• Tue, 03 February, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

جنوری میں پھر ۳۶؍ ہزار کروڑ غیر ملکی سرمایہ نکال لیاگیا

Updated: February 03, 2026, 4:51 PM IST | Agency | New Delhi

مودی سرکار کی پالیسیاں اعتماد بحال کرنے میں ناکام، بجٹ میں سیکوریٹیز ٹرانزیکشن ٹیکس میں اضافہ کی تجویز مزید منفی اثر ڈال سکتی ہے۔

Finance Minister Nirmala Sitharaman on her way to present the budget on Sunday. Picture: INN
اتوار کو وزیرمالیات نرملا سیتارمن بجٹ پیش کرنے کیلئے جاتے ہوئے۔ تصویر: آئی این این
ہندوستانی بازار سے غیر ملکی سرمایہ کی نکاسی کا سلسلہ تھمنے کا نام نہیں لے رہا ہے۔ مودی سرکار کی پالیسیاں غیر ملکی سرمایہ کاروں  میں اعتماد بحال کرنے میں ناکام ہے جبکہ اتوار کو پیش کئے گئے بجٹ  میں سیکوریٹریز ٹرانزیکشن ٹیکس (ایس ٹی ٹی )میں اضافہ کی تجویز کی وجہ سے غیر ملکی سرمایہ کاروں پر مزید منفی اثرات مرتب ہونے کا اندیشہ ظاہر کیا جارہاہے۔ 
 ریکارڈ انخلاء کے بعد سلسلہ دراز
۲۰۲۵ء میں  ہندوستانی بازار سے غیر ملکی سرمایہ کی ریکارڈ  نکاسی کے بعد ۲۰۲۶ء کے پہلے ہی مہینے میں  مزید ۳۶؍ ہزار کروڑ روپے نکال لئے گئے۔   واضح رہے کہ ۲۰۲۵ء میں غیر ملکی سرمایہ کا ۱ء۶۶؍ لاکھ کروڑ روپے(۱۸ء۹؍ ارب ڈالر) کا سب سے بڑا انخلا دیکھا گیا ۔ اس کی جو وجوہات بیان کی گئی ہیں ان میں اہم ہندوستانی کرنسی کی غیر مستحکم صورتحال ہے۔  اس کے علاوہ عالمی سطح پر  تجارتی ماحول کی کشیدگی اور امریکی ٹیرف  سے متعلق   خدشات بھی اس کی وجہ ہیں۔
اتوار کو بجٹ پیش کئے جانے کے بعد فیوچرز اور آپشنزٹریڈنگ میںسیکوریٹریز ٹرانزیکشن ٹیکس (ایس ٹی ٹی )   میں اضافے کا  بھی قلیل مدت  میں غیر ملکی سرمایہ کے بہاؤ پر منفی پڑنے کا امکان ہے،  خاص طور پر ان عالمی فنڈس پر جو ہائی فریکوئنسی اور ڈیریویٹو ٹریڈنگ پر توجہ دیتے ہیں۔
 صرف ترقی کے اندازے کافی نہیں 
چوائس ایکویٹی بروکنگ کے ٹیکنیکل ریسرچ اینالسٹ آکاش شاہ کے مطابق’’اگرچہ ایس ٹی ٹی  میں اضافہ ٹیکس وصولی میں مدد دے سکتا ہے لیکن اس سے ٹریڈنگ والیوم کم ہوسکتا ہے اور حکمت عملی کی بنیاد پر ہونے والی غیر ملکی سرمایہ کی شمولیت سست پڑ سکتی ہے۔ ‘‘ انہوں  نے اس کی وجوہات بیان کرتے ہوئے کہا کہ’’ پائیدار غیر ملکی سرمایہ کاری کو بحال کرنے کیلئے سرمایہ کارصرف ترقی کے اندازوں  پر سرمایہ کاری کافیصلہ نہیں کریں گے بلکہ اس کیلئے  ہندوستان  کے معاشی استحکام، روپے کی قدر کی صورتحال اور ٹیکس پالیسی میں مستقل مزاجی پر زیادہ توجہ دیں گے ۔‘‘
ایس ٹی ٹی میں کتنا اضافہ؟
وزیر خزانہ نرملا سیتارامن نے بجٹ تقریر  میں  اعلان کیا ہے کہ فیوچرس ٹریڈنگ پر ایس ٹی ٹی کو ۰ء۰۲؍ فیصد سے بڑھا کر۰ء۰۵؍فیصد کیا جائے گا اور آپشنز کے پریمیم  اور ایکسرسائز پر ایس ٹی ٹی کو۰ء۱؍فیصد  اور۰ء۱۲۵؍ فیصد سے بڑھا کر ۰ء۱۵؍ کیا جائے گا۔این ایس ڈی ایل کے اعداد و شمار کے مطابق غیر ملکی سرمایہ کاروں  نے جنوری میں  ہندوستانی بازار سے۳۵؍ہزار ۹۶۲؍ کروڑ روپے نکالے۔اینجل ون لمیٹڈ کے سینئر فنڈامینٹل اینالسٹ وقارجاوید خان کا کہنا ہے کہ غیر ملکی سرمای کی نکاسی کی  بڑی وجوہات میں گرین لینڈ تنازع  کے دوران یورپ پر امریکی ٹیرف کی دھمکی، عالمی سطح پرغیر یقنی حالات،امریکی ڈالر کی مضبوطی، بانڈ سے بہتر منافع ،روپے کی کمزوری اور مارکیٹ کی بلند قدر شامل ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK