Inquilab Logo

ٹی ای ٹی کے رزلٹ میں تاخیر سے امیدوار وں میں بے چینی

Updated: September 21, 2022, 9:56 AM IST | saadat khan | Mumbai

۱۰؍ مہینے گزرنےکےباوجود اب تک رزلٹ نہیں آیا، امیدوارملازمت کیلئے درخواست نہیں دے پا رہے ہیں،ایم ایس ای سی کی جانب سے وضاحت نہ ہونے سے پریشانی میں اضافہ

Candidates are still waiting for the results of the TET exam conducted in November last year. (File Photo)
گزشتہ سال نومبر میں دئیے گئے ٹی ای ٹی امتحان کے نتائج کا انتظار امیدوار اب بھی کر رہے ہیں۔(فائل فوٹو)

ٹیچر ایلجیبلٹی ٹیسٹ (ٹی ای ٹی ) کا امتحان ۲۱؍ نومبر ۲۰۲۱ءکو منعقد کیاگیاتھا۔ ۱۰؍ مہینہ گزر نےکےباوجود ابھی تک اس کا رزلٹ نہیں آیاہے جس کی وجہ سے امتحان میں شریک ہونےو الے لاکھوں اُمیدوار پریشان ہیںاور بے صبری سے رزلٹ کاانتظار کررہےہیں ۔اس ضمن میں مہاراشٹر اسٹیٹ ایگزامنیش کونسل(ایم ایس ای سی) پونے کی طر ف سےکسی طرح کی وضاحت نہیں کی جارہی ہے کہ رزلٹ کب جاری کئے جائیں گے جس سے اُمیدواروںمیں بے چینی اور مایوسی پائی جا رہی ہے۔ متعدد تعلیمی تنظیموں نے اس تعلق سے ریاستی وزیر تعلیم،  ایجوکیشن کمشنر اور مذکورہ کونسل کو مکتوب روانہ کر کےرزلٹ جلد ازجلد جاری کرنےکا مطالبہ کیاہے۔ 
 آل انڈیا آئیڈیل ٹیچرس ایسوسی ایشن  (آئیٹا) مہاراشٹر نے ریاستی وزیر تعلیم دیپک کیسرکر  کوای میل کرکے ٹی ای ٹی کے نتائج جلد ازجلد جاری کرنےکیلئے متعلقہ ایجوکیشن افسران کو ہدایت دینےکی درخواست کی ہےتاکہ رزلٹ سےمتعلق امیدواروں میں جو ذہنی تنائو ہے اسے دور کیا جاسکے ۔ 
       آئیٹا کے رابطہ کار پٹھان شریف خان نے انقلاب کو بتایا کہ’’ ٹی ای ٹی امتحان منعقد ہوئے ۳۰۰؍ سے زائد دن گزر چکے ہیں ہے مگر ابھی تک نتائج کا اعلان نہ ہونے سے اُمیدوار ذہنی دبائو  اور نفسیاتی الجھن میں مبتلا ہیں۔ نتائج میں تاخیر ہونے سے متعلق سوشل میڈیا پر پھیلنے والی افواہوں سے بھی اُمیدواروں میں بے چینی پائی جارہی ہے۔۲۱؍نومبر ۲۰۲۱ء کوہونےوالے ٹی ای ٹی امتحان میں مجموعی طورپر۴؍لاکھ ۶۸؍ہزار ۶۷۸؍ اُمیدواروںنےشرکت کی تھی۔ ان میں پیپر اوّل کیلئے ۲؍لاکھ ۵۴؍ہزار ۴۲۸؍ اور پیپر دوم کیلئے ۲؍لاکھ۱۴؍ہزار ۲۵۰؍ اُمیدواروں نے فارم پُرکئے تھے۔ ان اُمیدواروں کےامتحان دینےکےبعد ایم ایس ای سی نے ۲؍دسمبر ۲۰۲۰ءکو اپنی ویب سائٹ پر عارضی جوابی شیٹ جاری کی تھی تاکہ اُمیدوار جانچ سکیں کہ انہوںنے جو جو اب لکھاہے وہ ایم ایس ای سی کے شائع کردہ جوابات کےمطابق ہے یا نہیں ، جانچ کیلئے اُمیدواروںکو ایک ہفتہ کا وقت دیاگیاتھا۔ بعدازیں۲۰؍جون ۲۰۲۲ء کو حتمی جوابی شیٹ جاری کی گئی تھی۔ ان شیٹ کے جاری کئے جانے کے بعد رزلٹ جاری ہونےکاپورا امکان تھا ۔ لیکن اس کےباوجود ابھی تک رزلٹ جاری نہیں کیاگیا ہے ۔ عموماً امتحان کے ۳؍مہینے بعد رزلٹ جاری کیاجاتاہےمگر ٹی ای ٹی امتحان ہوئے ۱۰؍مہینے گزر چکے ہیں پھر بھی رزلٹ جاری نہیں کیاگیاہے۔ ‘‘   
 آئیٹا کے ریاستی صدر سید شریف یونس نے آئندہ ۱۰؍ دنوں میں ٹی ای ٹی کے نتائج ظاہر ہونے کا امکان ظاہر کیا ہے۔
  اکھل مہاراشٹر اُردو شکشک سنگٹھنا کےجنرل سیکریٹری ضمیر رضانے بتایاکہ ’’ ٹی ای ٹی کا رزلٹ جاری نہ کئے جانے سے اُمیدوار ذہنی طور پر پریشان ہیں۔ ٹی ای ٹی پاس ہونے کا سرٹیفکیٹ نہ ملنے سے وہ ملازمت کیلئے کہیں بھی درخواست نہیں دے پارہےہیں جس کی وجہ سے وہ روزگار سے متعلق فکرمند ہیں۔  اس لئے ایم ایس ای سی کو چاہئے کہ جلدازجلد ٹی ای ٹی کا رزلٹ جاری کرے۔‘‘
 ایک سوال کے جواب میں انہوںنےکہاکہ ’’ رزلٹ میں تاخیر کی ایک وجہ گزشتہ ٹی ای ٹی امتحان میں ہونےوالی بدعنوانی بتائی جارہی ہے۔ حالانکہ پولیس نے اس معاملہ کی انکوائری مکمل کرلی ہے۔ ساتھ ہی امسال کے ٹی ای ٹی امتحان کے رزلٹ کو جاری کرنےکی اجازت بھی دے دی ہے اس کے باوجود رزلٹ جاری کرنےمیں کیوں تاخیر ہورہی ہے۔ اس کی وجہ سمجھ میں نہیں آرہاہے۔ ‘‘
  اس تعلق سے ایجوکیشن کمشنر سورج مانڈھرے، ڈپٹی ایجوکیشن کمشنر سیلجا دراڈے اور وزیر تعلیم دیپک کیسرکر سے موبائل اور لینڈلائن فون پر رابطہ کرنےکی متواتر کوشش کی گئی لیکن بات نہیں ہوسکی۔

TET Result Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK