Inquilab Logo Happiest Places to Work

سعودی عرب: نئے عمرہ سیزن کا آغاز، عمرہ ویزوں کا اجرا شروع

Updated: June 02, 2026, 8:04 PM IST | Riyadh

سعودی عرب نے حج ۲۰۲۶ء کے اختتام کے فوراً بعد نئے عمرہ سیزن کا باضابطہ آغاز کر دیا ہے۔ وزارتِ حج و عمرہ کے مطابق ۳۱؍ مئی ۲۰۲۶ء سے عمرہ ویزوں کا اجرا اور بیرونِ ملک سے زائرین کی آمد شروع ہو گئی ہے، جبکہ یکم جون ۲۰۲۶ء سے زائرین نسک ایپ کے ذریعے عمرہ پرمٹ حاصل کر سکیں گے۔

Photo: INN
تسویر: آئی این این

حج ۲۰۲۶ء کے کامیاب اختتام کے بعد سعودی عرب نے نئے عمرہ سیزن کا آغاز کرتے ہوئے عمرہ ویزوں کا اجرا باضابطہ طور پر شروع کر دیا ہے۔ سعودی وزارتِ حج و عمرہ کے مطابق اتوار ۳۱؍ مئی ۲۰۲۶ء، مطابق ۱۴؍ ذی الحجہ ۱۱۴۷؍ ہجری سے بیرونِ ملک عمرہ زائرین کے لیے ویزوں کا اجرا اور مملکت میں ان کے داخلے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ وزارت کی جانب سے جاری کردہ عمرہ سیزن کیلنڈر کے مطابق دنیا بھر سے آنے والے عمرہ زائرین یکم جون ۲۰۲۶ء سے ’’نسک‘‘ ایپلی کیشن کے ذریعے عمرہ پرمٹ حاصل کر سکیں گے، جس کے بعد انہیں مکہ مکرمہ میں داخل ہو کر عمرہ ادا کرنے کی اجازت ہوگی۔ سعودی حکومت نے حالیہ برسوں میں عمرہ اور حج کے انتظامات کو مزید مؤثر اور ڈجیٹل بنانے کے لیے نسک پلیٹ فارم کو مرکزی حیثیت دی ہے، جس کے ذریعے ویزا، رہائش، پرمٹ اور دیگر خدمات ایک ہی نظام کے تحت فراہم کی جاتی ہیں۔

یہ بھی پڑھئے : روانگی سے قبل حجاج کیلئے۸۰؍ زبانوں میں تراجم کے ساتھ قرآن کریم کے نسخوں کا تحفہ

وزارتِ حج و عمرہ نے گزشتہ ماہ جاری کردہ شیڈول میں واضح کیا تھا کہ نئے عمرہ سیزن کے لیے عمرہ ویزوں کے اجرا کی آخری تاریخ یکم شوال ۱۴۴۸؍ ہجری، یعنی ۹؍ مارچ ۲۰۲۷ء مقرر کی گئی ہے۔ اس کے بعد نئے عمرہ ویزے جاری نہیں کیے جائیں گے۔ اسی طرح بیرونِ ملک سے عمرہ زائرین کی سعودی عرب آمد کی آخری تاریخ ۱۵؍ شوال ۱۴۴۸؍ ہجری، یعنی ۲۳؍ مارچ ۲۰۲۷ء مقرر کی گئی ہے۔ وزارت نے واضح کیا ہے کہ اس تاریخ کے بعد کسی نئے عمرہ زائر کو مملکت میں داخلے کی اجازت نہیں ہوگی۔

یہ بھی پڑھئے : حج مکمل، حجاج کرام مکہ سے روانہ ہو رہے ہیں

اخبار ۲۴؍ کی رپورٹ کے مطابق وزارت نے مزید بتایا کہ عمرہ زائرین کی سعودی عرب سے روانگی کی آخری تاریخ ۳۰؍ شوال ۱۴۴۸؍ ہجری، یعنی ۷؍ اپریل ۲۰۲۷ء مقرر کی گئی ہے۔ تمام عمرہ زائرین کو مقررہ مدت کے اندر مملکت چھوڑنا ہوگا تاکہ امیگریشن اور اقامتی ضوابط پر مکمل عمل درآمد یقینی بنایا جا سکے۔ وزارتِ حج و عمرہ نے اپنے سرکاری ایکس (سابقہ ٹوئٹر) اکاؤنٹ پر جاری بیان میں کہا کہ حج سیزن کے اختتام پر حجاج کرام کو دعاؤں کے ساتھ رخصت کیا جا رہا ہے جبکہ نئے عمرہ سیزن میں دنیا بھر سے آنے والے اللہ کے مہمانوں کا خیر مقدم کیا جا رہا ہے۔ وزارت کے مطابق سعودی حکومت کی تمام متعلقہ ایجنسیاں اس بات کو یقینی بنانے کے لیے مسلسل کام کر رہی ہیں کہ زائرین کو آرام دہ، محفوظ اور روحانی طور پر خوشگوار ماحول میسر آئے۔

یہ بھی پڑھئے : نیدر لینڈز میں مسجد پر حملہ، شکایت درج، فوری تحقیقات کا مطالبہ

بیان میں کہا گیا کہ عمرہ زائرین کو اعلیٰ معیار کی خدمات فراہم کرنا سعودی وژن ۲۰۳۰ء کے اہم اہداف میں شامل ہے۔ اسی مقصد کے تحت مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں انفراسٹرکچر، ٹرانسپورٹ، رہائش، صحت اور ڈجیٹل سہولیات کو مسلسل بہتر بنایا جا رہا ہے تاکہ لاکھوں زائرین کو بہترین تجربہ فراہم کیا جا سکے۔ وزارت نے عمرہ کمپنیوں، ٹریول آپریٹرز اور بیرونِ ملک مجاز ایجنٹس کو ہدایت کی ہے کہ وہ مقررہ شیڈول اور سرکاری ضوابط کی مکمل پابندی کریں۔ حکام کا کہنا ہے کہ تمام منظور شدہ ہدایات پر عمل درآمد کے ذریعے ہی پورے سیزن کے دوران خدمات کے معیار کو برقرار رکھا جا سکتا ہے۔
حج اور عمرہ سعودی عرب کی معیشت، مذہبی سیاحت اور وژن ۲۰۳۰ء کے اہم ستونوں میں شمار ہوتے ہیں۔ گزشتہ چند برسوں میں سعودی حکومت نے عمرہ زائرین کی تعداد میں نمایاں اضافہ کرنے کے لیے متعدد اصلاحات متعارف کرائی ہیں، جن میں ای ویزا، ڈجیٹل پرمٹ، تیز رفتار امیگریشن نظام اور بین الاقوامی فضائی رابطوں میں توسیع شامل ہیں۔ حکام کو توقع ہے کہ نئے عمرہ سیزن میں بھی دنیا بھر سے لاکھوں مسلمان مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کا رخ کریں گے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK