ارجنٹائنا کے فٹبالرلوکاس تریخو کی اہلیہ یانی نا مارانیلا اور ان کے دو بچےآرون اورآئینہوا وینزویلا کے علاقے یاراکوی میں آنے والے دو شدید زلزلوں کے نتیجے میں ہلاک ہوگئے۔
EPAPER
Updated: June 29, 2026, 4:08 PM IST | New Delhi
ارجنٹائنا کے فٹبالرلوکاس تریخو کی اہلیہ یانی نا مارانیلا اور ان کے دو بچےآرون اورآئینہوا وینزویلا کے علاقے یاراکوی میں آنے والے دو شدید زلزلوں کے نتیجے میں ہلاک ہوگئے۔
ایک افسوسناک واقعہ میں وینزویلا کے فٹبال کلب ڈیپورٹیوو لا گوائیرا نے تصدیق کی کہ ارجنٹائنی دفاعی کھلاڑی لوکاس تریخو کی اہلیہ اور دو بچوں کی حالیہ زلزلوں میں موت ہوگئی ہے۔رپورٹس کے مطابق، یانی نا مارانیلا اور ان کے بچے آرون اور آئینہوا اس وقت ہلاک ہوگئے جب زلزلے کے دوران ان کی رہائشی عمارت منہدم ہوگئی۔ ابتدا میں انہیں لاپتہ قرار دیا گیا تھا، تاہم بعد ازاں امدادی ٹیموں نے ان کی ہلاکت کی تصدیق کردی۔حادثے کے وقت لوکاس تریخو اپنے اہلِ خانہ کے ساتھ موجود نہیں تھے۔ وہ اپنے کلب ماریٹیمو کے ساتھ اگلے میچ کی تیاری کے سلسلے میں کاراکاس میں موجود تھے۔
یہ بھی پڑھئے:لکی علی نے فلموں سے قبل قالین صاف کیا اور ریفائنری میں بھی کام کیا تھا
اپنے سرکاری بیان میں ڈیپورٹیوو لا گوائیرا نے لوکاس تریخو اور ان کے خاندان سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس کٹھن وقت میں ان کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان کی اہلیہ اور بچوں کی مغفرت کے لیے دعاگو ہیں۔ کلب نے اپنے بیان میں کہا’’ڈی ایل جی (#DLG) کی جانب سے ہم کھلاڑی لوکاس تریخو کے غم میں برابر کے شریک ہیں، جن کی اہلیہ یانی نا مارانیلا اور ان کے بچوں آرون اور آئینہوا تریخو کا افسوسناک انتقال ہوگیا ہے۔ خدا مرحومین کی مغفرت فرمائے اور لوکاس تریخو اور ان کے تمام اہلِ خانہ کو صبرِ جمیل عطا کرے۔‘‘
لوکاس تریخو کا خاندان پلایا گراندے میں مقیم تھا، جو زلزلے سے سب سے زیادہ متاثرہ علاقوں میں شامل ہے۔ اہلِ خانہ سے رابطہ منقطع ہونے کے بعد فٹبالر نے سوشل میڈیا پر مدد کی اپیل بھی کی تھی۔انہوں نے انسٹاگرام پر لکھا’’پلایا گراندے میں ہماری عمارت گر گئی ہے۔ مجھے اپنے خاندان کے بارے میں کچھ معلوم نہیں۔ براہِ کرم ان کے لیے دعا کریں اور اگر کسی نے انہیں دیکھا ہو تو یہ پیغام شیئر کریں۔ میں امید کرتا ہوں کہ وہ وہاں موجود نہ ہوں۔ خدارا میرے خاندان کے لیے دعا کریں۔‘‘ بعد میں ان کے اہلِ خانہ کی ہلاکت کی تصدیق کردی گئی۔
یہ بھی پڑھئے:اٹلی: روم میں’’ ویسپا‘‘ اسکوٹر کی ۸۰؍ سالگرہ، ہزاروں سواروں نے سڑکوں پر پریڈ کی
اقوامِ متحدہ کے مطابق ۲۴؍ جون کو وینزویلا میں آنے والے دو طاقتور زلزلوں سے تقریباً۷۰؍ لاکھ افراد متاثر ہوئے ہیں۔ اس قدرتی آفت میں اب تک تقریباً ایک ہزار افراد ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ ہزاروں افراد تاحال لاپتہ بتائے جا رہے ہیں۔