Inquilab Logo

امبیت کا نو تعمیر شدہ سرکاری اسپتال اب تک افتتاح کا منتظر

Updated: January 10, 2023, 11:06 AM IST | murud

سابق وزیر اعلی بیرسٹر عبد الرحمٰن انتولے کے زمانے میں اس اسپتال کی بنیاد رکھی گئی تھی،مرکزی حکومت کی اسکیم کے تحت ۵؍ کروڑ روپے خرچ کرکے اسے نئے سرےسے تعمیر کیا گیا، اسپتال کا تعمیراتی کام اپریل میں مکمل ہوچکا ہے لیکن ڈاکٹروں اور دیگر عملوں میں اسامیاں خالی ہونے سے ا ب تک عوام کیلئے کھل نہیںسکا

Ambit is ready to be a government hospital but at present it is of no use to the public. (Photo courtesy of Nazi Tool, Goregaon)
امبیت کا سرکاری اسپتال بن کر تیار ہےلیکن فی الحال عوام کو اس سے کوئی فائدہ نہیں۔(تصویر، بشکریہ نازی ٹول ، گوریگاؤں)

ریاست کے سابق وزیر اعلیٰ عبدالرحمٰن ( اے آر) انتولے کے آبائی گاؤں امبیت میں رائے گڑھ ضلع پریشد کے ذریعہ ایک بنیادی صحت مرکز قائم کیا گیا ہے۔ اسپتال کا کام ۲۲؍اپریل کو مکمل ہو چکا ہے لیکن ابھی تک اس کا افتتاح نہ ہونے کی وجہ سے عام لوگوں کو یہاں طبی سہولتیں میسر نہیں ہیں۔سابق وزیر اعلیٰ بیرسٹر عبد الرحمٰن انتولے کے زمانے میں مہسلہ تعلقہ کے امبیت میں سرکاری اسپتال کی بنیاد  ۱۹۷۲ء میں رکھی گئی تھی ۔ قومی صحت مشن کے تحت یہ صحت مرکز قائم کیا گیا ہے۔ ڈھائی ایکڑ اراضی پر ایک کشادہ اسپتال اور میڈیکل افسران اور عملے و اسٹاف کیلئے الگ رہائش کا انتظام کیا گیا ہے۔ دھن اسمرتی کنسٹرکشن کے ذریعے اس ہیلتھ سینٹر کی نئی عمارت پر تقریباً ۵؍کروڑ روپے خرچ ہوئے ہیں۔ 
 حکومت کی طرف سے  بیرسٹر انتولے کے دور میں ۱۹۷۹ء میں فیملی ویلفیئر سینٹر کی عمارت تعمیر کی گئی تھی اور اس جگہ پر مریضوں کی خدمات کا آغاز کیا گیا تھا۔ اس وقت اسپتال میں چار افسران اور دیگر  اسٹاف تھا  ۔ تما م عہدوں پر مرکزی حکومت کی ایک خصوصی اسکیم کے ذریعے  ڈاکٹر اور دیگر اسٹاف تعینات کئے گئے تھے ۔ تاہم اس خصوصی اسکیم کو ختم کردیا گیا۔ ۲۰۰۹ء میں ذیلی صحت مرکز کی عمارت سنیل تٹکرے کے ذریعے تعمیر کی گئی تھی  لیکن امبیت  اور اطراف   کے علاقوں میںبڑھتی ہوئی آبادی کو دیکھتے ہوئے بڑے اسپتال کا مطالبہ ہونے لگا۔ اس کے بعد حکومت کی طرف سے پرائمری ہیلتھ سینٹر قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا جس کی تعمیر۲۰۱۹ء میں شروع ہوئی۔اگر امبیت پرائمری ہیلتھ سینٹر شروع ہوجاتا  ہےتو امبیت سمیت  ارد گرد کے تقریباً ۴۰؍ گائوں کے لوگوں کو طبی خدمات حاصل ہوگی ۔ پرائمری ہیلتھ سینٹر سے ملٹی ہیلتھ سروسیز جیسے زچہ اور بچہ کی دیکھ بھال اور ڈیلیوری اور فیملی ویلفیئر سرجری کے لیے فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے۔
 اسپتال جلد شروع کیاجائے:مشتاق انتولے
 کانگریس لیڈر اور مہاراشٹر پولوشن کنٹرول بورڈ کے سابق چیئرمین مشتاق انتولے نے بتایا کہ امبیت میں بیرسٹر انتولے کے دور میں۱۹۷۹ءمیں فیملی ویلفیئر سینٹر کی عمارت تعمیر کی گئی تھی اور اس جگہ پر مریضوں کی خدمات کا آغاز کیا گیا تھا ۔اس اسپتال کی بنیاد ۱۹۷۲ء میں رکھی گئی تھی ۔اسپتال میں ڈاکٹروں اور دیگر عملے کے لئے رہائشی کوارٹر بھی تعمیر کئے گئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اس اسپتال کے لئے بیرسٹر انتولے کے کہنے پر امبیت گائوں کے سرپنچ مرحوم حسن میاں ابارے نے  ۷؍سے ۸ ؍ہیکٹر قطعہ اراضی عطیہ میں دی تھی۔انہوں نے کہا کہ اس اسپتال کے خستہ ہوجانے سے اسے مرکز کی ایک اسکیم کے تحت نئے سرے سے تعمیر کیا گیا۔ تعمیراتی کام مکمل ہوچکا ہے ۔ اب اس اسپتال کو جلد از جلد شروع کیا جانا چاہئے۔ اسپتال میں ڈاکٹروں اور دیگر عملے کی تقرری بھی  فوری طور پر کی جائے ۔
پانی کی کوئی سہولت نہیں 
  فی الحال امبیت میں روزانہ صرف ایک گھنٹہ پانی فراہم کیا جاتا ہے۔ اسپتال میں ایک لاکھ لیٹر پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش والا زیر زمین ٹینک بنایا گیا ہے۔ تاہم گاؤں میں وافر پانی نہ ہونے کی وجہ سے شہری حیران ہیں کہ اسپتال میں پانی کا انتظام کیسے ہوگا۔ پوسٹ مارٹم روم کی طرف جانے والی سڑک کا  کام بھی ابھی تک مکمل نہیں ہوا۔یہاں کے سماجی خادم  نوید انتولے نے کہا کہ فی الحال امبیت علاقے کے مریضوں کو علاج کیلئے گوریگاؤں اور مانگاؤں جانا پڑتا ہے۔اس لئے اس مرکزصحت  میں جلد از جلد مریضوں کا علاج شروع کیا جائے اور اسپتال کیلئے علیحدہ پانی کی اسکیم نافذ کی جائے۔ 
ایم ایل اے ادیتی تٹکرے کاکیاکہنا ہے؟
 این سی پی کی رکن اسمبلی ا دیتی تٹکرےنے  اس تعلق سے کہا کہ امبیت میں پرائمری ہیلتھ سینٹر کے افتتاح کیلئے فالو اَپ جاری ہے۔اس مقام پر اضافی فنڈنگ کی ضرورت ہے۔جسے ضلعی منصوبہ بندی سے حاصل کیا جائے گا۔ امبیت کے لیے جل جیون مشن کے تحت پانی کی نئی اسکیم کی تجویز ہے۔ اسپتالوں میں عارضی اسامیوں کیلئے مقامی افراد کوروزگار کے مواقع میسر ہوں گے۔دوسری تقرریاں بھی ہوں گی۔اس حوالے سے حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے۔ جنوری کے آخر تک عمارت کی برقی کاری کا کام مکمل ہونے کا  امکان ہے۔ انتخابی ضابطہ اخلاق ختم ہونے کے بعد افتتاح کیا جائے گا۔

murud Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK