Inquilab Logo Happiest Places to Work

ایپل نے عالمی سطح پر آمدنی کا نیا ریکارڈ بنایا، ۱۶؍ فیصد اضافہ

Updated: August 01, 2026, 11:16 AM IST | New Delhi

جون میں ختم ہونےوالی سہ ماہی میں ۱۰۹ء۴؍ ارب ڈالر کمائے مگر میموری چپس کی قیمتوں میں اضافہ اور سپلائی میں رکاوٹیں آگےکاروبار کو متاثر کر سکتی ہیں۔

Photo: INN
تصویر: آئی این این

نئی دہلی(ایجنسی):آئی فون بنانے والی کمپنی ایپل نے جون کی سہ ماہی میں۱۰۹ء۴؍ ارب امریکی ڈالر کی ریکارڈ آمدنی درج کی ہے جو گزشتہ سال کے مقابلے میں ۱۶؍ فیصد زیادہ ہے۔ کمپنی کے مطابق اس شاندار  کارکردگی میں ہندوستان سمیت بیشتر ابھرتی ہوئی منڈیوں  میں کمپنی کی ۲؍ ہندسی شرح نمو نے اہم کردار ادا کیا۔ تاہم کمپنی نے اندیشہ ظاہر کیا ہے کہ میموری چپس کی بڑھتی  ہوئی قیمتوں اور سپلائی میں رکاوٹوں کے باعث آئندہ چند سہ ماہیوں میں کاروبار کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔  ایپل کی آمدنی میں سب سے بڑا حصہ اب بھی امریکی خطے کا ہے، تاہم سب سے زیادہ شرح نمو چین  میں ۲۲ء۴۲؍ فیصد رہی، اس کے بعد یورپ میں ۲۲ء۴؍  فیصد اور ایشیا پیسیفک کے دیگر ممالک میں ۱۵ء۶؍ فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

یہ بھی پڑھئے: مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں ہندوستان کا مالیاتی خسارہ ۱ء۳؍لاکھ کروڑ روپے

 اُبھرتی ہوئی معیشتوں میں اچھی کارکردگی

ایپل کے سی ای او ٹم کک نے آمدنی کی تفصیلات فراہم کرنے کیلئے اپنی  کانفرنس میں کہا کہ ’’ہم نے جون سہ ماہی میں ہر جغرافیائی خطے میں ریکارڈ آمدنی حاصل کی۔ امریکہ، لاطینی امریکہ، مغربی یورپ، ہندوستان، چین، جاپان اور جنوب مشرقی ایشیا میں جون سہ ماہی کے ریکارڈ نتائج دیکھ کر ہمیں خوشی ہوئی۔‘‘انہوں نے مزید کہاکہ’’ہم نے ترقی یافتہ اور ابھرتی ہوئی دونوں طرح کی معیشتوں میں جون سہ ماہی کے ریکارڈ قائم کئے اور بیشتر ابھرتی ہوئی منڈیوں میں دوہرے ہندسے کی ترقی دیکھی۔‘‘یکم ستمبر ۲۰۲۶ء  سے جان ٹرنس  ایپل کے نئے سی ای او ہوں گے۔ کمپنی کا مجموعی منافع کا مارجن۵۰ء۱؍ فیصد رہا، جس میں ٹیرف ریفنڈ سے تقریباً۳؍ فیصد کا مثبت اثر شامل تھا۔

میک بک نیوکی شاندار پزیرائی

انہوں نے بتایا کہ ’’میک بک نیو کو صارفین کی جانب سے شاندار پزیرائی ملی ہے۔ دنیا بھر میں نئے صارفین اس پروڈکٹ کی طرف راغب ہوئے ہیں۔‘‘  ٹم نے بتایا، میک نے نئے صارفین اور اپ گریڈ کرنے والے صارفین کے لحاظ سے اپنی تاریخ کی بہترین سہ  ماہی  کارکردگی ریکارڈ کی، جس میں امریکہ، چین اور  ہندوستان شامل ہیں۔ امریکہ میں میک صارفین کے مطمئن ہونے کی شرح حال ہی میں۹۵؍فیصد ریکارڈ کی گئی۔‘‘

آئی پیڈ کی فروخت میں کمی

دوسری جانب آئی پیڈ کی فروخت تقریباً۶؍فیصد کم ہو کر۶ء۱۹؍ ارب ڈالر رہ گئی۔گزشتہ سال اسی مدت میں یہ۶ء۵۸؍ ارب ڈالر تھی۔ میموری چپس کی قیمتوں میں اضافہ کی بنا پرمیک بک اور آئی پیڈ کی قیمتیں ۲۰؍ تا ۴۲؍  فیصد بڑھ گئی ہیں جس نے متاثر کیا۔ 

یہ بھی پڑھئے: اے آئی سے حاصل کیے گئے اندازے رازداری کے لیے سب سے بڑا خطرہ

آئی فون کی فروخت ۲۱ء۷؍ فیصد بڑھ گئی

اپریل تاجون  ۲۶ء کی سہ ماہی کے دوران آئی فون کی فروخت۲۱ء۷؍ فیصد بڑھ کر۵۴ء۲۵؍ ارب ڈالر ہو گئی  ہے جبکہ ایک سال قبل یعنی گزشتہ سال کی اپریل تا جون سہ ماہی میں  ۴۴ء۵۸؍ارب ڈالر تھی۔ میک کمپیوٹرس کی فروخت۲۸ء۶۶؍ فیصد اضافہ  کے ساتھ تقریباً۸؍ ارب ڈالر سے بڑھ کر۱۰ء۳۵؍ ارب ڈالر ہو گئی ہے  جبکہ ویئریبلس، ہوم اور ایکسیسریز کا شعبہ۶ء۴۶؍ فیصد بڑھ کر۷ء۸۸؍ ارب ڈالر تک پہنچ گیا ہے۔

ایپل کےشیئر کی قیمتیں ۷ء۳؍فیصد گھٹ گئیں

ریکارڈ کمائی کے باوجود کمپنی کے اس انتباہ کے بعد کہ سپلائی کی رکاوٹیں اس کی ترقی کو متاثر کرسکتی ہیں، جمعہ کو ایپل کے شیئرس کی قیمتیں  ۷ء۳؍فیصد تک گھٹ گئیں۔ اگر یہ کمی برقرار رہی تو ایپل کی مارکیٹ ویلیو میں تقریباً۳۶۱ء۶؍ ارب امریکی ڈالر کی کمی آ سکتی ہے۔کمپنی کی پیش گوئی نے ٹیکنالوجی کی پوری صنعت کو درپیش ایک بڑے مسئلے کی نشاندہی کی ہے، جہاں  اے آئی  کیلئے بڑھتی ہوئی مانگ کی وجہ سےچپس اور میموری کی سپلائی محدود  اور لاگت  بڑھ گئی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK