Inquilab Logo

امریکہ: یونیورسٹیوں میں اسرائیل مخالف احتجاج پر ابتک۹۰۰؍طلبہ گرفتار

Updated: April 30, 2024, 11:59 AM IST | Agency | Washington/Los Angeles

متعدد یونیورسٹیوں میںطلبہ  اسرائیلی مظالم کے خلاف دھرنے پربیٹھے ہیں۔ یونیورسٹی آف کیلی فورنیا میں فلسطین حامی طلبہ اور اسرائیل نواز طلبہ میں جھڑپ۔

There was a clash between pro-Palestinian and pro-Israel students at the University of California. Photo: INN
یونیورسٹی آف کیلی فورنیا میں فلسطین حامی اور اسرائیل نواز طلبہ میں جھڑپ ہوئی تھی۔ تصویر : آئی این این

امریکی یونیورسٹیوں میں فلسطین کے حق میں احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔ اتوار کو لاس اینجلس یونیورسٹی میں اس وقت حالات کشیدہ ہوگئے تھے جب فلسطین حامی طلبہ اور اسرائیل نواز طلبہ آپس میں  بھڑگئے۔ یہاں فلسطین نواز طلبہ کا احتجاجی کیمپ مسلسل پھیل رہا ہے تو وہیں اسرائیل کے حمایتی طلبہ کے کیمپس میں بھی طلبہ کی تعداد بڑھ رہی ہے۔ اتوار کو طلبہ کے دونوں گروپس کے درمیان اس وقت کشیدگی پیدا ہوئی جب بعض مظاہرین نے دونوں گروپس کو الگ رکھنے کے لیے قائم حصار کو توڑ دیا۔ اس دوران دونوں  ہی گروہ نے ایک دوسرے کے ساتھ دھکامکی کی اور نعرے بازی کی۔ 
 یو سی ایل اے کی وائس چانسلر برائے اسٹرٹیجک کمیونی کیشن میری اوساکو کے مطابق دونوں دھڑوں کے اراکین نے ایک دوسرے کو ڈنڈے اور گھونسے مارنے کے علاوہ دھکامکی بھی کی۔ دونوں دھڑوں کے طلبہ نے ایک دوسرے کے خلاف شدید نعرے بازی بھی کی۔ اس دوران لاٹھی بردار کیمپس پولیس نے دونوں کو ایک دوسرے سے الگ کیا۔ اوساکو نے ایک بیان میں کہا کہ’’یو سی ایل اے کی پرامن احتجاج کی جگہ ہونے کی ایک طویل تاریخ ہے۔ لہٰذا ہم اس تشدد کے بارے میں دل شکستہ ہیں۔ ‘‘ خیال رہے کہ پولیس اور طلبہ کے درمیان جھڑپوں کے دوران اب تک۹۰۰؍ مظاہرین کو گرفتار کیاجاچکا ہے۔ ’ اے پی‘ کے مطابق غزہ سے میں اسرائیلی مظالم کے خلاف امریکی یونیورسٹیوں میں احتجاج۱۸؍ اپریل سے شروع ہوئے تھے، یہ احتجاج سب سے پہلے نیویارک نیورسٹی میں ہوا اور پھر دیکھتے ہی دیکھتے امریکہ کی دیگر یونیورسٹیوں اوریورپ میں بھی پھیل گئے تھے، جس کے نتیجے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں اور طلبہ کے درمیان جھڑپیں ہوئیں اور کشیدگی پھیل گئی تھی۔ تاہم فلسطین حامی طلبہ پرامن طریقے سے احتجاج جاری رکھے ہوئے ہیں۔ 

یہ بھی پڑھئے: اسکاٹ لینڈ: پہلے مسلم وزیر حمزہ یوسف اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے سےقبل مستعفی

دیگر ممالک کی کن یونیورسٹیوں میں مظاہرے ہورہے ہیں ؟
 رپورٹ کے مطابق آسٹریلیا میں سڈنی یونیورسٹی میں طلبہ نے احتجاجی کیمپ لگا لیے ہیں۔ طلبہ نے آسٹریلوی وزیراعظم کی اسرائیل اور غزہ سے متعلق پالیسی کے خلاف نعرے بازی کی، طلبہ نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ اسرائیل سے منسلک کمپنیوں سے علاحد گی اختیار کی جائے۔ پیرس میں درجنوں طلبہ نے سوربون یونیورسٹی کے باہر شدید احتجاج کیا۔ سنیچر کے روز بوسٹن کی نارتھ ایسٹرن یونیورسٹی، فینکس کی ایریزونا اسٹیٹ یونیورسٹی، بلومنگٹن کی انڈیانا یونیورسٹی اور سینٹ لوئس کی واشنگٹن یونیورسٹی میں مظاہرے ہوئے۔ یاد رہے کہ اس وقت امریکہ کی جن یونیورسٹیوں میں احتجاج کیا جارہا ہے ان میں کولمبیا یونیورسٹی، یونیورسٹی آف سدرن کیلیفورنیا، آسٹن میں یونیورسٹی آف ٹیکساس، جارج واشنگٹن یونیورسٹی، ہارورڈ یونیورسٹی، کیلیفورنیا اسٹیٹ پولی ٹیکنک یونیورسٹی شامل ہیں۔ اس کےعلاوہ ایمرسن کالج، نیویارک یونیورسٹی، ایموری یونیورسٹی، نارتھ ویسٹرن یونیورسٹی، ییل یونیورسٹی، فیشن انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی، سٹی کالج آف نیویارک، انڈیانا یونیورسٹی بلومنگٹن، مشی گن اسٹیٹ یونیورسٹی ایسٹ لانسنگ کیمپس میں بھی مظاہرے کئے گئے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK