Inquilab Logo

حج کیلئے عازمین کو آخری قسط جمع کرانے کیلئے محض ۲؍دن باقی

Updated: April 26, 2024, 8:52 AM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai

مہاراشٹرکے ۳۳۶۱؍سے ۵؍ہزارنمبرتک ویٹنگ لسٹ والے عازمین حج کو پُرکیا ہوا فارم اوراوریجنل پاسپورٹ ریاستی حج کمیٹی میں انڈرٹیکنگ کے ساتھ جمع کرانے کی ہدایت۔

Saturday 27th April is the last date for submitting the last installment for Hajj. Photo: INN
سنیچر ۲۷؍اپریل حج کیلئے آخری قسط جمع کرانے کی آخری تاریخ ہے۔ تصویر : آئی این این

حج ۲۰۲۴ء کے لئے آخری قسط جمع کرانے کی آخری تاریخ میں محض ۲؍دن باقی ہے۔سنیچر ۲۷؍ اپریل آخری تاریخ ہے۔ حج کمیٹی آف انڈیا کا کہنا ہے کہ عازمین آخری تاریخ کا انتظار نہ کریں۔ دوسرے یہ کہ مہاراشٹر کی ۳۳۶۱سے ۵؍ ہزارتک کے ویٹنگ لسٹ کے عازمین سے انڈرٹیکنگ کے ساتھ درخواست منگوائی جارہی ہے اوران کو اوریجنل پاسپورٹ جمع کرنے کے لئے کہا گیا ہے۔ انڈرٹیکنگ اس لئے کہ ۵؍ہزار تک ویٹنگ لسٹ کنفرم ہونے کی امیدہے لیکن کسی سبب اگر کنفرم نہ ہوسکی توعازمین معترض نہ ہوں۔
 اوریجنل پاسپورٹ جمع کرنے کا یہ کام ضلعی سطح پربھی کیا جارہا ہے۔ اب تک مہاراشٹرکی ۳۳۶۰؍ ویٹنگ لسٹ کنفرم ہوچکی ہے اورمنتخب عازمین بڑی حد تک ضابطوں کی تکمیل بھی کرچکے ہیں۔ امسال ممبئی سےجانے والے عازمین کو ۳؍ لاکھ ۲۱؍ ہزار ۱۵۰؍ روپے ،اورنگ آباد سے جانے والوں کو ۴؍ لاکھ ۷؍ ہزار  ۲۰۰؍  روپے اورناگپور سے جانےوالے عازمین کو ۳؍ لاکھ ۴۲؍ ہزار ۱۰۰؍ روپے حج خرچ کے طور پر جمع کرانا ہوگا۔
حج کمیٹی آف انڈیا کا کہنا ہے کہ بڑی تعداد میںعازمین نے سفرِ حج خرچ جمع کرادیا ہے مگر اب بھی بہت سے عازمین جمع نہیں کراسکے ہیں۔ ابھی دو دن باقی ہیںمگرعازمین اس کا انتظارنہ کریںکیونکہ عین موقع پرجب بڑی تعداد میں عازمین ایک ساتھ کاغذات یا رقم جمع کراتے ہیںتو ’سرور‘ کا  مسئلہ ہوجاتا ہے اور دیگر دشواریاں بھی پیش آتی ہیں اس لئے پہلے ہی جمع کرادیں۔

یہ بھی پڑھئے: بھیونڈی: میونسپل کارپوریشن نے نالوں کی صفائی کیلئے۲؍ کروڑ۲۲؍لاکھ روپےکا ٹھیکہ دیا

ریاستی حج کمیٹی کے ایگزیکٹیوآفیسر امتیاز قاضی کے مطابق ’’۵؍ہزارتک ویٹنگ والے عازمین کے اوریجنل پاسپورٹ جمع کرائے جارہے ہیںاوراب ایک ہزار سے زائد جمع بھی کراچکے ہیں۔ جہاں تک انڈرٹیکنگ لینے کا معاملہ ہے تو اس کی ضرورت اس لئے محسوس کی گئی کہ عازمین کی رضا مندی شامل رہے کیونکہ حج کمیٹی کی اپنی کوشش ہے کہ زیادہ سے زیادہ کوٹہ ملے اورویٹنگ لسٹ کنفرم ہوجائے تاکہ مہاراشٹر سے زیادہ سے زیادہ عازمین حج بیت اللہ کے لئے جائیںلیکن  دیگر ریاستوں میںاگر کوٹہ نہ بچا یا  زیادہ عازمین نےکینسل نہیںکروایا تو ویٹنگ لسٹ کنفرم ہونے میں مسئلہ بھی ہوسکتا ہے۔ اسی لئے احتیاطا ً یہ کیا جارہا ہے تاکہ مزید کنفرم نہ ہونے کی صورت میںکسی عازم کے اعتراض کی گنجائش نہ رہے۔‘‘
 امتیازقاضی کے مطابق’’ جو کچھ تبدیلی یا ہدایت مرکزی حج کمیٹی کی جانب سے دی جارہی ہے ،اس تعلق سے فوری طور پر ریاست کے عازمین کومطلع کرایا جارہا ہے ۔ویٹنگ لسٹ میں شامل عاز مین کو بار بار اسی لئے متوجہ کیاجارہا ہے تاکہ وہ پیشگی تیاری کرلیں تاکہ جب ان کے نام کا اعلان ہوتو انہیں تیاری نہ کرنی پڑے بلکہ جلد سے جلد ضابطو ںکی تکمیل کرکے حج خرچ وغیرہ جمع کرادیں کیونکہ جب ویٹنگ لسٹ کی تیسری فہرست سامنے آئے گی تب وقت بہت کم بچے گا۔‘‘ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK