Updated: November 11, 2026, 7:04 PM IST
| New Delhi
ایسو سی ایشن فار پروٹیکشن آف سول رائٹس کی جانب سے ہیٹ اسپیچ ٹریکر کے ذریعے جنوری تا ستمبر ۲۰۲۶ء کے درمیان ہونے والی تفرت انگیز تقاریر اور بیانات کو ریکارڈ کیا ہے۔ ان بیانات کو دینے والوں میں وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امیت شاہ سمیت متعدد بی جے پی حکومت والی ریاستوں کے وزیر اعلیٰ اور عوامی نمائندے شامل ہیں۔ اے پی سی آر کی رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ ایسے کل ۵۶؍ افراد کے ذریعے ۹؍ مہینوں میں ۸۳؍ نفرت انگیز تقاریرکی گئی ہیں جبکہ ان میں صرف ۶؍ ایف آئی آردرج کی گئی ہیں۔
وزیر اعظم نریندر مودی۔ تصویر: آئی این این
اے پی سی آر (ایسو سی ایشن فار پروٹیکشن آف سول رائٹس) کے ہیٹ اسپیچ ٹریکر نے جنوری سے ستمبر ۲۰۲۶ء کے درمیان ۱۶؍ ریاستوں میں ۵۷؍ افراد کی ۸۳؍ نفرت انگیز تقاریر ریکارڈ کی ہیں۔ ان میں سے ۳۳؍ تقاریر وزیرِ اعظم نریندر مودی، مرکزی وزیرِ داخلہ امیت شاہ اور چار وزرائے اعلیٰ سمیت عوامی عہدیداروں نے کیں۔ اس کے علاوہ دہلی کے اتّم نگر معاملے میں تشدد پر اکسانے والی ۱۱۰؍ ویڈیو کلپس بھی ریکارڈ کی گئیں، لیکن صرف ۶؍ تقاریر پر ایف آئی آر درج ہوئی اور کسی کو گرفتار نہیں کیا گیا۔
مارچ ۲۰۲۶ء میں، ہندو رکشا دل کے اتراکھنڈ کے صدر للت شرما نے اتّم نگر کی جے جے کالونی میں مسلمانوں کے خلاف پرتشدد بیانات دئیے اور عید نہ منانے دینے کی دھمکی دی کہ ’’اس بار عید نہیں منانے دیں گے۔ ‘‘ اے پی سی آر نے اتّم نگر کے حوالے سے ۱۱۰؍ کلپس کی دستاویز سازی کی، جن میں سے ۶۰؍ میں مسلمانوں کو قتل کرنے یا ان کا انکاؤنٹر کرنے کے مطالبات تھے۔ تاہم دہلی پولیس نے کسی ویڈیو پر ایف آئی آر درج نہیں کی۔ اے پی سی آر کی ہیٹ کرائم ٹریکر رپورٹ نے انہی ۹؍ مہینوں میں مسلمانوں اور عیسائیوں کے خلاف ۳۲۲؍ نفرت انگیز جرائم کو بھی ریکارڈ کیا، جن کی مجموعی تعداد ۴۰۵؍ بنتی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: عثمان آباد: یڈشی گاؤں میں دکان و مکان میں بھیانک آتشزدگی،۶؍افراد موت کی نیند سوگئے
گیرہ تقاریربی جے پی کی حکومت والی ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ یا نائب وزرائے اعلیٰ یعنی یوگی آدتیہ ناتھ، کیشو پرساد موریا، ہمینتا بسوا شرما، پشکر سنگھ دھامی اور شویندو ادھیکاری کی طرف سے آئیں۔ وزیرِ اعظم مودی اور وزیرِ داخلہ امیت شاہ نے بھی انتخابی مہم کے دوران ’’گھس پیٹھیوں‘‘ سے متعلق بیانات دئیے۔ اس کے علاوہ ہندوتوا تنظیموں اور اکھاڑوں نے ۲۵؍ تقاریر کیں۔ ۸۳؍ میں سے ۳۷؍ تقاریر میں تشدد یا مسلح ہونے کی اپیل کی گئی۔ تقاریر میں مسلمانوں کے معاشی بائیکاٹ، گربا پر پابندی اور ہر جرم کو ’’جہاد‘‘ کا نام دینے کے مطالبات شامل تھے، جبکہ عیسائیوں کو بھی ۴؍ تقاریر میں نشانہ بنایا گیا۔
رپورٹ کے مطابق زیادہ تر تقاریر ان ۱۲؍ افراد کی طرف سے آئیں جو پہلے بھی ایسا کرتے رہے ہیں، جن میں ۷؍ سرکاری عہدیداربھی شامل ہیں۔ ان کی ۵۰؍ کے قریب تقاریر میں سے صرف ۵؍ پر ایف آئی آر ہوئی اور کسی کی گرفتاری نہیں ہوئی۔ مہاراشٹر کے وزیر نیتیش رانے نے ۹؍ تقاریر اور آسام کے وزیر اعلیٰ ہمینتا بسوا شرما نے ۴؍ تقاریر کیں لیکن کوئی کارروائی نہیں ہوئی۔ تلنگانہ کے بی جے پی لیڈر ٹی راجہ سنگھ کی ۴؍ تقاریر پر شہریوں کی شکایت کے بعد ۲؍ ایف آئی آر درج کی گئیں مگر گرفتاری پھر بھی نہیں ہوئی۔ اسی طرح اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ، مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ، اتراکھنڈ کے وزیر اعلیٰ پشکر دھامی اور مغربی بنگال کے وزیراعلیٰ شویندو ادھیکاری کے تقاریر و بیانات پر کوئی کارروائی نہیں ہوئی۔ للت شرما، دکش چودھری، رِددھیما شرما اور سمی وششسٹھا کی متعدد تقاریر اور کلپس کے باوجود دہلی میں کوئی گرفتاری یا کارروائی نہیں کی گئی۔
۲۱؍ جنوری کو شیو گڑھ (رائے بریلی) میں نفرت انگیز تقاریر کرنے والے چار افراد چھ ہفتوں بعد دہلی کے اتّم نگر میں بھی تشدد پر اکساتے پائے گئے۔ اس سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ بغیر کسی سخت کارروائی کے محض درج کی گئی ایف آئی آر انفرت انگیز مقررکو ان کے عمل سے نہیں روکتی۔ ۴؍ مارچ کو ہولی کے دن دو پڑوسی خاندانوں کے درمیان تنازع کے بعد ۲۶؍ سالہ ترون (دلت) کی موت ہو گئی، جس پر پولیس نے ۱۴؍ مسلم افراد کو گرفتار کیا۔ اس کے بعد بجرنگ دل اور وی ایچ پی کے احتجاج، نذرِ آتش کرنے کے واقعات اور ایم سی ڈی کی طرف سے عمارت مسمار کرنے کے اقدامات سامنے آئے۔ بعد ازاں ۱۹؍ مارچ کو ہائی کورٹ نے پرامن عید کو یقینی بنانے کا حکم دیا، جس کے بعد بھاری پولیس اہلکارںکی تعیناتی میں نمازِ عید ادا کی گئی۔
یہ بھی پڑھئے: ’’ہم دیوالی کو ’خوشیوں کی عید‘ اورعید کو ’خوشیوں کی ہولی‘ کہیں گے‘‘
مزید برآں موصولہ ۱۱۰؍ ویڈیو کلپس میں سے ۶۰؍ میں مسلمانوں کے انکاؤنٹر کا مطالبہ کیا گیا۔ ۱۴؍ کلپس میں بلڈوزر کارروائی اور غیر قانونی قتل کے مطالبات کئے گئے، جبکہ کچھ بیانات میں بی جے پی لیڈروں کو بھی کارروائی نہ کرنے پر نشانہ بنایا گیا۔ متعدد تقاریر کا بنیادی مقصد عید کے تہوار کو نشانہ بنانا اور ہولی کے تنازع کا بدلہ عید کے موقع پر خون کی ہولی سے لینا بتایا گیا تھا۔علاوہ ازیں ۱۶؍ کلپس میں مسلم بچوں اور پورے خاندانوں کو دھمکیاں دی گئیں جبکہ ۱۹؍ کلپس میں ہندوؤں کو مسلح ہونے اور تنظیمیں بنانے کی ترغیب دی گئی۔ مسلمانوں کے بائیکاٹ اور توہین آمیز الفاظ کا استعمال بھی کھلم کھلا کیا گیا۔ زیادہ تر پرتشدد مواد للت شرما، سمی وششسٹھا ، پریت سروہی اور باہر سے آئے دیگر افراد کی طرف سے پھیلایا گیا۔ دہلی پولیس کے مطابق حراست میں لئے گئے ۱۰۰؍ سے زائد افراد میں سے اکثر اتّم نگر کے باہر کے تھے، جبکہ مقامی دلت برادری اور ترون کے غمزدہ خاندان کے جذبات کا استعمال مسلمانوں کے خلاف مہم کو تیز کرنے کیلئے کیا گیا۔
اس کے علاوہ سدرشن نیوز، اوپ انڈیا اور دیگر آن لائن نیوز پورٹلز کی ۲۴؍ رپورٹس میں بھی اکسانے والے سوالات پوچھے گئے اور اس واقعے کو فرقہ وارانہ رنگ دیا گیا۔ ۱۱۰؍ میں سے زیادہ تر کلپس انسٹاگرام ریلز کے ذریعے پھیلائے گئے۔اقوامِ متحدہ کے رباط پلان آف ایکشن کی روشنی میں اتّم نگر کی تقاریر محض زبانی زہر نہیں بلکہ کھلم کھلا تشدد پر اکسانے کے زمرے میں آتی ہیں۔