Inquilab Logo

تشدد اور بدامنی کے درمیان عمران خان کی گرفتاری کی کارروائی ملتوی

Updated: March 16, 2023, 10:51 AM IST | Lahore

لاہور ہائی کورٹ کے حکم کے مطابق جب تک اسلام آباد ہائی کورٹ کا فیصلہ نہیں آ جاتا سب کارروائی روک دی جائے عدالت نے شہریوں کے تحفظ کو اہم بتایا ۔ پاکستان تحریک انصاف نے خیر مقدم کیا جبکہ مسلم لیگ ن نے جار حانہ تنقید کی

Pakistan Tehreek-e-Insaf Chairman Imran Khan tweeted this picture.
پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان نے یہ تصویر ٹویٹ کی۔

  پاکستان تحریک انصاف( پی ٹی آئی) کے چیئر مین عمران خان کی گرفتاری کی کوششوں کے درمیان عدالت نے ان کی گرفتاری کی کارروائی ملتوی کرنے کا حکم دیا  ۔ عدالت کے مطابق جب تک اسلام آباد ہائی کورٹ کا فیصلہ نہیں آ جاتا سب کارروائی  روک  دی جائے۔ اس کا  پی ٹی آئی نے خیر مقدم کیا ہے جبکہ مسلم لیگ ن نے جارحانہ تنقید کی ہے۔ 
  میڈیارپورٹس کے مطابق لاہور میں تشدد اور بدامنی کے درمیان  لاہورہائی کورٹ میں زمان پارک میں پولیس تشدد اور پولیس ’حصار‘کےخلاف تحریک انصاف کی درخواست کی سماعت ہوئی۔ اس موقع پر جسٹس طارق سلیم شیخ نے اپنے فیصلے میں کہا کہ جب تک اسلام آباد ہائی کورٹ کا فیصلہ نہیں آتا تو سب ایکشن روک لیاجائے۔ عدالت کل( جمعرات کو ) اس کیس کی سماعت کرے گی۔ عدالت کےنزدیک شہریوں کی زندگیوں کاتحفظ اہم ہے۔ عدالت نےاملاک اور شہر کا امن وامان بھی دیکھنا ہے۔لاہورہائی کورٹ کی جانب سے حکم پر پنجاب کے آئی جی عدالت میں پیش ہوئے اور بتایا کہ وہ کسی کی بھی زندگی جانے کےحق میں نہیں۔عدالتی حکم پر کے پنجاب کے چیف سیکریٹری زاہد اختر زمان اور ایڈوکیٹ جنرل پنجاب شان گل عدالت میں پیش  ہوئے۔
 دریں اثنا ء پی ٹی آئی کے اہم لیڈر فواد چودھر ی نے ٹویٹ کیا ،’’سلام! زمان پارک کے شیروں کے نام، عمران خان کے جنونیوں کے نام ،قوم کی محبت کے اسیروں کے نام اور تحریک انصاف کے دلیروں کے نام.... جیتے رہو دلبرو!‘‘
   اسی دوران پی ٹی آئی کے اہم لیڈر اورسابق وفاقی وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات   فرخ حبیب  نے لکھا ،’’لاہور کے وکلا ءکو سلام جو ماورائے قانون تشدد کیخلاف سڑکوں پر نکل آئے ہے۔ پاکستان کی تمام تنظیموں، طلبہ ، ڈاکٹروں، لیبر یونین، سی بی اے یونینز ،  سب کو اس ظلم کیخلاف باہر آنا چاہئے۔ خوف کے بت ٹوٹ چکے  ہیں ۔غلامی کی زنجیریں توڑ دی گئی ہیں۔ آج کا پاکستانی آزاد ہے غلام نہیں ۔‘‘
  اس موقع پر مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر مریم نواز  کا کہنا تھا  کہ زمان پارک کا گیدڑ پولیس اور رینجرز اہلکاروں کے نہیں، عدالت اور ججوں کے سر پھاڑ رہا ہے، ملک کو تقسیم کرنے کی باتیں کرنے والا عدالتی احکامات کی دھجیاں بکھیر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف کارکنوں کی ڈھال بنا  تھا مگر عمران خان کیسا لیڈر ہے جس نےعورتوں اور بچوں کو ڈھال بنا لیا؟
  اس دوران پاکستان کے صدر ڈاکٹر  عارف علوی  نے ٹویٹ کیا ،’’آج کے واقعات سے مجھے بہت دکھ ہوا ہے۔غیر ضروری انتقامی سیاست۔ ایسے ملک کی حکومت کی ناقص ترجیحات جس کو عوام کی معاشی بدحالی پر توجہ مرکوز کرنی چاہئے۔ کیا ہم بڑے خطرناک سیاسی منظر نامے کی طرف جارہے ہیں؟ مجھے تمام سیاستدانوں کی طرح  عمران خان کی حفاظت اور عزت کی بھی برابر فکر ہے ۔‘‘اہم بات یہ ہے کہ خبر لکھے جانے تک اس معاملے پر وزیراعظم شہباز شریف نے کوئی ٹویٹ نہیںکیا  ہے

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK