طلبہ نے مختلف ماڈلوں کے ذریعے سیرت نبویؐ اور حیات صحابہؓ کے مختلف پہلوئوں کو اجاگر کیا ، اسلامیات کی تعلیم بھی پیش کی گئی۔
طلبہ اپنے بنائے ہوئے ماڈل کے ساتھ۔ تصویر: انقلاب
ناندیڑ شہر میں واقع مسجد ساجدین و مدرسہ دارالتوحید کے زیرِ اہتمام سیرتِ نبویؐ صحابۂ کرامؓ اور اسلامی تہذیب و تاریخ کے مختلف پہلوؤں کو اجاگر کرنے کیلئےیک روزہ علمی و فکری نمائش کا انعقاد عمل میں آیا۔نمائش میں خانہ کعبہ کا ماڈل، قدیم کنویں، اسلامی تہذیب کی علامتیں، سائنسی و تاریخی موضوعات پر ماڈل اور دیگر تعلیمی و معلوماتی گوشے پیش کئے گئے، جنہوں نے حاضرین کی خصوصی توجہ حاصل کی۔
اس موقع پر افتتاحی نشست میں اظہار لحق مدنی، محمد رفیق ندوی،داکٹر کاشف قاضی ،عبدالحئی ڈائرکٹر شاہین اکیڈمی،ڈاکٹر عبدالبشیر،ڈاکٹر محمد شارق ،ڈاکٹر محمد شیل ڈاکٹر عبدالرافع فاروقی اور ڈاکٹر محمد عارف جیسی شخصیات نے شرکت کی۔ مہمانانِ خصوصی نے طلبہ کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ ایسے پروگرام نہ صرف دینی شعور کو بیدار کرتے ہیں بلکہ بچوں میں تخلیقی صلاحیتوں اور تحقیق کے جذبے کو بھی فروغ دیتے ہیں۔
نمائش میںاسلام کی جانب سے دیئے گئے روزمرہ زندگی کے آداب کو بھی مؤثر انداز میں اجاگر کیا گیا، جن میں پانی پینے، کھانا کھانے، بیت الخلا جانے، سوتے وقت اور نیند سے بیدار ہونے کے آداب شامل تھے۔ اسی طرح ۵؍ وقت کی نمازوں کی اہمیت، اسلام کے پانچ بنیادی ارکان، فریضۂ حج کی عملی مشق، مختلف انبیائے کرامؑ کی حیاتِ طیبہ اور قرآنِ کریم میں بیان کردہ تاریخی واقعات، آسمانی کتابوں سے متعلق معلومات، میت کی تدفین کے آداب، قبر کے حالات، جنت البقیع کا منظر، حضرت اسماعیلؑ اور حضرت ہاجرہؑ کا واقعۂ زم زم، مریضوں کی عیادت کی فضیلت اور اس سے حاصل ہونے والے ثواب پر مبنی ماڈل پیش کئے گئے۔علاوہ ازیں کائنات سے متعلق ماڈل، جیسے سورج، چاند، تارے اور موسموں کی تبدیلی، طلبہ کی غیر معمولی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کا ذریعہ بنے۔ اس کامیاب نمائش کے انعقاد میں مدرسہ کے مہتمم مولانا عبد الخالق عالیاوی صاحب اور ان کے اساتذہ نے نمایاں کردار ادا کیا۔
نمائش ،میں شرکاء کو پرچیاں تقسیم کی گئیں، ا جن پر ان سے یہ رائے طلب کی گئی کہ کون سا ماڈل انہیں سب سے زیادہ پسند آیا۔ شرکاءکی رائے کی بنیاد پر پہلے، دوسرے اور تیسرے نمبر کے ماڈل کا انتخاب کیا جائے گا اور انعام سے نواز جائے گا۔اس کے علاوہ انعام یافتہ ماڈل کے تعین کیلئے چند مخصوص افراد کو بطور جج مقرر کیا گیا ہے۔