• Fri, 30 October, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

فلپس اور ڈفی کی شاندار کارکردگی، نیوزی لینڈ نے ہندوستان کو ۸۷؍ رن سے ہرایا

Updated: October 30, 2026, 10:03 PM IST | Auckland

گلین فلپس(۱۰۷؍رن) کی شاندار سنچری اور مائیکل بریسویل (۶۵؍رن) کی نصف سنچری کے بعد جیکب ڈفی کی چار وکٹ اور مچل سینٹنر کی دو وکٹ کی عمدہ گیندبازی کی بدولت نیوزی لینڈ نے جمعہ کو چوتھے ٹی ۲۰؍ مقابلے میں ہندوستان کو ۸۷؍ رنز سے شکست دے دی۔

𝐆𝐥𝐞𝐧𝐧 𝐏𝐡𝐢𝐥𝐥𝐢𝐩𝐬.Photo:X
گلین فلپس۔ تصویر:ایکس

 گلین فلپس(۱۰۷؍رن)   کی شاندار سنچری اور مائیکل بریسویل (۶۵؍رن) کی نصف سنچری کے بعد جیکب ڈفی کی چار وکٹ اور مچل سینٹنر کی دو وکٹ کی عمدہ گیندبازی کی بدولت نیوزی لینڈ نے جمعہ کو چوتھے ٹی ۲۰؍ مقابلے میں ہندوستان کو ۸۷؍ رنز سے شکست دے دی۔ نیوزی لینڈ کے ٹی۲۰؍کرکٹ میں سب سے بڑے اسکور کا تعاقب کرتے ہوئے ہندوستانی ٹیم کی شروعات انتہائی خراب رہی۔ جیکب ڈفی نے پہلے ہی اوور میں سنجو سیمسن (۴) اور ایشان کشن (صفر) کو آؤٹ کرکے ہندوستان کو دو ابتدائی جھٹکے دیے۔ پانچویں اوور میں میتھیو فشر نے گزشتہ میچ کے ہیرو ابھیشیک شرما کو ۱۵؍ گیندوں پر ۲۷؍ رنز کے اسکور پر آؤٹ کیا۔ کپتان شریاس  ایّر نے ۱۱؍ گیندوں پر  ۲۲، نتیش کمار ریڈی نے۱۰؍ گیندوں پر۲۱؍ اور اکشر پٹیل نے سات رنز بنائے۔ ۱۲؍ویں اوور میں ڈفی نے نمن دھیر (۱۳؍ گیندوں پر۲۸؍رن) اور عرشد دیپ سنگھ ( صفر) کو آؤٹ کرکے ہندوستان کی جیت کی امیدوں کو تقریباً ختم کردیا۔ ۱۹؍ویں اوور کی چوتھی گیند پر فشر نے تلک ورما (۳۵؍رن) کو آؤٹ کرکے نیوزی لینڈ کو نویں کامیابی دلائی۔ تلک نے ۳۵؍ گیندوں کی اپنی اننگز میں ایک چوکا اور تین چھکے لگائے۔


ہندوستانی ٹیم مقررہ ۲۰؍ اوور میں نو وکٹ پر ۱۷۲؍ رنز ہی بنا سکی اور اسے ۸۷؍ رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ پرنس یادو ۱۷؍ گیندوں پر ۱۸؍ رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے، جبکہ مینک یادو تین رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے جیکب ڈفی نے ۲۳؍ رنز دے کر چار وکٹ لیے۔ میتھیو فشر اور مچل سینٹنر نے دو دو وکٹ حاصل کیے، جبکہ ایڈم ملنے نے ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔

یہ بھی پڑھئے:’’ایکس مین‘‘ کے اداکار سر پیٹرک اسٹیورٹ ۸۶؍ برس کی عمر میں انتقال کرگئے

اس سے قبل نیوزی لینڈ نے ہندوستان کو جیت کے لیے  ۲۶۰؍ رنز کا ہدف دیا۔ ہندوستان نے ٹاس جیت کر پہلے گیندبازی کرنے کا فیصلہ کیا۔ نیوزی لینڈ کو میانک یادو نے ابتدائی جھٹکے دیے۔ انہوں نے پہلے اوور میں ٹم سیفرٹ (۳) اور تیسرے اوور میں ڈیرل مچل (۲۴) کو آؤٹ کیا۔ مچل نے نو گیندوں پر دو چوکے اور دو چھکے لگائے۔ آٹھویں اوور میں اکشر پٹیل نے فن ایلن (۳۱؍رن) کو آؤٹ کیا، جنہوں نے دو چوکے اور دو چھکے لگائے۔ ۱۱؍ویں اوور میں مینک نے بیون جیکبز (۷) کو آؤٹ کرکے ہندوستان کو چوتھی کامیابی دلائی۔

یہ بھی پڑھئے:شردھا کپور کی فلم ’’ایٹھا‘‘ کا ٹریلر جاری، رندیپ ہڈا بھی نظر آئیں گے

اس کے بعد گلین فلپس اور مائیکل بریسویل کے درمیان  ۱۱۵؍ رنز کی طوفانی شراکت ہوئی، جس نے نیوزی لینڈ کا اسکور ۲۰۰؍رنز کے پار پہنچا دیا۔ ۱۸؍ویں اوور میں پرنس یادو نے بریسویل کو آؤٹ کرکے اس شراکت کا خاتمہ کیا۔ بریسویل نے ۲۵؍ گیندوں پر چار چوکے اور چھ چھکے لگاتے ہوئے ۶۵؍ رنز بنائے۔ فلپس نے ۱۹؍ ویں اوور کی دوسری گیند پر چھکا لگا کر ۴۶؍ گیندوں میں اپنی سنچری مکمل کی۔ اسی اوور کی آخری گیند پر بڑا شاٹ کھیلنے کی کوشش میں مچل سینٹنر (۵) نتیش کمار ریڈی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے، یہ وکٹ عرشد دیپ سنگھ کے حصے میں آئی۔ ۲۰؍ویں اوور میں نتیش کمار ریڈی نے فلپس کو ابھیشیک کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرا دیا۔ فلپس نے ۴۹؍ گیندوں پر چھ چوکے اور ۱۰؍ چھکوں کی مدد سے  ۱۰۷؍ رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔
نیوزی لینڈ نے مقررہ ۲۰؍ اوور میں سات وکٹ پر  ۲۵۹؍ رن کا بڑا اسکور بنایا، جو ٹی۲۰؍ کرکٹ میں اس کا اب تک کا سب سے بڑا اسکور ہے۔ ہندوستان کی جانب سے مینک یادو نے تین وکٹ لیے، جبکہ پرنس یادو، عرشد دیپ سنگھ اور نتیش کمار ریڈی نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK