Inquilab Logo

مروڈ جنجیرہ:مروڈ کھورا بندر پارکنگ ٹینڈر کےعمل میں پھنس گئی،میری ٹائم بورڈ کو ۳۵؍ لاکھ کا نقصان

Updated: January 23, 2023, 1:14 PM IST | siraj shaikh | Murud Janjira

کام کو فوری طورپر مکمل کرنے کا مطالبہ، بورڈ کے افسران کی لاپروائی مالی نقصان اور پریشانی کا باعث، دوسری جانب کھورا بندر روڈ کی سیمنٹ کنکریٹنگ کا کام شروع ہونے سےمقامی افراداور سیاحوں میں خوشی

The parking yard of Khora Bandar which has been closed for the last 3 years; (Photo, Inquilab)
کھورا بندر کاپارکنگ یارڈ جو گزشتہ ۳؍ سال سے بند ہے;(تصویر،انقلاب)

:مروڈ کھورابندر پارکنگ یارڈ گزشتہ ۳ ؍سال سے بند ہونے سے میری ٹائم بورڈ کو تقریباً۳۵؍لاکھ روپے کا نقصان ہوا ہے۔اس کا ذمہ دار کون ہے؟ اس بارے میں جب  ایم ایم بی کے مقامی حکام سے پوچھا گیا تو انہوں نے بتایا کہ اس ضمن میں ۳؍سال میں ۱۵؍ خطوط اعلیٰ حکام کو بھیجے گئے لیکن کوئی کارروائی نہیں ہوئی۔ اس کا مطلب ہے کہ ٹینڈر کے عمل میں سینئر افسران کی سستی اس کی وجہ معلوم ہوتی ہے۔ کھورا بندر پارکنگ یارڈ کے معاملے میںایم ایم بی کی لاپروائی کے سبب حکومت کا مالی نقصان ہو رہا ہے اور سیاحوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ جس طرح راجپوری جیٹی سے  جنجیرہ قلعہ کیلئے بادبانی کشتیاں اور لانچ چلائی جاتی ہیں اسی طرح کھورا بندرگاہ سے بھی مروڈ کے مشہور قلعہ  تک مشینی کشتیاں چلائی جاتی ہیں۔سیاحوں کی آمدورفت کھورابندر کے قریب ہونے کی وجہ سے زیادہ تر سیاح اس بندرگاہ سے کشتیوں کے ذریعے قلعہ تک پہنچتے ہیں۔سیاحت کے سیزن میں یہاں جیسے جیسے مسافروں کی تعداد میں اضافہ ہوا، ۲۰۱۹ء میں میری ٹائم بورڈ نے جیٹی کی توسیع کا کام کیا اور یہاںایک کروڑ کی لاگت سے ایک وسیع پارکنگ یارڈ تعمیر کیا گیاجس میں۴۰۰؍ سے زائد گاڑیاں کھڑی کرنے کی گنجائش ہے۔ آج بھی یہاں روزانہ ۲۰۰؍ سےزائد گاڑیاں راستے پر اور اس کے باہر پارک کی جاتی ہیں۔جس کی وجہ سے ایم ایم بی کا یومیہ ۴ ؍ہزار روپے کا نقصان ہوتا ہے ۔مزید یہ کہ باہر کھڑی گاڑیوں سے ٹریفک کا مسئلہ بھی پیدا ہوجاتا ہے۔بتایا گیا ہے کہ  پارکنگ یارڈ  کے سلسلے میںٹینڈر کے عمل کے لئے سینئرز سے کئی بار خط و کتابت کی گئی لیکن کوئی  فائدہ نہیں ہوا۔راجپوری جیٹی پر تعمیر شدہ پارکنگ یارڈ بھی کئی سال تک بند تھا، پھر ٹینڈر کے بعد شروع ہوا لیکن کچھ مسائل کی وجہ سے اسے دوبارہ بند کردیاگیا ہے۔اب دوبارہ میری ٹائم بورڈ نے ورکرز رکھ کر پارکنگ شروع کر دی ہے۔آج بھی راجپوری جیٹی کے پارکنگ یارڈ سے ایم ایم بی کی یومیہ ۳؍ سے ۴؍ ہزار کی آمدنی  ہو جاتی ہے۔
 دوسری جانب مروڈ کے مین روڈ سے کھورا بندر جیٹی کا راستہ انتہائی خستہ تھا لیکن اب اسکا تعمیراتی کام شروع کیا جا چکا ہے۔کھورا بندر روڈ کی سیمنٹ کنکریٹنگ کا کام شروع ہونے مقامی افراد اورسیاحوں نے اطمینان ظاہر کیا ہے۔  ۳۵۰؍میٹر لمبی سڑک بنائی جارہی ہے۔اس ضمن میں یہاں کے ایم پی سنیل تٹکرے سے فون پر اس نمائندے نے بات چیت کی تو انہوں نے کہا ’’ مجھے مروڈ کے صحافیوںنے کھورا بندر پارکنگ شروع کرنے کے مسئلے کے بارے میں بتایا تھا۔میں سمجھتا ہوں کہ۳؍ سال میں پارکنگ شروع نہ ہونے سے حکومت کو ۳۵؍ لاکھ کا نقصان ہوا ہے، صحافیوں کی طرف سے مجھے  ملنے والی معلومات کی تصدیق کے بعد میں متعلقہ وزیر سے بات کروں گا اور اس معاملے کو حل کراؤں گا۔۱۵؍ دنوں کے اندر یہ مسئلہ حل ہوجائے گا۔ مروڈمیرا پسندیدہ شہر ہے۔ مروڈ کی سیاحت کیلئے آج تک کئی بار فنڈز دے چکا ہوں، کھارمبولی ڈیم بنا کر مروڈ کا پانی کا مسئلہ حل کیا گیا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK