امریکی صدرنے کہا کہ میں اردگان کی عزت کرتا ہوں اسلئے جاؤں گا۔
EPAPER
Updated: June 26, 2026, 11:15 AM IST | Washington
امریکی صدرنے کہا کہ میں اردگان کی عزت کرتا ہوں اسلئے جاؤں گا۔
اگلے ماہ ۷-۸؍جولائی کو ترکی میں نیٹو ممالک کا سربراہی اجلاس منعقد ہوگا۔ جس میں امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے بھی شرکت کا اعلان کیا ہے۔ قابل ذکر ہےکہ وہ نیٹو کے بڑے مخالف ہیں اور حالیہ دنوں میں اس پر شدید تنقید کرچکے ہیں۔ امریکی صدر نے اس تعلق سے بیان دیا ہے کہ ’’میں ترکی کے صدر رجب طیب اردگان کی بہت عزت کرتا ہوں، ترکی نیٹو کا رکن ہے ، اس لئے میں انقرہ اجلاس میں جارہا ہوں۔‘‘ قابل ذکرہے کہ ٹرمپ انتظامیہ نے ترکی کو۷۵۰؍ ملین ڈالر مالیت کے ایف۱۱۰؍ جیٹ انجن فروخت کرنے کے لیے کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق، انتظامیہ نے جنرل الیکٹرک کے تیار کردہ ان انجنوں کی فروخت جاری رکھنے کے اپنے ارادے سے کانگریس کو آگاہ کر دیا ہے جو ترکی کے پہلے مقامی جنگی طیارے کان کو قوت فراہم کریں گے۔ انتظامیہ نے صدر رجب طیب اردگان کو ’خطے میں ایک اہم شراکت دار‘ قرار دیا ہے۔ اس اقدام کو اگلے ماہ انقرہ میں ہونے والے نیٹو سربراہی اجلاس سے قبل ترکی کے لیے ایک اہم سفارتی پیش رفت اور خیر سگالی کا اشارہ سمجھا جا رہا ہے جہاں امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی صدر اردگان سے ملاقات متوقع ہے۔ قومی امکان ہے کہ اس فروخت کے معاملے کو آنے والے دنوں میں حتمی شکل دے دی جائے گی، جس کے بعد امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے کانگریس کو باضابطہ طور پر مطلع کیا جائے گا۔ بدھ کو جب ٹرمپ سے انقرہ کی جانب سے ایف۳۵؍جنگی طیاروں اور جیٹ انجنوں کے مطالبے کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے کہا تھا کہ وہ ایک ایسا قدم اٹھا سکتے ہیں جو ترکی کو بہت خوش کر دے گا۔