بالی ووڈ اداکار ابھیشیک بچن جلد ہی ہارر فلم میں پہلی بار کام کرتے نظر آئیں گے، جبکہ وہ شاہ رخ خان اور سہانا خان کے ساتھ سدھارتھ آنند کی آنے والی بڑی فلم’’کنگ‘‘ میں بھی اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
EPAPER
Updated: March 14, 2026, 9:09 PM IST | Mumbai
بالی ووڈ اداکار ابھیشیک بچن جلد ہی ہارر فلم میں پہلی بار کام کرتے نظر آئیں گے، جبکہ وہ شاہ رخ خان اور سہانا خان کے ساتھ سدھارتھ آنند کی آنے والی بڑی فلم’’کنگ‘‘ میں بھی اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
بالی ووڈ میں ابھیشیک بچن کا فلمی سفر مسلسل جاری ہے اور اداکار آنے والے برسوں میں کئی بڑے منصوبوں کا حصہ بننے جا رہے ہیں۔ ان میں سب سے زیادہ زیرِ بحث فلم’’کنگ‘‘ ہے جس میں وہ شاہ رخ خان اور سہانا خان کے ساتھ اسکرین شیئر کریں گے۔ سدھارتھ آنند کی ہدایت کاری میں بننے والی اس بڑی ایکشن فلم پر پہلے ہی شائقین اور فلمی حلقوں کی نظریں مرکوز ہیں۔ رپورٹس کے مطابق اس فلم میں ابھیشیک بچن ایک اہم منفی کردار ادا کرتے ہوئے نظر آئیں گے اور ناظرین خاص طور پر ان کے اس کردار کا انتظار کر رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: پریہ درشن نے عرفان خان اور شاہ رخ خان کی ’’بلو‘‘ ناکام ہونے کی وجہ بتائی
اسی دوران ایک نئی رپورٹ میں یہ بھی سامنے آیا ہے کہ ابھیشیک بچن اور سدھارتھ آنند’’کنگ‘‘ کے بعد ایک اور منصوبے میں ساتھ کام کرنے جا رہے ہیں۔ ورائٹی انڈیا کے مطابق دونوں ایک ہارر فلم پر کام کرنے کی تیاری کر رہے ہیں۔ یہ فلم ابھیشیک بچن کے کریئر میں ایک نئی صنف کا اضافہ ہوگی کیونکہ وہ اب تک ہارر فلموں میں نظر نہیں آئے۔ اس منصوبے کے بارے میں بتایا جا رہا ہے کہ یہ ایک لوک داستان سے متاثر ہارر کہانی ہوگی جس میں باپ اور بیٹی کے تعلق کو مرکزی موضوع بنایا جائے گا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ اس فلم کی ہدایت کاری خود سدھارتھ آنند نہیں کریں گے۔ اطلاعات کے مطابق ان کے ایک قریبی ساتھی اس فلم کی ہدایت کاری کریں گے جبکہ آنند اس منصوبے میں بطور پروڈیوسر شامل ہوں گے۔ ذرائع کے مطابق یہ ایک بڑے بجٹ کی فلم ہوگی جس میں وی ایف ایکس کا بھرپور استعمال کیا جائے گا۔ اسے کسی محدود یا آزاد طرز کی ہارر فلم کے بجائے ایک بڑے تجارتی منصوبے کے طور پر تیار کیا جائے گا تاکہ وسیع ناظرین کو متوجہ کیا جا سکے۔
یہ بھی پرھئے: سنیل گروور کی قادر خان کی شاندار نقل، ناظرین نے انہیں اے آئی سے خطرناک قرار دیا
واضح رہے کہ ابھیشیک بچن اور سدھارتھ آنند کے درمیان پیشہ ورانہ تعلقات کئی برسوں پر محیط ہیں۔ دونوں کی دوستی فلمی صنعت میں بھی جانی جاتی ہے اور انہوں نے مختلف منصوبوں میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کیا ہے۔ اداکار نے اپنے کریئر میں رومانوی، ایکشن اور ڈرامہ سمیت مختلف اصناف کی فلموں میں کام کیا ہے، تاہم ہارر صنف اب تک ان کے تجربات میں شامل نہیں تھی۔ یہی وجہ ہے کہ شائقین اس نئے تجربے کو خاصی دلچسپی سے دیکھ رہے ہیں۔
دوسری جانب فلم’’کنگ‘‘ کو ۲۰۲۶ء کی بڑی بالی ووڈ ریلیز میں شمار کیا جا رہا ہے۔ یہ فلم ۲۴؍ سمبر ۲۰۲۶ء کو سنیما گھروں میں ریلیز ہونے والی ہے اور توقع کی جا رہی ہے کہ یہ باکس آفس پر بڑی کامیابی حاصل کرے گی۔