مسٹرپرفیکشنسٹ کے نام سےمشہورعامرخان ان گنے چنے اداکاروں میں سے ایک ہیں جو فلموں کی تعداد کے بجائے فلم کے معیار کو زیادہ اہمیت دیتے ہیں۔
EPAPER
Updated: March 14, 2026, 9:46 AM IST | Mumbai
مسٹرپرفیکشنسٹ کے نام سےمشہورعامرخان ان گنے چنے اداکاروں میں سے ایک ہیں جو فلموں کی تعداد کے بجائے فلم کے معیار کو زیادہ اہمیت دیتے ہیں۔
بالی ووڈ میں کچھ اداکار ایسے بھی ہیں جن کاکسی فلم میں ہونا ہی کامیابی کی ضمانت سمجھاجاتا ہے۔ ان ہی اداکاروں میں سے ایک اداکارعامر خان بھی ہیں۔ مسٹرپرفیکشنسٹ کے نام سےمشہورعامرخان ان گنے چنے اداکاروں میں سے ایک ہیں جو فلموں کی تعداد کے بجائے فلم کے معیار کو زیادہ اہمیت دیتے ہیں۔ عامر خان کی پیدائش ۱۴؍ مارچ ۱۹۶۵ءکوممبئی میں ہوئی۔ ان کے والد طاہرحسین اور چچا ناصر حسین جانے مانے فلم سازتھے۔ گھر میں فلمی ماحول کی وجہ سے عامر خان کی دلچسپی بھی فلموں میں ہو گئی اور وہ اداکار بننےکا خواب دیکھنے لگے۔ عامر خان نےفلمی کریئر کا آغاز ۱۹۷۳ء میں بطور چائلڈ آرٹسٹ اپنے چچا ناصر حسین کے بینر تلےبنی فلم ’يادوں کی بارات‘سےکیا۔ بعد میں انہوں نے ۱۹۷۴ء میں ریلیزہونے والی فلم ’مدہوش‘میں بھی بطور چائلڈ اسٹار کام کیا۔ اس کےبعدانہوں نے تقریباً۱۱؍برسوں تک کیلئے فلم انڈسٹری سے کنارہ کر لیا۔
۱۹۸۴ءمیں آئی فلم ہولی سے عامر خان نے بطور اداکار اپنے فلمی کریئرکاآغاز کیا، لیکن وہ ناظرین کے درمیان اپنی شناخت بنانےمیں کامیاب نہیں ہوسکے۔ تقریباً ۴؍ سال تک جدوجہد کرنے کے بعد ۱۹۸۸ءمیں اپنے چچاناصر حسین کے بینر تلےبنی فلم ’قیامت سےقیامت تک‘ کی کامیابی کے بعد عامر خان بطور اداکار فلم انڈسٹری میں اپنی شناخت بنانے میں کامیاب ہو گئے۔ فلم میں اپنی بااثر اداکاری کے لیے انہیں اس سال فلم فیئر ایوارڈ دیا گیا۔
یہ بھی پڑھئے: مجھے گندگی میں رہنا پسند نہیں:پرینکا چوپڑہ نے بالی ووڈ چھوڑنے کی وجہ بتائی
عامر خان اپنے فلمی کریئرمیں ۷؍مرتبہ فلم فیئر ایوارڈ سے نوازے جا چکے ہیں۔ عامر خان کو پدم شری اور پدم بھوشن سے بھی نوازا جا چکاہے۔ یہاں تک کہ حکومت چین کی جانب سے بھی انہیں اعزاز دیا جاچکا ہے۔ عامر خان نےکئی فلموں میں اپنی آوازسےسامعین کو اپنا دیوانہ بنایا ہے۔ انہوں نے سب سےپہلے۱۹۹۸ءمیں آئی فلم غلام میں ایک گانا ’آتی کیا کھنڈالا‘گایا۔ اس گیت کے کامیاب ہونے کے بعدعامر خان نے’دیکھو ۲۰۰۰ء زمانہ آ گیا، ’ہولی رے‘، ’چندہ چمکے چم چم‘، ’بم بم بولے‘ جیسے سپرہٹ گانے گائے ہیں۔
۲۰۰۷ءمیں عامر خان نے فلم ’تارے زمین پر‘ پروڈیوس اور ڈائریکٹ کی۔ عامر خان نے اپنی ہدایتکاری سے اس فلم کو سپر ہٹ بنادیا۔ ۲۰۰۸ء میں، عامر خان کی ایک اور سپر ہٹ فلم ’گجنی‘ ریلیز ہوئی۔ اس فلم میں عامر خان کی اداکاری کانیاانداز دیکھنے کو ملا۔ اس فلم کے کردار کو ادا کرنے کیلئے عامر نےاپنے جسم کو خاص بنانے کے لئے سکس پیک ایبس بنایا جس کو ناظرین نے بے انتہا پسند کیا۔ ۲۰۰۹ء میں سپر ہٹ فلم ’تھری ایڈيٹس‘ ریلیزہوئی۔ تھری ایڈيٹس ۲۰۰؍ کروڑ روپے کمانے والی ملک کی پہلی فلم تھی۔ ۲۰۱۳ءمیں، عامر خان کےکریئر کی سپر ہٹ فلم ’دھوم۳‘ ریلیز ہوئی۔ اس فلم نے باکس آفس پر۲۸۰؍کروڑ روپے کا بزنس کیا۔ ۲۰۱۴ءمیں عامر خان کی فلم پی کے ریلزہوئی۔ اس فلم نے باکس آفس پر ۳۴۰؍کروڑ روپے سے زیادہ کی کمائی کر کے نئی تاریخ رقم کی ہے۔ ۲۰۱۶ء میں عامر خان کے کریئر کی سب سے زیادہ سپر ہٹ فلم ’دنگل‘ آئی۔ اس فلم میں عامر خان نےایک پہلوان کا کردار ادا کیا تھا۔ یہ فلم ہریانہ کے پہلوان مہاویرسنگھ پھوگٹ کی زندگی پر مبنی ہے، جنہوں نےمخالفت کے باوجود اپنی بیٹیوں کوکشتی کے میدان میں اتارا۔ فلم نے باکس آفس پر تقریباً ۳۹۰؍ کروڑروپے کی شاندار کمائی کی۔ ۲۰۱۷ء میں عامر خان کی ’سیکریٹ سپر اسٹار‘ ہٹ ثابت ہوئی۔