Inquilab Logo

عدالت سےنواب ملک کو راحت دینے کی اپیل

Updated: March 10, 2022, 8:23 AM IST | Nadeem asran | Mumbai

منی لانڈرنگ کیس میں دفاعی وکیل امیت دیسائی نے کہا کہ تفتیشی ایجنسی ناپسندیدہ چہرے یا شخصیت کی بناء پر منظم جرائم کے سلسلہ میں اپنے فرض منصبی کو بالائے طاق رکھ کر تفتیش نہیں کر سکتی ۔آج بھی اس معاملے پر سماعت ہوگی

Nawab Malik money laundering case will also be discussed in court today. (File photo)
نواب ملک منی لانڈرنگ کیس پرعدالت میں آج بھی بحث کی جائے گی۔ (فائل فوٹو)

: ریاستی وزیر برائے اقلیتی امور نواب ملک کے وکیل امیت دیسائی نے بدھ کو انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی ) کے ذریعے اپنے موکل کی گرفتاری کے خلاف بحث کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے جہاں سپریم کورٹ کے کئی حوالوں سے اس کارروائی کو غلط ثابت کرنے کی کوشش کی وہیں  انہوں نے اپنے موکل کے گزشتہ ۱۶؍ دن سے قید و بند کی صعوبتیں برداشت کرنے کا جواز پیش کرتے ہوئے فوری راحت دینے کی اپیل بھی کی ۔بدھ کو بھی بحث کا سلسلہ مکمل نہیں ہوسکا ہے ۔ جمعرات (آج) کو ایک طرف دفاع اپنی جرح مکمل کرے گا  دوسری طرف ای ڈی کی جانب سے وکیل استغاثہ درخواست کو مسترد کرنے کیلئے دلائل دے گا ۔
  بدھ کو ہونے والی شنوائی کے دوران   نواب ملک کے  وکیل امیت دیسائی نے کہا کہ ’’  تفتیشی ایجنسی قیاس آرائیوں یا خیالی جواز پیش کرکے نہ تو اپنے فرضی منصبی کو بالائے طاق رکھ سکتی ہے اور نہ ہی نا پسندیدہ چہرہ یا شخصیت ہونے کی بنیاد پر کسی منظم جرائم میں ملوث ہونے کا الزام لگا سکتی ہے ۔‘‘ انہوں نے بامبے ہائی کورٹ ۲؍  رکنی بنچ کے جسٹس پی بی ورالے اور جسٹس ایس ایم مودک سے یہ بھی کہا کہ’’ جائیداد کی خرید و فروخت کا معاملہ جس پر ۲۰؍ سال بعد اعتراض کیا گیا ہے ، ایک طویل بحث پر مبنی ہے لیکن اس کی وجہ سے میرے موکل جو گزشتہ ۱۶؍ دن سے قید و بند کی صعوبتیں برداشت کررہے ہیں ، کو عبوری راحت دیتے ہوئے رہا کیا  جائے ۔ ان کی رہائی کے بعد ہم زمین کی خرید و فروخت کی قانونی جنگ لڑتے رہیں گے ۔‘‘  انہوں نے یہ بھی کہا کہ ’’ کرلا میں واقع گوا والا بلڈنگ نامی جائیداد جس کے مالکانہ حقوق ۲۲؍ سال قبل منیرہ پلمبر نامی خاتون کے نام پر ہوا کرتے تھے، اب وہ اس جائیداد کے اختیارات موجودہ مالک کو دینے سے انکار کررہی ہے ۔‘‘ 
 امیت  دیسائی نے نواب ملک کے خلاف منی لانڈرنگ کے تحت درج کردہ کیس کے غلط  ہونے کی دلیل پیش کرتے ہوئے سپریم کورٹ کے کئی فیصلوں کو ۲؍ رکنی بنچ کے روبرو پڑھ کر سنایا تھا ۔ عدالت نےدفاع کی دلیلوں کو سننے کے بعد ایک بار پھر اس معاملہ میں جمعرات کو بھی بحث کا سلسلہ جاری رکھنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت کو ملتوی کر دیا ہے ۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK