سعودی عرب کے شہری اپنے جاننے والوں کو ’پرسنل وزٹ ویزا‘کے تحت بلا سکتے ہیں،ویزا ۹۰؍دن کیلئے ہوگا
EPAPER
Updated: December 20, 2022, 12:07 PM IST | Jeddah
سعودی عرب کے شہری اپنے جاننے والوں کو ’پرسنل وزٹ ویزا‘کے تحت بلا سکتے ہیں،ویزا ۹۰؍دن کیلئے ہوگا
سعودی وزارت حج و عمرہ نےسستے اور آسان طریقہ کار پر مبنی عمرہ ویزا کے نئے طریقہ کا اعلان کردیا۔ یہ نیا طریقہ ’’پرسنل وزٹ ویزا‘‘ کاہے۔اس طریقہ کے تحت تمام سعودی شہریوں کیلئےممکن ہے کہ وہ اپنے دوستوں کومملکت میں عمرہ کرنے کی دعوت دیں۔اس کا مقصددنیا کے مختلف ممالک میں مسلمانوں کو خدا کے مقدس گھر کی زیارت کی سہولیات فراہم کرنا ہے۔سعودی وزارت حج و عمرہ نے’پرسنل وزٹ ویزا‘ کے ذریعے فراہم کردہ فوائدکی وضاحت کی، یہ ویزاشہریوں کو اپنے دوستوں کو مملکت میں عمرہ کرنے کی دعوت دینے کے قابل بناتا ہے۔اس ویزا کے فوائد کو دیکھیں تو اس میں ایک ہی وقت میں کئی مہمانوں کیلئےایک سے زیادہ درخواستیں جمع کرانا، کئی مرتبہ یاایک مرتبہ سعودی میںداخل ہونا، عمرہ کے مناسک ادا کرنے کے ساتھ، مسجد نبویؐ، مذہبی مقامات اور تاریخی مقامات کادورہ کرنا اور ساتھ ہی اسی ویزا پر سعودی عرب کےکسی بھی علاقے کی سیرکرنا جیسی سہولیات شامل ہیں۔ ایک ہی سفر کیلئے اس پرسنل وزٹ ویزا‘‘ کی معیاد ۹۰؍ دن ہے۔ ملٹی انٹری ویزا کی معیاد ۳۶۵؍ دن ہے اور اس میں قیام کی مدت ۹۰؍ دن ہے۔
سعودی وزارت خارجہ نے اس سے قبل ’پرسنل وزٹ ویزا‘حاصل کرنے کے طریقہ کار کا اعلان کیا تھا جو زائرین کو مملکت کی سرزمین میں داخل ہونے کے قابل بناتا ہے تاکہ وہ اپنے ایسے دوستوں یا جاننےوالوں سے ملاقات کر سکیں جو سعودی شہری ہیں۔اس سفر میں مملکت کے علاقوں کا دورہ کرنا، عمرہ ادا کرنا، مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں مذہبی تاریخی مقامات کا دورہ کرنا اور ثقافتی تقریبات میں شرکت کرنا شامل ہے۔وزارت خارجہ نے کہا کہ ویزا کے لیے درخواست ویزا پلیٹ فارم کی ویب سائٹ پر آسان الیکٹرانک اقدامات کے ذریعے دی جائے گی۔