Inquilab Logo Happiest Places to Work

دیونارمذبح میں بہتر نظم یقینی بنانے کیلئے ا قدامات کی اپیل

Updated: May 14, 2025, 11:22 PM IST | Mumbai

جانوروں کو رکھنےکے بہتر انتظامات نہ ہونے اور خریداروں اور تاجروں کو ہونے والی پریشانیوں کے حل کیلئےسلاٹرہاؤس انتظامیہ اور بی ایم سی کوتجاویز دی گئیں

The arrival of animals at the Deonar slaughterhouse will begin soon, in view of which the local organization has appealed for better arrangements.
دیونارمذبح میں جلد ہی جانوروں کی آمد شروع ہوجائیگی جس کے پیش نظر مقامی تنظیم نےبہترانتظامات کی اپیل کی ہے

 عیدالاضحی کے موقع پر گوونڈی  کےدیونار سلاؤٹر ہاؤس میں بکروں، مینڈھوں اور بڑے جانوروں کی خرید و فروخت کیلئے  لگائے جانے والے عارضی بازار اورعیدلاضحی کے دن قربانی کے موقع پربہترنظم یقینی بنانے کیلئے مقامی مکینوں اورتنظیم نے دیونار سلاٹر ہاؤس انتظامیہ اور بی ایم سی سے اقدامات کی اپیل کی ہے۔اس منڈی میں عید قرباں کے موقع پر ہر سال دو سے ڈھائی لاکھ بکرے اور۱۰؍سے۱۵؍ہزار بڑے جانوروں کو فروخت کیا جاتا ہے ۔ دیونار میں جانوروں کو رکھنےکے بہتر انتظامات نہ ہونے اور خریداروں اور تاجروں کو ہونے والی پریشانیوں  کے حل کیلئےبی ایم سی اور دیونار سلاٹر ہاؤس انتظامیہ کو چند تجاویز بھی  دی گئی ہیں ۔
 اس ضمن میں گوونڈی کی ایک تنظیم اور اسی علاقے کے مکینوں کے ساتھ تاجروں کی تنظیم نے بھی جانوروں کیلئے مناسب شیڈ، پانی اور بجلی کے بہتر انتظامات کئے جانے کے علاوہ، منڈی لگائے جانے اور جانوروں کے ذبیحہ کیلئے دیئے جانے والے ٹھیکے میں شفافیت برتنے کی اپیل بھی کی ہے ۔ اس سلسلہ میں جہاں ایک طرف گوونڈی سٹیزن  ویلفیئر نے جو رہائشی مکینوں کی نمائندہ تنظیم ہے ، مکینوں کے ساتھ مل کر ۷؍جون کو عیدالاضحی کی مناسبت سے دیونار میں لگائی جانے والی منڈی  اور تاجر  اور خریداروں کو ہونے والی پریشانیوں کے سد باب کے لئے جنرل منیجر و شہری انتظامیہ کو چند تجاویزات پیش کی ہیں ۔ اس سلسلے میں دیونار سلاؤٹر ہاؤس کے جنرل منیجر کلیم پاشا پٹھان اور دیگر افسران سے آل انڈیا جماعت القریش اور دیگر تنظیم کے اراکین و عہدیداروں نےبھی ملاقات کی تھی ۔
 جانوروں کی خرید و فروخت ، جانوروں کیلئے بنائے جانے والے عارضی شیڈ اور جانوروں کے ـذبیحہ کے وقت درکار پانی کی فراوانی سے متعلق ہونے والی میٹنگ کے دوران تاجروں کی تنظیم کے صدر ظفر قریشی ، نائب صدر مبین قریشی  اور دیگرنے  بہتر انتظامات کو یقینی بنانے پربات چیت کی تھی ۔ اس کے علاوہ انہوںنے اس ضمن میں دیئے جانے والے ٹھیکہ کے تعلق سے شفایت برتنے کی اپیل کرتے ہوئے  مسابقتی سسٹم کے تحت ٹینڈر نکالنے کی اپیل بھی کی تھی ۔
  دوسری جانب قربانی کےجانوروں کو رکھنے ، عارضی شیڈ بنا نےا ور دیگر مسائل کا حوالہ دیتے ہوئے گوونڈی کے رہائشی مکینوں کی نمائندہ تنظیم گوونڈی سٹیزن  ویلفیئر نے جنرل منیجر کو تجویز پیش کرتے ہوئے کہا کہ ’’جانوروں کو منڈی میں گاڑیو ںمیں لاتے وقت اور اتارتے وقت ایسا نظم ہونا چاہئے جس سے ہماہمی کی صورتحال، شور اور ہنگامہ نہ ہو ، اس پرروک لگائی جائے۔ساتھ ہی جانوروں کو دھوپ اور بارش سے بچانے کے لئے ہر سال عارضی شیڈ بنانے کے بجائے مستقل شیڈ بنا دیا جائے تاکہ ہر سال عارضی شیڈ بنائے جانے پر خرچ ہونے والی رقم کی بچت ہو سکے ۔‘‘
  تنظیم نے گوونڈی سلاؤٹر ہاؤس انتظامیہ کے جنرل منیجر اور بی ایم سی کو دی گئی تجویز میں سلاٹر ہاؤس میں جانوروں کو لانے سے لےکرانہیںرکھنے کے دوران صاف صفائی  اورعید  قرباں کے دن ذبیحہ کے عمل تک   معقول انتظام کرنے کی اپیل کی ہے ۔ اس کے علاوہ ۱۰؍  دنوں تک چلنے والی منڈی میں چاروں طرف لگنے والی بے ترتیب دکانوں کو ترتیب سے لگانے کا مشورہ دیا ہے تاکہ بھیڑ نہ ہو اور خریداروں کو آنے جانے میں اور جانوروں کو تکلیف نہ ہو۔ یہی نہیں عارضی دکانیں لگاتے وقت  سڑکوں کو کشادہ بنانےکی بھی درخواست کی ہے ۔
 تجویز میں خریداری کیلئے دو اور چار پہیہ گاڑیوں سے آنے والوں کیلئے پارکنگ کا مناسب انتظام کرنے اور فری پارکنگ کی سہولت دینے کابھی مشورہ دیا گیا ہے ۔ بعد ازیں اس سلسلہ میں دیونار سلاؤٹر ہاؤس کے جنرل منیجر کلیم پاشا پٹھان نے اس ضمن میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں نامہ نگارسے کہا کہ’’ جانوروں کی آمد ، ان کو رکھنے ، خرید و فروخت کے لئے کشادہ راستوں اور عارضی شیڈ کے علاوہ پانی اور دیگر حاجتوں کو پورا کرنے کے ہرممکن انتظامات کئے گئے ہیں ۔‘‘انہوں نےمزید بتایا کہ دیونار میں ۱۵؍ کی بجائے ۲۶؍ مئی سے جانوروںکی آمد ہوگی ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK