• Sun, 25 October, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ایم ایل سی الیکشن میں دھاندلی، سماجوادی پارٹی کا امیدوار روپڑا

Updated: October 25, 2026, 11:08 AM IST | Agra

ہراساں کرنے کا الزام لگایا، کہا :’’ ایسا لگتا ہے کہ میں  دہشت گرد ہوں ‘‘، دھمکی دی کہ ’’ شاہی عیدگاہ میں  جاکر اسلام قبول کرلوں  گا‘‘

Photo: INN.
تصویر: آئی این این۔

آگرہ سے ٹیچرس ایم ایل سی سیٹ سے سماجوادی کے امیدوار آکاش اگروال جمعہ کو میڈیا سے بات کرتے ہوئے جذباتی ہوکر روپڑے۔ ووٹنگ میں بے ضابطگیوں کا الزام لگاتے ہوئے انہوں  نے کہا کہ ان کے حامیوں کو ہراساں کیا جارہا ہے۔ افسران پارٹی کارکنوں کے ساتھ بدتمیزی کررہے ہیں اور شکایت کے باوجود کوئی کارروائی نہیں کی جارہی ہے۔ 
آکاش اگروال نے کہاکہ’’ایسا محسوس ہورہا ہے جیسے میں پاکستان سے آیا ہوا کوئی دہشت گرد ہوں۔ مجھے ہراساں کیا جارہا ہے۔ میں ایسے سناتن دھرم میں نہیں رہنا چاہتا۔ اگلے ماہ لکھنؤ کی شاہی عیدگاہ جاکر اسلام قبول کرلوں گا۔ ‘‘ایم ایل سی انتخابات کیلئے جمعہ کی صبح۸؍ بجے سے شام ۴؍بجے تک ووٹنگ ہوئی۔ انہوں  نے بتایا کہ ۱۲؍ اضلاع میں ان سے وابستہ اساتذہ اور اسکول منیجروں کو پریشان کیا گیا۔ ان کا دعویٰ ہے کہ ان کی وجہ سے پولیس نے۱۰۰؍سے زیادہ اسکولوں کا دورہ کیا۔ آکاش نے کہا، ’’مجھے اب ایسا محسوس ہونے لگا ہے جیسے میں پاکستان سے آیا ہوا کوئی دہشت گرد ہوں۔ اگر وہ چاہیں تو مجھ پر منشیات یا ہتھیار بھی رکھوا سکتے ہیں اور مجھے جیل میں بند کروا سکتے ہیں۔ ‘‘انہوں نے کہا کہ اگر انہیں پہلے معلوم ہوتا کہ الیکشن لڑنے کی وجہ سے ان کے ساتھیوں کو اتنی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑے گا تو وہ نہ لڑتے۔ آکاش اگروال نے برہمی کااظہار کرتے ہوئے بے بسی کے عالم میں  کہا کہ ’’مجھے عمر قید دے دیں، لیکن میرے ساتھیوں کو ہراساں نہ کریں۔ ‘‘

یہ بھی پڑھئے: ۲۸۲؍ اگنی ویروں کی مہاراشٹر پولیس میں بطور کانسٹیبل تقرری کو منظوری

ڈاکٹر راکیش اگروال کون ہیں؟
ڈاکٹر آکاش اگروال نے۲۰۲۰ء میں بھی آگرہ کی ٹیچر ایم ایل سی سیٹ سے الیکشن لڑاتھا اور بی جے پی امیدوار۲؍ ہزار ۳۷۶؍ ووٹ سے شکست دی تھی۔ 
موجودہ الیکشن میں   وہ بی جے پی سے ٹکٹ کے متمنی تھے لیکن پارٹی نے ہری کشور تیواری کو اپنا امیدوار نامزد کردیا۔ 
بی جے پی سے ٹکٹ نہ ملنے پر وہ سماج وادی پارٹی میں شامل ہوگئے اور پارٹی نے انہیں آگرہ کی اسی ایم ایل سی سیٹ پر امیدوار بنادیا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK