منگل کو ممبئی کے ۱۲۶؍ ڈرائیوروں کو نوٹس جاری کیا گیا۔ سرکاری کورس مکمل کرنے والے چند ڈرائیور بھی مراٹھی نہیں بول پارہےہیں۔
EPAPER
Updated: August 26, 2026, 10:54 AM IST | Shahab Ansari | Mumbai
منگل کو ممبئی کے ۱۲۶؍ ڈرائیوروں کو نوٹس جاری کیا گیا۔ سرکاری کورس مکمل کرنے والے چند ڈرائیور بھی مراٹھی نہیں بول پارہےہیں۔
ڈرائیوروں کے مراٹھی لازمی جاننے کے معاملے میں وزراء کی جانب سے تسلی دی جارہی ہے کہ گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے لیکن اس زبان کو سیکھنے کی مدت میں کوئی توسیع بھی نہیں کی گئی ہے جس کی وجہ سے ڈرائیور خوفزدہ اور تذبذب کا شکار ہیں۔ چند ڈرائیور کورس مکمل کرنے کے باوجود مراٹھی بولنے میں پریشانی محسوس کررہے ہیں جس کی وجہ سے انہیں بھی نوٹس جاری کئے گئے ہیں۔
محکمہ ٹریفک کے مطابق منگل کو ممبئی میں ایک ہزار ۶۴۳؍ ڈرائیوروں کا مراٹھی کا امتحان لیا گیا جن میں سے ۱۲۶؍ افراد مراٹھی سے نابلد پائے گئے اور انہیں نوٹس جاری کیا گیا جبکہ ریاست کے دیگر علاقوں میں ۲؍ ہزار ۵۸۱؍ ڈرائیوروں کا امتحان لیا گیا جن میں سے ۱۴۰؍ کو مراٹھی نہیں آتی تھی اس لئے انہیں بھی نوٹس جاری کیا گیا ہے۔
پیر کو مضافات کے مختلف علاقوں اور خصوصاً کاندیولی میں رکشا ڈرائیوروں کے احتجاج کے بعد وزیر ٹرانسپورٹ پرتاپ سرنائک نے منگل کو ایک پریس کانفرنس لے کر بتایا کہ حکومت کی جانب سے کوکن مراٹھی ساہتیہ پریشد اور ممبئی مراٹھی ساہتیہ سنگھ کی مدد سے ڈرائیوروں کو مراٹھی سکھانے کا جو سلسلہ شروع کیا گیا تھا اسے ۱۵؍ اگست سے بند کردیا گیا تھا لیکن اب یہ سلسلہ دوبارہ شروع کیا جائے گا تاکہ جو ڈرائیور مراٹھی سیکھنا چاہتے ہیں ان کو پریشانی نہ ہو۔
انہوں نے منگل کو آر ٹی او افسران سے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ گفتگو کی اور انہیں ہدایت دی کہ وہ ایک ہیلپ لائن نمبر جاری کریں تاکہ جو ڈرائیور مراٹھی سیکھنے کے خواہاں ہیں اور وہ جاننا چاہتے ہیں کہ مراٹھی کہاں سکھائی جارہی ہے تو ان کی رہنمائی کی جاسکے۔ جو رکشا اور ٹیکسی ڈرائیور اب بھی مراٹھی زبان کی تربیت لینا چاہتے ہیں ان کے لئے کوکن مراٹھی ساہتیہ پریشد اور ممبئی مراٹھی ساہتیہ سنگھ کے ذریعے ممبئی، تھانے، بھیونڈی، نالاسوپارہ، وسئی ویرار اور نوی ممبئی میں تربیتی مراکز جاری رکھے جائیں گے۔ ان مراکز کی فہرست متعلقہ آر ٹی او افسران کو دے دی گئی ہے جن کی معلومات مستقبل قریب میں جاری ہونے والے ہیلپ لائن نمبر پر دی جائے گی۔
یہ بھی پڑھئے: اسمبلی میں عوام کے سوالات پوچھنے میں ۷۲؍ فیصد کمی
وڈالا آر ٹی او کے ایک افسر کے مطابق مراٹھی کا امتحان لینے کیلئے جو فلائنگ اسکواڈ روانہ کیا گیا تھا پیر کو اس اسکواڈ کو چند ایسے ڈرائیور بھی ملے جنہوں نے حکومت کے ذریعہ شروع کئے گئے مراٹھی کورس کو مکمل کرلیا ہے اس کے باوجود وہ گھبراہٹ یا کسی دیگر وجہ سے مراٹھی بول نہیں پارہے جس کی وجہ سے انہیں نوٹس جاری کیا گیا ہے۔
اس دوران چند ڈرائیوروں نے اس طرح کا بھی الزام عائد کیا ہے کہ ان سے نصاب میں سکھائی گئی مراٹھی سے ہٹ کر سوال پوچھے گئے تھے جس کی وجہ سے وہ جواب نہیں دے سکے اور انہیں نوٹس جاری کردیا گیا ہے۔ منگل کی پریس کانفرنس میں مزدور یونین کے سربراہ ششانک رائو، کوکن مراٹھی ساہتیہ پریشد اور ممبئی مراٹھی ساہتیہ سنگھ کے نمائندے بھی موجود تھے۔
پرتاپ سرنائک کا الزام
پرتاپ سرنائک نے الزام عائد کیا کہ یوپی میں الیکشن کے پیش نظر وہاں کے چند لیڈر اپنےبیانات سے ممبئی اور تھانے کا ماحول خراب کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی وضاحت کی کہ مراٹھی نہ جاننے والے کسی بھی ٹیکسی اور رکشا ڈرائیور پر اب تک ۵۰۰؍ روپے سے زیادہ کا جرمانہ عائد نہیں کیا گیا ہے اور ۲۰؍ سے ۲۵؍ ہزار روپے تک کا جرمانہ عائد کئے جانے کی باتیں افواہ ہیں۔انہوں نے ڈرائیوروں سے افواہوں پر دھیان نہ دینے کی اپیل کی۔