Inquilab Logo

مروڈ جنجیرہ میں مکتی سنگرام دن جوش و خروش سے منایا گیا،چیف افسر پنکج بھوسے نے ترنگا لہرایا

Updated: February 01, 2023, 11:59 AM IST | siraj shaikh | Murud Janjira

مقرین نے سدھی نوابوں کی تاریخ بتائی،سرکاری سطح پر مکتی دن منانے کیلئے وزیر اعلیٰ سے ملاقات کی جائے گی:منوج کھامبے

Chief Officer Pankaj Bhose unfurling the flag on the occasion of Janjira Mukti Sangram Day;(Photo: inquilab)
جنجیرہ مکتی سنگرام دن کے موقع پر چیف افسر پنکج بھوسے پرچم کشائی کرتے ہوئے۔(تصویر،انقلاب)

اکتیس جنوری ۱۹۴۸ءکو جنجیرہ کے نواب نے ہندوستان کے الحاق نامہ پر دستخط کئے تھے اورجنجیرہ  ریاست کو ہندوستان  میںضم کردیا گیا۔تب سے مذکورہ دن کو ’جنجیرہ مکتی سنگرام دن‘ کے طور پر منایا جاتا ہے۔ہر سال رائے گڑھ پریس کلب اور مروڈ تعلقہ پترکار سنگھ کی جانب سے  یہ دن  منایا جاتا ہے۔اس تقریب میں شہر کی سیاسی سماجی، تعلیمی شخصیات کے علاوہ سرکاری افسران بھی بڑی تعداد میں شرکت کرتے ہیں۔ منگل کو مروڈ شہر کے آزاد چوک میں مروڈ نگر پریشد کے چیف افسر پنکج بھوسے کے  ہاتھوں پرچم کشائی کی گئی۔ جنجیرہ کے نوابوں نے مروڈ، شری وردھن اور مہسلہ ان تینوں تعلقوں پر حکومت کی۔تینوں تعلقوں کا انتظام نواب حکومت، مروڈکے محل سے چلاتی تھی۔ہندوستان کو آزادی ملنے کے بعدجنجیرہ  سنستھان کو ہندوستان میں ضم کرنے کی تحریک چلی، جس کے نتیجے میں اس وقت کے سدھی نواب کو ان تینوں تعلقوں کا ہندوستان میں انضمام کرنا پڑا ۔ نوابوں کو ہندوستان کے ساتھ الحاق کرنا پڑا۔اس موقع پررائے گڑھ پریس کلب کے ضلع صدر منوج کھامبے نےکہا کہ جنجیرہ مکتی سنگرام دن ہر سال مروڈمیں منایا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ جس طرح مراٹھواڑہ مکتی دن سرکاری سطح پر منایا جاتا ہے اس طرز پر مروڈ جنجیرہ مکتی سنگرام دن بھی منانے کے لئے وہ ریاست کے وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے سے ملاقات کریں گے اور حکومتی سرپرستی میں اس مخصوص دن  کے  اہتمام کی کوشش کی جائے گی۔اس کیلئے وہ سینئرصحافی ایس ایم دیشمکھ کی رہنمائی حاصل کریں گے ۔
 چیف افسر پنکج بھوسے نے  اس موقع پر کہا کہ ہمیں  فخر ہے کہ مروڈ تعلقہ پترکار سنگھ، میونسپل کونسل کے ساتھ مل کر ایک تاریخی تقریب منا رہاہے۔مذکورہ پروگرام سرکاری طریقے سے منانے کیلئے یہاں کے صحافی کوششیں کر رہے ہیں۔مروڈ جرنلسٹ اسوسی ایشن کے سابق صدر میگھ راج جادھو نے کہا کہ رائے گڑھ پریس کلب اور مروڑ تعلقہ جرنلسٹ اسوسی ایشن دونوں مراٹھواڑہ لبریشن ڈے کی طرح جنجیرہ لبریشن ڈے منانے کی کوششیں کر رہے ہیں۔انہوں نے اس موقع پر اپنے عزم کا اظہار کیا اور کہا کہ جلد ہی ہمیں اس میں کامیابی ملے گی۔انہوں نے  اس موقع پر سدھی نوابوں کی تاریخ سے حاضرین کو روشناس کرایا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK