Inquilab Logo Happiest Places to Work

وزیراعظم مودی سےاینڈی جیسی کی ملاقات ، خطیررقم کی سرمایہ کاری کا اعلان

Updated: June 25, 2026, 6:03 PM IST | New Delhi

امیزون کے سی ای اواینڈی جیسی نے وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کی۔ اس موقع پر جیسی نے ہندوستان کے لیے کمپنی کے عزم کا اعادہ کیا۔

Andy And Modi.Photo:INN
اینڈی اور مودی۔ تصویر:آئی این این

امیزون کے سی ای اواینڈی جیسی نے وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کی۔ اس موقع پر جیسی نے ہندوستان  کے لیے کمپنی کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے ملک میں مصنوعی ذہانت (AI) اور کلاؤڈ انفراسٹرکچر کی توسیع کے لیے ۲۰۳۰ء تک اضافی ۱۳؍ ارب ڈالرس کی سرمایہ کاری کا بھی اعلان کیا۔سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ملاقات کی تصویر شیئر کرتے ہوئے اینڈی جیسی نے لکھا’’وزیراعظم نریندر مودی کے ساتھ امیزون کے ہندوستان میں مستقبل کے منصوبوں پر انتہائی مفید ملاقات ہوئی۔ ہم ایک دہائی سے زیادہ عرصے سے ہندوستان میں صارفین، فروخت کنندگان، ڈیولپرز، اسٹارٹ اپس اور مختلف صنعتوں کو خدمات فراہم کر رہے ہیں، اور ہماری یہ سفر ابھی صرف آغاز ہے۔‘‘انہوں نے مزید کہا’’میں نے ان کے ساتھ آئندہ منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا اور بتایا کہ امیزون اگلے پانچ برسوں میں ہندوستان میں ۴۸؍ ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا، جس میں ۲۱؍ ارب ڈالر سے زیادہ سرمایہ کاری اے آئی  اور کلاؤڈ انفراسٹرکچر کے شعبے میں ہوگی۔‘‘

یہ بھی پڑھئے:پرینکا چوپڑا نے انجلینا جولی کے ساتھ نئے پروجیکٹ کی تصدیق کی


جیسی کے مطابق’’ ۲۰۳۰ءتک ہمارا ہدف ۳۸؍ لاکھ ملازمتوں کے مواقع پیدا کرنا، ۸۰؍ ارب ڈالر کی ای کامرس برآمدات کو ممکن بنانا، اور ایک کروڑ پچاس لاکھ چھوٹے کاروباروں کے ساتھ ساتھ ۴۰؍ لاکھ سرکاری اسکولوں کے طلبہ تک اے آئی  کے فوائد پہنچانا ہے۔ ہم مستقبل کے حوالے سے بہت پُرجوش ہیں اور ہندوستان  میں مزید بہت کچھ کرنے کے مواقع موجود ہیں۔‘‘
امیزون کی سرکاری ویب سائٹ کے مطابق، اس نئی سرمایہ کاری کے بعد ۲۰۲۶ء سے ۲۰۳۰ء کے درمیان ہندوستان میں اے آئی  اور کلاؤڈ انفراسٹرکچر کی توسیع کے لیے کمپنی کی مجموعی منصوبہ بند سرمایہ کاری ۲۱؍ ارب ڈالر سے تجاوز کر جائے گی۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ ہندوستان میں اے آئی  اور کلاؤڈ کے شعبے میں عالمی سطح کی سب سے بڑی سرمایہ کاریوں میں سے ایک ہوگی۔امیزون ویب سروسیز (AWS)  کے ڈیٹا سینٹر نیٹ ورک کو ممبئی اور حیدرآباد میں مزید وسعت دی جائے گی۔ اس سے اسٹارٹ اپس، بڑی صنعتوں اور سرکاری اداروں کواے آئی  چپس، منظم اے آئی  خدمات، محفوظ کلاؤڈ ٹیکنالوجی اور ڈیولپر ٹولز تک بہتر رسائی  ہوگی۔

یہ بھی پڑھئے:جاپان: شمال مشرقی ساحل کے قریب طاقتور زلزلہ، سونامی کا خطرہ یا کسی بڑے نقصان کی اطلاع نہیں


کمپنی نے بتایا کہ ۲۰۱۰ء سے ۲۰۳۰ء تک  ہندوستان  میں اس کی مجموعی سرمایہ کاری ۸۸؍ ارب ڈالر سے زیادہ ہو جائے گی۔ اس کے علاوہ امیزون اپنے ای کامرس اور کوئیک کامرس نیٹ ورک کو مضبوط بنانے کے لیے بھی سرمایہ کاری جاری رکھے گا۔امیزون رواں سال ملک بھر میں ۲۰؍سے زائد نئے فل فلمنٹ سینٹرز اور ۱۰۰؍ سے زیادہ نئے لاسٹ مائل ڈیلیوری اسٹیشنز قائم کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔ اس سے بالخصوص ٹئیر- تھری اور ٹئیر- فورشہروں کے صارفین کو تیز اور قابلِ اعتماد ڈیلیوری سہولت میسر آئے گی۔ کمپنی نے ڈیلیوری عملے کی فلاح و بہبود کے لیے’’سمّان‘‘ نامی ایک خصوصی پروگرام شروع کرنے کا بھی اعلان کیا ہے۔اینڈی جیسی نے وزیراعظم مودی کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہندوستان میں امیزون کا کاروبار، خصوصاً ای کامرس، اے آئی  اور کلاؤڈ سروسیز کے شعبوں میں تیزی سے ترقی کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کمپنی کی ترجیحات ہندوستان کی ڈجیٹل معیشت، چھوٹے کاروباروں کی ڈیجیٹلائزیشن، روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور برآمدات میں اضافے کے قومی اہداف سے ہم آہنگ ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK