• Thu, 26 February, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

اندور میں آلودہ پانی کے سبب ایک اور شخص کی موت ، عوام میں ناراضگی

Updated: February 26, 2026, 5:43 AM IST | Indore

رام نریش یادو گزشتہ ۱۵؍ دنوںسے اسپتال میں زیر علاج تھے،مقامی باشندوں میں غم وغصہ کی لہر

Protests were also held over the deaths in Indore.
اندور میں ہونے والی اموات پراحتجاجات بھی کئے گئے

 مدھیہ پردیش کے شہر اندور میں واقع بھاگیرتھ پورہ علاقے میں مبینہ طور پر آلودہ پانی سے ایک اور شخص کی موت ہو گئی ہے جس کی وجہ سے علاقہ میں پھر دہشت پیدا ہو گئی ہے۔ الزام عائد کیا جا رہا ہے کہ۵۴؍ سالہ رام نریش یادو گندہ پانی پینے سے بیمار ہوئے، اور پھر علاج کے دوران ان کا انتقال ہو گیا۔ اس علاقہ میں پانی کے سبب ہونے والی بیماریوں کے تعلق سے پہلے ہی لوگ فکر مند ہیں، اب رام نریش یادو کی موت سے تشویش مزید بڑھ گئی ہے۔
 بتایا جا رہا ہے کہ رام نریش یادو گزشتہ ۲؍ ہفتہ سے بیمار تھے۔ ا نہیں ۱۵؍ دنوں سے آئی سی یو میں رکھا گیا تھا جہاں منگل(۲۴؍ فروری) کو علاج کے دوران ان کی موت ہو گئی۔ بدھ کے روز ان کی بیٹی پریرنا یادو نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ آلودہ پانی پینے کی وجہ سے ہی ان کی حالت خراب ہوئی تھی۔ اس کا کہنا ہے کہ ابتدا میں دست کی شکایت ہوئی، بعد میں پانی سے پھیلی بیماری بڑھ گئی اور انفیکشن پورے جسم میں پھیل گیا۔ گزشتہ ۱۵؍ دنوں سے ان کا علاج آئی سی یو میں چل رہا تھا۔
 اہل خانہ کا کہنا ہے کہ لگاتار الٹی اور دست کے سبب ان کی حالت سنگین ہوتی گئی، جسم بہت کمزور ہو گیا۔ جسم میں سوزش بھی دکھائی دینے لگی، جس کے بعد انھیں اسپتال میں داخل کروایا گیا۔ میڈیکل جانچ میں مبینہ طور پر سامنے آیا کہ ان کے گردہ اور جگر کو شدید نقصان پہنچا تھا۔ گھر والوں کا ماننا ہے کہ انفیکشن پورے جسم میں پھیل گیا، جس سے کئی اعضا نے کام کرنا بند کر دیا اور آخر کار ان کی موت ہو گئی۔
 مقامی باشندوں نے بتایا کہ بھاگیرتھ پورہ میں گزشتہ تقریباً ایک ماہ سے آلودہ پانی کا مسئلہ  قائم  ہے۔ نتیجہ یہ ہو رہا ہے کہ کئی لوگ بیمار پڑ چکے ہیں۔ کچھ لوگوں کا دعویٰ ہے کہ علاقے میں ہوئی دیگر اموات بھی پانی کی آلودگی  کے سبب ہی ہوئی  ہیں۔ انتظامیہ نے اس سے قبل اسمبلی میں  معلومات دی تھی کہ تقریباً ۲۰؍ اموات آلودہ پانی کے سبب ہوئی ہیں، حالانکہ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ اصل تعداد اس سے زیادہ ہو سکتی ہے۔
 بہرحال، رام نریش یادو اپنے گھر کے واحد کمانے والے فرد تھے۔ ان کی فیملی میں ۴؍ بیٹیاں ہیں، جن میں سے کچھ کی شادی ہو چکی ہے اور کچھ کی شادی ہونی ہے۔ محکمہ صحت کے افسران نے فی الحال اس معاملہ میں خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔ موت کی اصل وجہ کے بارے میں بھی باضابطہ طور پر کوئی معلومات نہیں دی ہے۔ اب تحقیقات کے بعد ہی پتہ چل پائے گا کہ موت کی براہ راست وجہ آلودہ پانی ہے یا نہیں۔
 یاد رہے کہ اندور اور اس کے آس پاس کے علاقوں میں کچھ عرصہ پہلے آلودہ پانی کے استعمال کی وجہ سے تقریباً ۲۰؍ لوگوں کی موت ہو گئی تھی جس کا اعتراف خود مدھیہ پردیش حکومت نے بھی کیا تھا۔ لوگوں کاکہنا ہے کہ ان کے نلوں اور ٹینکوں میں گندا پانی سپلائی ہو رہا تھا۔ 

indore Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK