کانگریس رکن پارلیمان ورشا گائیکواڑ نے ایکس پر اطلاع دی کہ انہوں نے اشونی ویشنو سے ملاقات کرکے اس پر توجہ دینے کی درخواست کی ہے
EPAPER
Updated: August 01, 2026, 10:04 AM IST | Mumbai
کانگریس رکن پارلیمان ورشا گائیکواڑ نے ایکس پر اطلاع دی کہ انہوں نے اشونی ویشنو سے ملاقات کرکے اس پر توجہ دینے کی درخواست کی ہے
ممبئی کانگریس کی صدر اور رکن پارلیمان ورشا گائیکواڑ نے ممبئی کے غریب نگر علاقے میں کی گئی انہدامی کارروائی کو غیر انسانی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس کارروائی کے نتیجے میں سیکڑوں خاندان بے گھر ہو گئے ہیں، جن میں متعدد ایسے خاندان بھی شامل ہیں جن کے پاس قانونی دستاویزات موجود ہیں اور جو بازآبادکاری کے حق دار ہیں۔ورشا گائیکواڑ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر جاری بیان میں کہا کہ وہ پہلے بھی مرکزی وزیر برائے ریلوے اشونی ویشنو اور مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس کو اس مسئلے پر مکتوب بھیج چکی ہیں ۔ اب انہوں نے ایک بار پھر مرکزی وزیر ریلوے سے ملاقات کر کے متاثرہ خاندانوں کی بازآبادکاری کیلئے ذاتی مداخلت کی درخواست کی ہے۔
ورشا گائیکواڑ نے مطالبہ کیا کہ ریلوے انتظامیہ فوری طور پر ریاستی حکومت اور ممبئی میونسپل کارپوریشن کے ساتھ مل کر ایک رابطہ کمیٹی تشکیل دے، تاکہ متاثرہ خاندانوں کے مسائل کا مؤثر اور فوری حل نکالا جا سکے۔ خاتون رکن پارلیمان نے کہا کہ حکومت ایک واضح، شفاف اور وقت مقررہ بازآبادکاری منصوبہ تیار کرے، تاکہ تمام مستحق خاندانوں کی مناسب بازآبادکاری کو یقینی بنایا جا سکے اور ان کے قانونی حقوق کا مکمل تحفظ ہو۔ انہوں نے کہا کہ بنیادی ڈھانچے کی ترقی یقیناً ضروری ہے، لیکن یہ عوام کے وقار، رہائش اور روزگار کی قیمت پر نہیں ہونی چاہئے۔ انہوں نے مرکزی اور ریاستی حکومتوں پر زور دیا کہ وہ انسانی ہمدردی اور باہمی ہم آہنگی پر مبنی حکمت عملی اختیار کریں، تاکہ کوئی بھی مستحق خاندان بے گھر یا مشکلات کا شکار نہ ہو۔
ورشا گائیکواڑ نے اس موقع پر باندرہ (مشرقی) کے ریلوے اراضی پر واقع تین بنگلہ جھونپڑ پٹی میں رہنے والے ایک ہزار سے زائد خاندانوں کی باز آباد کاری کا دیرینہ مسئلہ بھی اٹھایا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ریلوے محکمہ جلد از جلد ضروری نو آبجیکشن سرٹیفکیٹ (این او سی) جاری کرے اور ان خاندانوں کی بازآبادکاری سے متعلق پالیسی کو حتمی شکل دے، کیونکہ یہ خاندان برسوں سے غیر یقینی صورتحال میں زندگی گزار رہے ہیں اور انہیں باعزت اور مستقل بازآبادکاری کا حق ملنا چاہئے۔
واضح رہے کہ بے گھر ہو چکے غریب نگر کے باشندوں نے شکایت کی ہے کہ وہ ایس آئی آر کا فارم بھرنے جا رہے ہیں تو بی ایل اوز انہیں یہ کہہ کر واپس کر دیتے ہیں کہ انہیں اوپر سے حکم ہے کہ ان کے فارم قبول نہ کئے جائیں۔ اس کی وجہ سے ان غریبوں کی مصیبتیں اور بھی بڑھ گئی ہیں۔