Inquilab Logo

انل دیشمکھ کی ۴ء۲؍ کروڑ کی املاک قرق

Updated: July 16, 2021, 11:08 PM IST | Nadeem Asran | Mumbai

سپریم کورٹ میں زیر سماعت پٹیشن کے باوجود ای ڈی کی کارروائی، ورلی کا ڈیڑھ کروڑ کافلیٹ اور اُورن میں  ۲ء۶۷؍ کروڑ کی زمین ضبط کرلی

 Anil Deshmukh alleges that the probe against him is not being conducted impartially..Picture:INN
انل دیشمکھ کا الزام ہے کہ ان کے خلاف جانچ غیرجانبدارانہ نہیں ہورہی ہے۔ ۔تصویر :آئی این این

مرکزی تفتیشی ایجنسی انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے جمعہ کومہاراشر کے سابق وزیر داخلہ اور این سی پی کے سینئر لیڈر انل دیشمکھ  کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئےممبئی اور اُورن  میں  ان کی  اور ان کے اہل خانہ کی ۴ء۲۰؍کروڑ کی  جائیداد قرق کرلی۔ای ڈی نے یہ کارروائی کئی سمن کے باوجود انل دیشمکھ  کے حاضر نہ ہونے کے بعد کی ہے۔ دیشمکھ نے ای ڈی کی جانچ کے خلاف  سپریم کورٹ  سے رجوع کیا ہے اور اپیل کی ہے کہ   وہ ای ڈی کو ان کے خلاف کسی سخت کارروائی سے باز رہنے کی ہدایت دے تاہم ای ڈی نےجمعہ کو ان کی املاک ضبط کرلیں۔ 
 ممبئی اور اورن میں کارروائی
  انسداد منی لانڈرنگ ایکٹ (پی ایم ایل اے ) کے تحت کی گئی اس کارروائی کے بعد جاری کئے گئے بیان میں ای ڈی نے کہا ہے کہ ’’ضبط کی گئی املاک ورلی میں رہائشی فلیٹ  جس کی قیمت ایک کروڑ۵۴؍ لاکھ رپے  ہے اور اُورن  کے دھوتم گاؤں  میں  زمین پر مبنی    ہے جس کی مالیت کاغذ پر ۲؍ کروڑ ۶۷؍ لاکھ روپے  ہے۔‘‘  
؍۴ء۷۰؍کروڑ کی رشوت کا ثبوت: ای ڈی 
 ان الزامات کے بیچ کہ ای ڈی کا استعمال کر کے مرکزکی مودی حکومت  مہاراشٹر میں   این سی پی کو پریشان کرنے اوراس سے سیاسی انتقام لینے کی کوشش کررہی ہے، تفتیشی ایجنسی نے اپنی کارروائی کو جائز ٹھہرایا ہے۔  اس کے مطابق  مہاراشٹر کے وزیر داخلہ کے عہدہ پر فائز رہتے ہوئے انل دیشمکھ نے  فی الحال معطل اسسٹنٹ پولیس انسپکٹر سچن وازے کے توسط سے  ’’ بار اور آرکیسٹرا مالکان سے ۴؍کروڑ ۷۰؍ لاکھ روپے کی رشوت وصول کی تھی۔‘‘ ای ڈی کے مطابق دیشمکھ فیملی نے ۴ء۱۸؍ کروڑ روپے کی غیر قانونی  رقم کو سری سائی شکشن سنستھا کو ملنے والاعطیہ دکھا کر جائز رقم بنانےکی کوشش کی ہے۔  
ء ۲۰۰۴ء میں خریدا گیا فلیٹ بھی قرق
  ای ڈی نے ورلی میں واقع انل دیشمکھ کا جو فلیٹ قرق کیا ہے  وہ ان کی اہلیہ آرتی دیشمکھ کے نام ہے مگر تفتیشی ایجنسی کا دعویٰ ہے کہ یہ دیشمکھ کی ہی ملکیت ہے۔  یہ فلیٹ  ۲۰۰۴ء میں نقد رقم ادا کرکے خریدا گیاتھا مگر  ای ڈی نے اسے ضبط کرنے کا جواز یہ کہہ کر پیش کیا ہے کہ اس کی فروختگی کا معاہدہ ۲۰۲۰ء میںہوا ہے جب  دیشمکھ وزیر داخلہ کے عہدہ پر فائز تھے۔  ای ڈی نے انل دیشمکھ کی اہلیہ آرتی دیشمکھ کو بھی پوچھ تاچھ کیلئے طلب کیاتھا مگر  وہ عمر اور علالت کا حوالہ دیتے ہوئے حاضر نہیں ہوئی تھیں ۔ یجنسی  کے مطابق  پریمیر پورٹ لنکس پرائیویٹ لمیٹیڈ میں ۵۰؍ فیصد مالکانہ حقوق دیشمکھ اوران کے اہل خانہ کے پاس ہیں جو دکانوں اور زمینوں کی شکل میں ہیں اور  جن کی کل قیمت ۵؍ کروڑ ۳۴؍ لاکھ ہے لیکن صرف ۱۷؍ لاکھ ۹۵؍ ہزار ہی ادا کئے گئے ہیں ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK