Inquilab Logo

برطانوی وزیراعظم کے بیان پر ایمنسٹی انٹرنیشنل کا اظہارِ افسوس

Updated: March 03, 2024, 11:57 AM IST | Agency | London

رشی سونک نے فلسطین کےحق میں احتجاج کرنے والوں کو شدت پسند قرار دیا تھا اور اسے جمہوریت کیلئے خطرہ بتایا تھا۔

British Prime Minister Rishi Sonak. Photo: INN
برطانوی وزیراعظم رشی سونک۔ تصویر : آئی این این

برطانوی وزیراعظم رشی سونک نے برطانیہ میں فلسطین کےحق میں احتجاج کرنے والوں کو شدت پسند قرار دیتے ہوئے خبردار کیا کہ برطانیہ میں مسلسل احتجاج جمہوریت کیلئے خطرہ ہے۔ ان کے اس بیان پر ایمنسٹی انٹرنیشنل نے افسوس کااظہار کیا ہے۔ 
ان کا یہ بیان اس وقت سامنے آیا ہے جب کچھ روز قبل مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیز بیان دینے اور معافی نہ مانگنے پر برطانوی رکن پارلیمان لی اینڈرسن کو پارٹی سے معطل کر دیا گیا تھا۔ اینڈرسن نے کہا تھا کہ مسلمانوں نے میئر لندن صادق خان کے ذریعہ لندن پر قبضہ کر لیا ہے، بعد ازاں صادق خان نے برطانوی وزیراعظم اور ان کی کابینہ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ رشی سونک کی خاموشی متنازع بیان کےدفاع کے مترادف ہے۔ 
لی اینڈرسن کے نفرت انگیز بیان پر رشی سونک نے کسی قسم کا تبصرہ نہیں کیا تاہم گزشتہ روز انہوں نے فلسطین کے حق میں احتجاج کرنے والوں کے خلاف اور اراکین پارلیمان کے تحفظ سے متعلق گفتگو کی۔ انہوں نے برطانیہ میں احتجاج اور مظاہرے کرنے والوں پر الزام عائد کیا کہ برطانیہ میں انتہا پسند گروپ ہمیں الگ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ برطانوی وزیر اعظم نے مزید کہا کہ فلسطینیوں کےحق میں مسلسل احتجاج جمہوریت کیلئےخطرہ ہے، حماس کےحق میں بولنے والوں سے لڑنے کا وقت آگیا ہے، ملک میں کسی تشدد اور دھمکیوں کی اجازت نہیں دی جائےگی۔ انہوں نے احتجاج کرنے والوں کو شدت پسند قرار دیتے ہوئے خبردار کیا کہ برطانیہ میں شدت پسندوں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جائےگا اور نفرت پھیلانے والوں کے ویزے منسوخ کر دیئے جا ئیں گے۔ 
  دریں اثناء انسانی حقوق کے عالمی ادارے ایمنسٹی انٹرنیشنل نے برطانوی وزیراعظم کے حالیہ بیان پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انسانی حقوق کے عالمی ادارے ایمنسٹی انٹرنیشنل نے برطانوی حکومت پر الزام لگایا ہے کہ وہ غزہ میں جنگ کے خلاف لوگوں کے احتجاج کے حق کو محدود کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق ایمنسٹی انٹرنیشنل برطانیہ کے ڈائریکٹر الیاس ناگدی نے ایک بیان میں کہا کہ غزہ میں بڑے پیمانے پر مظالم کے خلاف پرامن احتجاج کو انتہا پسندی سے نہیں جوڑا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ کے شہری غزہ میں فلسطینیوں کی ہلاکتوں کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں، غزہ میں ہلاکتوں کی تعداد ناقابل برداشت حد تک بڑھ رہی ہے، برطانوی حکومت مصائب کو روکنے کے لیے فوری جنگ بندی کیلئے کوئی اقدام نہیں کیا۔ الیاس ناگدی نے کہا کہ یہ ’انتہائی تشویشناک‘ ہے کہ حکومت مظاہروں پر مزید پابندیاں عائد کرنا چاہتی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK