Inquilab Logo

’’جن علاقوں سے ووٹ نہ ملے، ان علاقوں کو فنڈ بھی نہیں ملے گا‘‘

Updated: April 14, 2024, 12:10 AM IST | Inquilab News Network | Sindhudurg

نتیش رانے کی سرپنچوں کو سرعام دھمکی، کہا’’ ۴؍ جون کو میں تمام سرپنچوں سے حساب لوں گا کہ کس کے علاقے سے کتنے ووٹ ملے ہیں۔‘‘

Is Nitish Rane`s threat not a violation of code of conduct?. Photo: INN
کیا نتیش رانےکی دھمکی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی نہیں ہے؟۔ تصویر : آئی این این

 ابھی بی جے پی نے رتنا گیری۔ سندھو درگ پارلیمانی حلقے سے اپنے امیدوار کا اعلان کیا نہیں ہے لیکن ممکنہ امیدوار نارائن  رانے کے بیٹےنتیش رانے نے مقامی سرپنچوںکو دھمکانا شروع کر دیا  ہے کہ اگر ان  کے علاقوں میں ووٹ کم ملے تو انہیں فنڈ بھی فراہم نہیں کیا جائے گا۔ نتیش رانے نے یہ دھمکی سرعام دی جبکہ اسٹیج پر ان کے والد اور مرکزی وزیر نارائن رانے بھی موجود تھے۔ 
  سندھو درگ میںپارٹی کارکنان کی میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے نتیش رانے  نے کہا ’’سرپنچوں نے اپنے الیکشن کے وقت تشہیر کیلئے جو نیٹ ورک تیار کیا تھا اس نیٹ ورک کا استعمال لوک سبھا الیکشن میں بھی کریں اور نارائن رانے صاحب کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنائیں۔ ‘‘ انہوںنے باقاعدہ دھمکی دی کہ ’’ ۴؍ جون کو میں سارے سرپنچوں کا حساب کروں گا۔ اگر مجھے جتنے ووٹ چاہئے اتنے نہیں ملے تو پھر آئندہ آپ کو جتنا فنڈ چاہئے اتنا نہیں ملے گا۔ ‘‘ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ’’ اگر ایسا ہوا تو بعد میں میرے پاس آکر شکایت مت کیجئے!‘‘ 

یہ بھی پڑھئے: ملک کیلئے آمریت خطرناک ،اتحادی حکومت ہی مسئلہ کا حل ہے :اُدھو ٹھاکرے

 سوشل میڈیا پر تنقیدیں
  سام ٹی وی نامی ویب سائٹ نے اپنے فیس بک پیج پر یہ خبر شیئر کی ہے جس پر صارفین نے سخت رد عمل ظاہر کیا ہے۔  وجے واڈگھانے پاٹل نامی صارف نے لکھا ہے کہ ’’ سارے سرپنچ مل کر ان کا پروگرام کردیجئے!‘‘ شنکر کھیم نار نامی صارف کہتے ہیں کہ ’’ فنڈ تقسیم کرنے کیلئے پہلے جیت کر آنا ضروری ہے۔‘‘  اتل پربھو نے لکھا ہے ’’کہاں کیا کہنا ہے ، کس کے سامنے کہنا ہے، اس کی سمجھ تو ہے نہیں، اور چلے ہیں سندھو درگ پر راج کرنے۔‘‘  ستیش کامبلے نامی ایک صارف نے الیکشن کمیشن کو مخاطب کرتے ہوئے پوچھا ہے ’’ یہ رائے دہندگان کے نام سراسر دھمکی ہے۔ ضابطہ اخلاق کس لئے لگایا گیا ہے؟‘‘  نتن سالوے نامی ایک صارف کا کہنا ہے کہ ’’ کتنی چربی ہے اس کو؟ کیسے چن کر دیتے ہیں لوگ اسے؟ اصل میں بے وقوف یہ نہیں ، اسے چن کر دینے والے بے وقوف ہیں۔‘‘ 
کیا رانے کو ٹکٹ ملے گا؟
 یاد رہے کہ نتیش رانےکے والد نارائن رانے مرکزی وزیر ہیںلیکن ان کی راجیہ سبھا کی میعاد پوری ہو چکی ہے۔ بی جے پی نے انہیں راجیہ سبھا کا ٹکٹ نہیں دیا۔ انہیں توقع ہے کہ لوک سبھا الیکشن کیلئے انہیں سندھو درگ رتناگیری سیٹ سے ٹکٹ ملے گا لیکن اس سیٹ پر شندے گروپ کا بھی دعویٰ ہے اس لئے ا ب تک اس سیٹ سے کسی کی بھی امیدواری کا اعلان نہیں ہوا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK