• Mon, 16 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

بائیڈن کا انکشاف: نیتن یاہو پر انہیں زیادہ بھروسہ نہیں تھا

Updated: November 16, 2026, 9:03 PM IST | New York

امریکہ کے سابق صدر جو بائیڈن نے اپنی نئی خودنوشت میں اسرائیلی وزیر اعظم بنجامن نیتن یاہو کے ساتھ اپنے تعلقات پر کھل کر بات کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ دونوں لیڈروں کے درمیان اعتماد کی کمی تھی اور انہیں نیتن یاہو کے طرزِ سیاست پر تشویش رہتی تھی۔ بائیڈن نے الزام لگایا ہے کہ اسرائیلی وزیر اعظم حقائق کو اپنے سیاسی مفادات کے مطابق پیش کرنے اور جمہوری اداروں کو ذاتی مقاصد کے لیے استعمال کرنے میں ہچکچاہٹ محسوس نہیں کرتے تھے۔ غزہ جنگ کے دوران شہری ہلاکتیں کم کرنے کے وعدوں پر عمل نہ ہونے سے بھی سابق امریکی صدر مایوس ہوئے تھے۔

Netanyahu and former US President Joe Biden. Photo: X
نیتن یاہو اور سابق امریکی صدر جو بائیڈن۔ تصویر: ایکس

امریکہ کے سابق صدر جو بائیڈن نے اپنی نئی کتاب میں اسرائیلی وزیر اعظم بنجامن نیتن یاہو کے ساتھ اپنے تعلقات، غزہ جنگ کے دوران اختلافات اور اسرائیل کو امریکی حمایت فراہم کرنے کے فیصلے پر تفصیلی اظہارِ خیال کیا ہے۔ انہوں نے اعتراف کیا ہے کہ نیتن یاہو کے ساتھ ان کے تعلقات میں اعتماد کی کمی تھی اور انہیں اسرائیلی وزیر اعظم کے سیاسی طرزِ عمل پر مسلسل تشویش رہتی تھی۔ بائیڈن کے مطابق نیتن یاہو اپنے ملک کے طویل مدتی مفادات کے بجائے اکثر اپنے فوری سیاسی مستقبل کو ترجیح دیتے دکھائی دیتے تھے۔ ترکی کی خبر رساں ایجنسی انادولو کے مطابق، بائیڈن نے اپنی خودنوشت ’’پرومِس می، امریکہ‘‘ (Promise Me, America) میں لکھا ہے، ’’ہمارے درمیان زیادہ اعتماد نہیں تھا۔ مجھے بی بی (نیتن یاہو کا معروف عرف) کے بعض رجحانات پر بھی تشویش تھی، جو ڈونالڈ ٹرمپ سے ملتے جلتے تھے۔ وہ حقائق کے معاملے میں انتہائی لچکدار ہوسکتے تھے اور اپنے ذاتی مفادات کے لیے جمہوری اداروں کو موڑنے میں انہیں کوئی ہچکچاہٹ نہیں ہوتی تھی۔‘‘ یہ اقتباس امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل کی جانب سے کتاب کے مندرجات پر شائع ہونے والی رپورٹ میں بھی سامنے آیا ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے: ایران جوہری ہتھیار ملنے پر دنیا کو یرغمال بنا سکتا ہے: روبیو

بائیڈن نے اپنی کتاب میں ۷؍ اکتوبر ۲۰۲۳ء کو حماس کے اسرائیل پر حملے اور اس کے بعد شروع ہونے والی غزہ جنگ کا بھی ذکر کیا ہے۔ ان کے مطابق اس حملے نے مشرق وسطیٰ میں مستقل امن کے حوالے سے ان کی امیدوں کو شدید دھچکا پہنچایا۔ انہوں نے بتایا کہ حملے کے دن ہی انہوں نے نیتن یاہو سے کئی مرتبہ رابطہ کیا تھا تاکہ انہیں یہ یقین دلایا جاسکے کہ امریکہ اس بات کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے کہ ایسا واقعہ دوبارہ پیش نہ آئے۔ سابق امریکی صدر کے مطابق جنگ شروع ہونے کے بعد انہوں نے اسرائیلی قیادت سے بار بار کہا کہ فوجی کارروائیوں کے دوران شہریوں کو پہنچنے والے نقصان کو کم کرنے کے لیے ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں۔ ان کا کہنا ہے کہ انہوں نے یہ تشویش نیتن یاہو کے ساتھ نجی ملاقاتوں اور ٹیلی فون پر ہونے والی متعدد گفتگو میں بھی ظاہر کی تھی۔ تاہم، بائیڈن کے بقول نیتن یاہو ایک طرف شہری ہلاکتوں سے اسرائیل کی عالمی ساکھ اور جنگ کے لیے امریکی حمایت کو پہنچنے والے نقصان کو تسلیم کرتے تھے، لیکن دوسری طرف اسرائیلی فوج کی جارحانہ کارروائیاں جاری رہتی تھیں۔ انہوں نے لکھا کہ ’’ایک مانوس سلسلہ بن گیا تھا۔ وہ مزید احتیاط برتنے کا وعدہ کرتے اور اس کے بعد ایک اور جارحانہ کارروائی ہوتی، جس میں مزید شہری مارے جاتے۔ جب ہم اس بارے میں سوال کرتے تو اسرائیلی حکام کے پاس ہمیشہ کوئی نہ کوئی وضاحت یا جواز ہوتا، لیکن نتیجہ وہی رہتا۔ بی بی وعدے کرنے میں کوئی ہچکچاہٹ محسوس نہیں کرتے تھے، خواہ ان پر عمل کرنے کی ان کی نہ طاقت ہو اور نہ ہی نیت۔‘‘ 

بائیڈن نے مزید کہا کہ وہ سمجھتے تھے کہ نیتن یاہو شدید سیاسی دباؤ کا سامنا کررہے ہیں، لیکن انہیں اس بات سے مایوسی ہوئی کہ اسرائیلی وزیر اعظم ایک مدبر کی طرح سوچنے اور اپنے ملک کے طویل مدتی مفادات کے تحفظ میں ناکام رہے۔ ان کے مطابق نیتن یاہو کو صرف اپنے فوری سیاسی مستقبل کے بجائے اسرائیل کے وسیع تر مفادات کو سامنے رکھنا چاہیے تھا۔ اس کے باوجود بائیڈن نے اسرائیل کو امریکی فوجی اور سفارتی حمایت فراہم کرنے کے اپنے فیصلے کا دفاع کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ صدر کی حیثیت سے ان کی ذمہ داری تھی کہ وہ امریکہ کے مفادات اور اس کے اتحادیوں کی حمایت کریں۔ انہوں نے واضح کیا کہ 7 اکتوبر کے حملے کے بعد اسرائیل کی حمایت کرنے پر انہیں کوئی پچھتاوا نہیں، لیکن غزہ میں بڑی تعداد میں بے گناہ فلسطینیوں کی ہلاکتوں نے انہیں گہرے دکھ سے دوچار کیا۔ انہوں نے اپنی کتاب میں لکھا کہ ۲۰۲۲ء کے اواخر میں نیتن یاہو کی دوبارہ اقتدار میں واپسی کے بعد ان کے نزدیک اسرائیل کے تحفظ کا مطلب صرف اسے بیرونی دشمنوں سے محفوظ رکھنا نہیں تھا بلکہ اسے اپنے ہی بعض اقدامات کے نتائج سے بھی بچانا تھا۔ یہ بیان بائیڈن کی اس پالیسی سوچ کو ظاہر کرتا ہے جس کے تحت وہ اسرائیل کی سلامتی کی حمایت کے ساتھ اس کی حکومت کی فوجی کارروائیوں پر تحفظات بھی رکھتے تھے۔ 

بائیڈن نے اپنی خودنوشت میں دیگر عالمی لیڈروں کے بارے میں بھی اپنے تاثرات بیان کیے ہیں۔ روسی صدر ولادیمیر پوتن کے متعلق انہوں نے لکھا کہ ان کا انداز خاصا بیزار اور سرد ہوتا تھا اور وہ ملاقاتوں میں جان بوجھ کر کرسی پر ڈھیلے ہوکر بیٹھتے تھے تاکہ عدم دلچسپی ظاہر کرسکیں۔ یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی کے بارے میں بائیڈن نے کہا کہ ان کا اداکاری کا سابقہ تجربہ جنگ کے دوران ایک لیڈر کی حیثیت سے ان کے لیے مفید ثابت ہوا۔ کتاب میں بائیڈن نے افغانستان سے امریکی فوج کے انخلا کے اپنے فیصلے کا بھی دفاع کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ۲۰۲۱ء میں فوج واپس بلانے کا فیصلہ درست تھا اور اگر انہیں دوبارہ اسی صورت حال میں فیصلہ کرنا پڑتا تو وہ پھر یہی قدم اٹھاتے۔ تاہم، انہوں نے تسلیم کیا کہ اس وقت کے وزیر دفاع لائیڈ آسٹن اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف جنرل مارک ملی نے انخلا کے ممکنہ نتائج کے بارے میں تشویش ظاہر کی تھی۔ بائیڈن کے مطابق انہیں یقین دلایا گیا تھا کہ امریکی فوج کے انخلا کے بعد افغان حکومت کم از کم ۶؍ ماہ تک قائم رہ سکتی ہے، لیکن وہ چند ہی دنوں میں منہدم ہوگئی تھی۔ بائیڈن کی خودنوشت میں ان کی اپنی صدارت کے آخری دور اور ۲۰۲۴ء کے صدارتی انتخابات کا بھی ذکر ہے۔ انہوں نے دوسری مدت کے لیے انتخاب لڑنے کے فیصلے کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ وہ سمجھتے تھے کہ وہ مزید ۴؍ سال صدر کی ذمہ داریاں انجام دینے کے اہل ہیں۔ تاہم، ڈونالڈ ٹرمپ کے ساتھ ۲۷؍ جون ۲۰۲۴ء کے مباحثے میں ان کی کارکردگی نے ان کی انتخابی مہم کو شدید نقصان پہنچایا تھا۔ بائیڈن نے اعتراف کیا کہ مباحثے کے دوران ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے وہ اپنی بات کا سلسلہ کھو بیٹھے تھے اور میڈیکیئر کے معاملے پر جواب دیتے ہوئے غلطی سے ’’ہم نے آخرکار میڈیکیئر کو شکست دے دی‘‘ کہہ گئے تھے، حالانکہ ان کا مطلب بڑی دوا ساز کمپنیوں کے خلاف کامیابی بیان کرنا تھا۔انہوں نے اپنی خودنوشت میں اس واقعے کو اپنی انتخابی مہم کے لیے نقصان دہ قرار دیا ہے۔ بعد میں انہوں نے صدارتی انتخاب کی دوڑ سے دستبرداری اختیار کرلی تھی اور ڈیموکریٹک پارٹی کی جانب سے کملا ہیرس نے ٹرمپ کا مقابلہ کیا تھا۔ بائیڈن نے کملا ہیرس کی انتخابی مہم کی تعریف کرتے ہوئے انہیں ایک بہترین امیدوار قرار دیا اور کہا کہ انہوں نے ٹرمپ کے ساتھ مباحثے اور انتخابی مہم کے دوران عمدہ کارکردگی دکھائی تھی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK