی سے کرجت کے درمیان لوکل ٹرین خدمات بند ہوگئی تھیں جس کی وجہ سے مسافروں کو زبردست پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔حالانکہ کلیان سے چند اسپیشل بسوں کو امبرناتھ اور بدلاپور کے درمیان چلایا گیا لیکن اس  سے بھیڑ پر کوئی خاص اثر نہیں پڑا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK