• Tue, 17 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

کینسر سے لڑتی امریکی خاتون نے حجاب کی اجازت مانگی، مسلم خواتین نے استقبال کیا

Updated: November 17, 2026, 9:53 PM IST | Washington

وِگ کی گرمی اور خارش سے پریشان جےسی ایبٹ نے سوشل میڈیا پر پوچھا کہ کیا وہ مسلمان نہ ہونے کے باوجود حجاب پہن سکتی ہیں؟ ہزاروں خواتین نے خوش آمدید کہا، مفت اسکارف بھیجنے، باندھنے کا طریقہ سکھانے اور ان کے لیے دعا کرنے کی پیشکش؛ غیر مسلم صارفین بھی محبت بھرے ردعمل سے متاثر۔

Jesse Abbott, affected by cancer. Photo: X
کینسر سے متاثر جےسی ایبٹ۔ تصویر: ایکس

کینسر کے علاج کے دوران بال جھڑنے کے بعد وِگ پہننے کی تکلیف سے پریشان ایک امریکی خاتون نے جب سوشل میڈیا پر مسلم خواتین سے یہ پوچھا کہ کیا وہ مسلمان نہ ہونے کے باوجود حجاب پہن سکتی ہیں تو انہیں اندازہ نہیں تھا کہ اس سوال کے جواب میں دنیا بھر سے محبت اور یکجہتی کا ایسا سیلاب امڈ آئے گا۔ امریکی ریاست الاباما کے جنوبی علاقے میں رہنے والی ۴۱؍ سالہ جےسی ایبٹ نے اپنے سوال میں خدشہ ظاہر کیا تھا کہ کہیں ان کا حجاب پہننا مسلمان خواتین کے مذہبی جذبات کی توہین تو نہیں ہوگا۔ جواب میں ہزاروں مسلم خواتین نے نہ صرف انہیں حجاب پہننے کی اجازت اور حوصلہ افزائی کی بلکہ مفت اسکارف بھیجنے، کپڑے کے انتخاب اور حجاب باندھنے کا طریقہ سکھانے کی پیشکش بھی کی۔ اس گفتگو نے غیر مسلم صارفین کو بھی متاثر کیا اور سوشل میڈیا پر مذہبی احترام اور انسانی ہمدردی کی ایک خوب صورت مثال بن گئی۔ امریکی اخبار ’واشنگٹن پوسٹ‘ کی رپورٹ کے مطابق، جےسی ایبٹ کو ۲۰۱۹ء میں بریسٹ کینسر (چھاتی کے سرطان) کی تشخیص ہوئی تھی۔ علاج کے مختلف مراحل کے دوران ان کے بال جھڑ گئے۔ انہوں نے اس کمی کو پورا کرنے کے لیے وِگ، ٹوپی اور دوسرے طریقے آزمائے، لیکن کسی میں انہیں آرام محسوس نہیں ہوا۔ ان کے مطابق وِگ پہننے سے سر میں بہت گرمی اور خارش ہوتی تھی اور انہیں پسینہ بھی زیادہ آتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ بال کھونے کا صدمہ ان کے لیے اتنا شدید تھا کہ بعض اوقات انہیں کینسر سے بھی زیادہ تکلیف دہ محسوس ہوا۔

ایبٹ کا تعلق ایک ایسے مذہبی ماحول سے رہا ہے جہاں پینٹی کوسٹل اور بیپٹسٹ مسیحی کلیساؤں کی روایات موجود ہیں، تاہم اب وہ کسی مذہب کی باقاعدہ پیروکار نہیں ہیں۔ حجاب پہننے کا خیال آنے پر ان کے ذہن میں یہ سوال پیدا ہوا کہ کیا ایک غیر مسلم خاتون کا حجاب استعمال کرنا ان مسلم خواتین کے لیے ناگوار ہوسکتا ہے جو اسے مذہبی عقیدے کے تحت پہنتی ہیں۔ چونکہ ان کے جاننے والوں میں کوئی مسلمان نہیں تھا جس سے وہ براہِ راست مشورہ کرسکتیں، اس لیے انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’تھریڈز‘ (Threads) کا رخ کیا۔ انہوں نے اپنی پوسٹ میں لکھا، ’’کیا میں حجاب پہن سکتی ہوں یا یہ بے ادبی ہوگی؟ مجھے آخری درجے کا کینسر ہے اور وِگ بہت گرم اور خارش پیدا کرنے والی ہوتی ہیں۔ میں نے حجاب خرید کر دیکھا ہے اور یہ بہت آرام دہ ہے، لیکن اگر مجھے نہیں پہننا چاہیے تو میں اسے باہر پہن کر نہیں جانا چاہتی۔‘‘ یہ سوال پوسٹ ہوتے ہی تیزی سے پھیل گیا۔ ’دی گلوبل فلپینو میگزین‘ کے مطابق، ابتدائی ۱۱؍ گھنٹوں میں اس پوسٹ کو ۲۸۵۰۰؍ سے زیادہ لائکس اور تقریباً ۱۹۰۰؍ جوابات مل چکے تھے۔ زیادہ تر مسلم خواتین نے انہیں یقین دلایا کہ حجاب پہننے میں کوئی بے ادبی نہیں۔ کنیڈا میں مقیم مصنفہ اور انگریزی کی معلمہ سوزین عبدالحق نے انہیں مشورہ دیا کہ وہ نرم کپڑے سے بنا جرسی اسکارف استعمال کریں، کیونکہ یہ جلد پر زیادہ آرام دہ رہتا ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ اسکارف کے نیچے ریشم یا ساٹن کی تہہ والی ٹوپی پہننے سے سر کو مزید آرام مل سکتا ہے۔
سوزین نے مشورے کے ساتھ ایک نہایت خوب صورت بات بھی کہی۔ انہوں نے ایبٹ سے پوچھا کہ کیا وہ ان کے لیے آسانی اور سکون کی دعا کرسکتی ہیں؟ ایبٹ نے جواب دیا کہ انہوں نے جو حجاب خریدا ہے وہ بہت نرم ہے اور اس سے ان کی جلد میں خارش یا جلن نہیں ہوتی۔ ایک اور مسلم خاتون صفیہ کلبی نے انہیں محبت بھرے انداز میں مخاطب کرتے ہوئے لکھا، ’’بالکل پہن سکتی ہیں، میری پیاری!‘‘ انہوں نے حجاب کے لیے موزوں کپڑوں اور اسے باندھنے کے طریقوں سے متعلق مشورے بھی دیے اور ان کی صحت کے لیے دعا کرنے کا وعدہ کیا۔ کچھ خواتین نے صرف مشورے دینے پر اکتفا نہیں کیا بلکہ انہیں مفت حجاب بھیجنے کی پیشکش کی۔ جرمنی کے شہر ایسن میں رہنے والی سامیہ انتان خورونیسہ زائلی، جو حجاب کا ایک چھوٹا کاروبار چلاتی ہیں، نے اپنی دکان کے مجموعے سے کئی اسکارف ایبٹ کو بلا معاوضہ بھیجنے کی پیشکش کی۔ ان کا کاروبار عموماً یورپی یونین کے اندر سامان بھیجتا ہے، لیکن انہوں نے امریکہ تک فوری ترسیل کا انتظام کرنے کی بھی آمادگی ظاہر کی۔ اس پیشکش کے بعد دوسرے صارفین نے بھی انہیں پیغام بھیج کر اسکارف کی ترسیل کے اخراجات میں حصہ ڈالنے کی خواہش ظاہر کی۔ ایک شخص نے بھی انہیں اپنے مسلمان بھائی کی جانب سے چھوٹا سا تحفہ بھیجنے کی پیشکش کی۔

یہ بھی پڑھئے: زخمی اسرائیلی فوجی کی ماں کا سوال: ملک کیلئے لڑنے کا یہی صلہ ہے؟

حجاب باندھنے کے عملی طریقے سکھانے کے لیے بھی خواتین آگے آئیں۔ ایک صارف نے ایبٹ کو ویڈیو کال کے ذریعے حجاب باندھنے کا طریقہ سکھانے کی پیشکش کی۔ کئی خواتین نے کپڑے کو پن سے محفوظ کرنے، سر پر آرام دہ انداز میں باندھنے اور جلد کو خارش سے بچانے کے طریقے بتائے۔ ایبٹ نے اس ردعمل کے بارے میں کہا کہ انہیں صرف اسکارف نہیں ملے بلکہ بہت سی خواتین نے انہیں اس کے استعمال، کپڑے کے انتخاب اور باندھنے کے طریقوں سے بھی آگاہ کیا۔ اس واقعے کی ایک اور اہم بات یہ تھی کہ اس نے مذہبی شناخت سے آگے بڑھ کر انسانی تعلقات کو نمایاں کیا۔ مسلم خواتین نے وضاحت کی کہ حجاب بعض خواتین کے لیے عبادت، حیا اور مذہبی وابستگی کی علامت ہے، لیکن سر ڈھانپنے کے لیے اسکارف استعمال کرنے کی وجوہات مختلف بھی ہوسکتی ہیں۔ دنیا کے کئی معاشروں اور مذاہب میں خواتین سر ڈھانپتی ہیں، جن میں یہودی، سکھ اور مسیحی روایات بھی شامل ہیں۔ یونیورسٹی آف مشی گن اسٹیٹ کی قانون کی معاون پروفیسر اسما الدین نے کہا کہ حجاب کے مذہبی اور علامتی دونوں پہلو ہیں، تاہم سر ڈھانپنے والا اسکارف ہر صورت میں مذہبی شناخت کا اظہار نہیں ہوتا۔ 
اسما الدین اور دیگر خواتین کے مطابق، ایبٹ کے سوال میں سب سے قابلِ قدر بات یہ تھی کہ انہوں نے کسی مذہبی علامت کو اپنانے سے پہلے اس سے وابستہ لوگوں کے جذبات کا احترام کرتے ہوئے ان سے اجازت اور رہنمائی طلب کی۔ صفیہ کلبی نے بھی کہا کہ ایک غیر مسلم خاتون کا اس احترام کے ساتھ سوال کرنا ان کے لیے بہت معنی رکھتا تھا، خاص طور پر ایسے ماحول میں جہاں مسلمان خواتین کو کبھی کبھی اپنے مذہبی لباس کی وجہ سے امتیازی سلوک کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اس گفتگو سے متاثر ہونے والی غیر مسلم خواتین نے بھی کھل کر اپنے جذبات کا اظہار کیا۔ بعض نے لکھا کہ انہیں مسلم خواتین کے جوابات پڑھ کر آنسو آگئے، جبکہ ایک صارف نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مسلمان خواتین نے اس معاملے میں کسی قسم کی پابندی یا اجارہ داری کا رویہ اختیار نہیں کیا بلکہ محبت سے استقبال کیا۔ ایک اور صارف نے لکھا کہ اس گفتگو نے انہیں مسلمانوں کے بارے میں اپنے تصورات پر دوبارہ غور کرنے پر مجبور کردیا۔ یہ تبادلۂ خیال امریکہ میں 3 نومبر کے وسط مدتی انتخابات کے بعد سامنے آیا، جب انتخابی مہم کے دوران بعض سیاسی حلقوں میں اسلام، مسلمانوں اور شریعت سے متعلق بحث نمایاں رہی تھی۔ 

یہ بھی پڑھئے: بائیڈن کا انکشاف: نیتن یاہو پر انہیں زیادہ بھروسہ نہیں تھا

ایبٹ کے لیے یہ حمایت صرف حجاب تک محدود نہیں رہی۔ وہ تین بچوں کی تنہا پرورش کررہی ہیں اور ان کی گاڑی خراب ہوگئی تھی۔ سوشل میڈیا پر ان کی کہانی پھیلنے کے بعد لوگوں نے ان کے لیے مالی امداد بھی جمع کی تاکہ گاڑی کی مرمت اور بچوں کی ضروریات میں مدد مل سکے۔ ’واشنگٹن پوسٹ‘ کے مطابق، اس فنڈ ریزنگ میں ہزاروں ڈالر جمع ہوئے۔ ایبٹ نے بتایا کہ انہیں اتنے لوگوں نے اسکارف بھیجنے کی پیشکش کی ہے کہ اگر ان کے پاس ضرورت سے زیادہ حجاب جمع ہوگئے تو وہ انہیں کینسر سے متاثرہ دوسری خواتین میں تقسیم کردیں گی۔ ایبٹ اب چند مرتبہ حجاب پہن کر گھر سے باہر بھی جاچکی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ پہننے میں آسان اور آرام دہ ہے اور انہیں اس میں خود کو خوب صورت اور باوقار محسوس ہوتا ہے۔ انہوں نے مسکراتے ہوئے کہا، ’’میں بالکل بھی فیشن پسند نہیں ہوں، لیکن یہ مجھے بہت نفیس محسوس کراتے ہیں۔‘‘ یوں ایک خاتون کا اپنی تکلیف کم کرنے کے لیے پوچھا گیا سادہ سا سوال ہزاروں لوگوں کے لیے مذہبی احترام، باہمی اعتماد اور ہمدردی کا پیغام بن گیا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK