امریکی صدر ٹرمپ نے انڈیا گیٹ کی تعریف کرتے ہوئےاسے خوبصورت فتحی محراب قرار دیا اور کہا امریکہ میں اس سے شاندار گیٹ تعمیر کیا جائے گا ، ساتھ ہی اسے ’’ انڈیپینڈنس آرچ‘‘ کا عارضی نام دیا۔
EPAPER
Updated: February 03, 2026, 10:03 PM IST | Washington
امریکی صدر ٹرمپ نے انڈیا گیٹ کی تعریف کرتے ہوئےاسے خوبصورت فتحی محراب قرار دیا اور کہا امریکہ میں اس سے شاندار گیٹ تعمیر کیا جائے گا ، ساتھ ہی اسے ’’ انڈیپینڈنس آرچ‘‘ کا عارضی نام دیا۔
صدر امریکہ ڈونالڈ ٹرمپ نے پیر کو دہلی کے انڈیا گیٹ کی تصویر اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ٹروتھ سوشل‘ پر شیئر کرتے ہوئے اس یادگار کو ’خوبصورت فتحی محراب‘ قرار دیا۔ٹرمپ نے تصویر کے ساتھ لکھا، ’’ہندستان کی خوبصورت فتحی محراب، ہماری یادگار ان سب سے عظیم ترین ہوگی۔‘‘واشنگٹن پوسٹ کے مطابق، ٹرمپ امریکہ کی آزادی کی۲۵۰؍ ویں سالگرہ کے موقع پر واشنگٹن ڈی سی میں ایک شاندار ’آرک ڈی ٹرمپ‘ نامی فتحی محراب تعمیر کرنے کا منصوبہ بنارہے ہیں۔بعد ازاں ایئر فورس ون میں نامہ نگاروں کے ساتھ ایک حالیہ گفتگو میں ٹرمپ نے اس منصوبے کے لیے اپنی خواہش کا اعادہ کرتے ہوئے کہا، ’’میں چاہتا ہوں کہ یہ سب سے بڑی یادگار ہو۔‘‘
یہ بھی پڑھئے: اسرائیلی آباد کاروں کے حملوں سے تحفظ کیلئے عالمی مدد کی اپیل: فلسطینی چرچ کمیٹی
ٹرمپ نے تجویز کردہ محراب کے چھوٹے نمونے پر بھی غور کیا ہے، جن میں۱۶۵؍ فٹ اور۱۲۳؍ فٹ اونچائی کے ڈیزائن شامل ہیں، جو انہوں نے گزشتہ سال ایک ڈنر میں شیئر کیے تھے۔تاہم، واشنگٹن پوسٹ نے خبر دی کہ صدر نے یہ دلیل دیتے ہوئے کہ اس کی جسامت سیاحوں کو متاثر کرے گی ۲۵۰؍ فٹ کے سب سے بڑے آپشن کو ترجیح دی ہے۔دریں اثناء رپورٹ میں کہا گیا کہ ٹرمپ کا خیال ہے کہ۲۵۰؍ ویں سالگرہ کے لیے ۲۵۰؍ فٹ‘ کی بلندی سالگرہ کا سب سے مناسب طریقہ ہوگا۔
پولیٹیکو کے مطابق، انہوں نے اس یادگار کی تعمیر کا نظام الاوقات بھی بیان کیا ہے، اور کہا ہے کہ وہ امید کرتے ہیں کہ محراب کی تعمیر دو ماہ کے اندر شروع ہو سکے گی۔وائٹ ہاؤس کے حکام نے ابھی تک حتمی ڈیزائن کے منصوبے جاری نہیں کیے ہیں اور نہ ہی انہیں ضروری وفاقی جائزہ کمیٹیوں کے سامنے پیش کیا ہے۔واضح رہے کہ امریکہ میں کسی بھی یاد گار کی تعمیر کیلئے یادگار کے لیے تجویز کردہ مقام، میموریل سرکل، نیشنل پارک سروس کے کنٹرول میں ہے، جس کا مطلب ہے کہ ٹرمپ کوکسی بھی تعمیر کے لیے متعدد سطحوں پر منظوری درکار ہوگی۔