وزیر اعلیٰ فرنویس نے کہا کہ ان کا تجربہ اور مہارت ساحلی سیکوریٹی کو مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ پولیس فورس کیلئے بھی مفید ثابت ہوگی۔
EPAPER
Updated: October 25, 2026, 10:44 AM IST | Nagpur
وزیر اعلیٰ فرنویس نے کہا کہ ان کا تجربہ اور مہارت ساحلی سیکوریٹی کو مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ پولیس فورس کیلئے بھی مفید ثابت ہوگی۔
مہاراشٹر حکومت نے اگنی ویروں کے لیے سرکاری ملازمتوں میں تحفظات کا اعلان کیا ہے۔ دیویندر فرنویس حکومت نے ۲۸۲؍ اگنی ویروں کی پولیس کانسٹیبل کے طور پر تقرری کی منظوری دی۔ وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر ایک پوسٹ کے ذریعے یہ جانکاری شیئر کی۔ پوسٹ میں وزیر اعلیٰ فرنویس نے لکھا’’بہت اچھی خبر ہے۔ ریاستی کابینہ میں، ہم نے قوم کیلئے لڑنے والے اگنی ویروں کو سرکاری ملازمتوں میں ریزرویشن دینے کا فیصلہ کیا تھا۔ اس کے مطابق قوانین میں ضروری تبدیلیاں کی گئی ہیں اور اب۲۸۲؍ اگنی ویروں کی تقرری کو منظوری دے دی گئی ہے۔ فرنویس نے مزید لکھا’’ریاستی حکومت کو مرکزی حکومت سے مہاراشٹر کے ۲۸۲؍ بحریہ کے اگنی ویروں کی پہلی فہرست موصول ہوئی ہے۔ اس کے ایک حصے کے طور پر۲۸۲؍ اگنیویروں کو (جن میں ۱۵۰؍سی مین ڈیک سائیڈ اور۱۳۲؍ سی مین انجن سائیڈ شامل ہیں ) پولیس کانسٹیبل کے طور پر تعینات کیا گیا ہے اور انہیں متعلقہ احکامات جاری کیے گئے ہیں۔ ان سب کو ان کے نئے کرداروں کے لیے میری دلی نیک خواہشات۔ ‘‘
اہلیا نگر آرمرڈ کور سینٹر میں ۳۰۵۲؍ اگنیویروں کو تربیت دی گئی
واضح رہے کہ اس سے قبل۲۰؍ جون کو مہاراشٹر کے اہلیا نگر آرمرڈ کور سینٹر میں ۳۰۵۲؍اگنیویروں کی نئی فورس کو تربیت دی گئی تھی۔ ان کی۲۴؍ ہفتوں کی تربیت کامیابی سے مکمل ہوئی۔ پریڈ میں شریک اگنیویروں نےفوجی دھنوں پر بہترین نظم و ضبط، جوش و خروش، متاثر کن جوش، بلند حوصلے اور جوش کے ساتھ مظاہرہ پیش کیا۔
یہ بھی پڑھئے: غزہ کے اسپتالوں کے جنریٹر کا تیل ختم، بجلی بند ہونے کا خطرہ
اگنیویر آرمی کور کے مختلف ریجمنٹ
نئے تربیت یافتہ فوجیوں سے خطاب کرتے ہوئے جائزہ لینے والے افسر نے انہیں ۲۴؍ ہفتوں کی تربیت کامیابی سے مکمل کرنے پر مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ اس تربیت نے ان جوان سپاہیوں کو آرمی کور کے مضبوط سپاہیوں میں تبدیل کر دیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ نوجوان اور توانا اگنیویر اب آرمی کور کی مختلف ریجمنٹ میں شامل ہوں گے اور خدمت، فخر اور لگن کے جذبے کے ساتھ قوم کے لیے اپنا تعاون پیش کریں گے۔
فرنویس نے کہا کہ مہاراشٹر پولیس میں شامل ہونے کے خواہش مند اگنی ویروں کو پولیس فورس میں ملازمت دی جائے گی۔ ریاستی حکومت فوج اور فضائیہ سے اپنی مدتِ ملازمت مکمل کرکے واپس آنے والے اگنی ویروں کو بھی روزگار کے مواقع فراہم کرے گی۔ انہوں نے بتایا کہ ریاستی حکومت بحریہ کے اگنی ویروں کے پہلے بیچ کو پہلے ہی مہاراشٹر پولیس کی ساحلی سکیورٹی شاخ میں شامل کرچکی ہے۔ فرنویس نے کہا کہ ان جوانوں نے وسیع پیمانے پر تربیت حاصل کی ہے اور دشوار گزار علاقوں اور سرحدی خطوں میں خدمات انجام دی ہیں۔ ان کا تجربہ اور مہارت ساحلی سیکوریٹی کو مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ پولیس فورس کے لیے بھی مفید ثابت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ اگنی ویروں کی تقرری کو آسان بنانے کے لیے ریاستی حکومت نے موجودہ بھرتی کے قواعد میں ترمیم کی ہے۔ بحریہ کے اگنی ویروں کو پولیس بھرتی کے نئے امتحان میں شامل کیے بغیر براہِ راست ملازمت دی گئی ہے، کیونکہ وہ فوجی خدمات کے دوران پہلے ہی سخت انتخابی عمل سے گزر چکے ہیں اور خصوصی تربیت حاصل کرچکے ہیں۔