جس وقت حادثہ پیش آیا مہلوکین سوئےہوئے تھے اور انہیں سنبھلنے کا موقع نہ مل سکا۔ گھر میں موجود ۷؍افراد میں سے صرف ایک زندہ بچ پایا۔دل سوز حادثے سے گاؤں میں غم کی لہر۔
EPAPER
Updated: November 10, 2026, 4:40 PM IST | Agency | Osmanabad
جس وقت حادثہ پیش آیا مہلوکین سوئےہوئے تھے اور انہیں سنبھلنے کا موقع نہ مل سکا۔ گھر میں موجود ۷؍افراد میں سے صرف ایک زندہ بچ پایا۔دل سوز حادثے سے گاؤں میں غم کی لہر۔
ضلع عثمان آباد (دھاراشیو) کے یڈشی گاؤں میں دیوالی کی رات ایک دل دہلا دینے والا حادثہ پیش آیا ہے۔ پیر کی درمیانی شب تقریباً ڈھائی بجے ایک کرانہ دکان میں بھیانک آگ لگ گئی، جس نے اوپر واقع مکان کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ اس حادثے میں مکان میں رہنے والے ایک ہی خاندان کے ۶؍ افراد کی دردناک موت ہوگئی۔ اس واقعے کے بعد پورے گاؤں میں سوگ کی لہر دوڑ گئی ہے۔
انڈیا ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق مہلوکین کی شناخت اتم ترمبک کرنڈے، چندرکلا اتم کرنڈے، گووند اتم کرنڈے، جیوتی گووند کرنڈے، گائتری گووند کرنڈے اور سدھی گووند کرنڈے کے طور پر ہوئی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ آگ نصف شب کے وقت لگی اور دیکھتے ہی دیکھتے اس نے بھیانک شکل اختیار کرلی۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق، یڈشی گاؤں میں گووند بھاؤ کرنڈے اور اتم کرنڈے کی کرانے کی دکان میں اچانک آگ بھڑک اٹھی۔ دکان کی اوپری منزل پر کرنڈے خاندان رہتا تھا۔ رات کا وقت ہونے کی وجہ سے خاندان کے افراد سوئے ہوئے تھے اور انہیں سنبھلنے کا موقع نہیں ملا۔ دیکھتے ہی دیکھتے آگ نے پوری دکان اور اوپری منزل پر واقع مکان کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
یہ بھی پڑھئے: گوکل یونین معاملہ: حکومتی اقدام کے خلاف کولہاپور میں زبردست احتجاج
اس حادثے میں گھر میں موجود کل سات افراد میں سے ۶؍ کی موت ہوگئی۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق، دو افراد جھلسنے سے، جبکہ چار افراد کی دم گھٹنے سے موت ہوئی۔ خاندان کی ایک رکن کرشنا اس حادثے میں محفوظ بچ گئی، جسے علاج کے لئے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی مقامی شہریوں نے موقع پر پہنچ کر راحت اور بچاؤ کا کام شروع کردیا۔ عثمان آباد، کلمب اور تلجاپور سے فائر بریگیڈ کی گاڑیاں جائے حادثہ پر پہنچیں۔ آگ پر قابو پانے اور مکان میں پھنسے افراد کو باہر نکالنے کے لئے فائر بریگیڈ اہلکاروں نے کافی کوششیں کیں، تاہم اس حادثے میں چھ افراد کی جان نہیں بچائی جاسکی۔ فی الحال آگ لگنے کی اصل وجہ واضح نہیں ہوسکی ہے۔ ابتدائی طور پر شبہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ گھر میں جلائے گئے دئیے سے آگ لگی ہوگی۔ پولیس اور انتظامیہ کی جانب سے معاملے کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی رکن اسمبلی رانا جگجیت سنگھ پاٹل اور رکن اسمبلی کیلاش پاٹل صبح جائے حادثہ پر پہنچے اور حالات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے متعلقہ افسران سے واقعے کی تفصیلات بھی حاصل کیں۔ کرنڈے خاندان کے چھ افراد کی موت سے یڈشی گاؤں میں غم کی لہر دوڑ گئی ہے۔ حادثے پر تعزیت کا اظہار کرنے کے لیے گاؤں کے تاجروں نے بازار بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وہیں تمام چھ افراد کی آخری رسومات پیر۲۰۲۶ءکو دوپہر۲؍ بجے یڈشی کے عوامی شمشان گھاٹ میں ادا کی گئیں۔ دیوالی جیسے خوشیوں کے تہوار پر ایک ہی خاندان کے چھ افراد کی اچانک موت سے پورے علاقے میں سوگ کا ماحول ہے۔ اس دلخراش حادثے نے ہر کسی کو صدمے سے دوچار کردیا ہے۔