توہین عدالت کا نوٹس ،کورٹ نے دہلی پولیس کو غیر قانونی تحویل سے باز رہنے کی ہدایت دی۔ میٹرو،ٹرین ،انٹر نیٹ خدمات کی بحالی اور عوامی آمدورفت کو یقینی بنانے کا حکم، کل پھر شنوائی مگر دہلی پولیس نے حکم کے باوجود مظاہرین کی دھر پکڑ جاری رکھی۔
EPAPER
Updated: October 12, 2026, 12:34 PM IST | Ahmadullah Siddiqui/Agency | New Delhi
توہین عدالت کا نوٹس ،کورٹ نے دہلی پولیس کو غیر قانونی تحویل سے باز رہنے کی ہدایت دی۔ میٹرو،ٹرین ،انٹر نیٹ خدمات کی بحالی اور عوامی آمدورفت کو یقینی بنانے کا حکم، کل پھر شنوائی مگر دہلی پولیس نے حکم کے باوجود مظاہرین کی دھر پکڑ جاری رکھی۔
اتوار کو توہین عدالت کا نوٹس جاری ہونے اورسپریم کورٹ کی اس ہدایت کے باوجود کہ دہلی پولیس غیر قانونی گرفتاریوں سے باز رہے اور پرامن مظاہرین کو تحویل میں نہ لیا جائے، اتوار کو بھی پرامن مظاہرین کی گرفتاریوں کا سلسلہ جاری رہا۔ البتہ ان گرفتاریوں کے باوجود حکومت مظاہرین پر خوف طاری کرنے میں ناکام رہی جنہوں نے اتوار کو بھی اس عزم کا اظہار کیا کہ گیانیش کمار کے استعفیٰ اور ایس آئی آر کی منسوخی تک احتجاج کا سلسلہ جاری رہےگا۔
سپریم کورٹ میں کیا ہوا؟
دہلی میں ۱۰؍ اکتوبر کے احتجاج کو روکنے کیلئے غیر معمولی پابندیوں کے خلاف سی پی ایم لیڈر ایم اے بے بی نے سپریم کورٹ سے رجوع کیاتھا۔اس پر سماعت کے بعد سپریم کورٹ نے شہریوں کے احتجاج کو ’’بنیادی حق‘‘ کے طور پر تسلیم کرتے ہوئے مودی سرکار کو ہدایت دی تھی کہ وہ میٹرو ، ٹرین اور انٹرنیٹ کوپوری طرح بند نہ کرے۔ چیف جسٹس نے حکومت کو ’’مکھی مارنے کیلئے ہتھوڑا نہ استعمال کرنے‘‘ کی صلاح دی تھی مگر اس پر عمل نہیں کیاگیا۔ سنیچر کو سپریم کورٹ میں اس کے خلاف توہین عدالت کی پٹیشن داخل ہوئی تھی جس پر اتوار کو چھٹی کے باوجود سماعت کا اہتمام کیاگیا۔
مودی سرکار کو توہین عدالت کا نوٹس
سینئر وکلاء نے عدالت کی خصوصی بنچ کے سامنے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ذمہ دار افراد اور اداروں کے احتساب کا مطالبہ کیا۔سینئر وکلاء نے اس بات کی نشاندہی کی کہ کس طرح سپریم کورٹ کے وکلاء تک کو نہیں بخشا گیا۔اس پرعدالت نے حکومت کوخدمات کو بحال کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے توہین عدالت کی درخواستوں پر نوٹس جاری کیا۔
مرکزی داخلہ سیکریٹری ووند موہن،دہلی پولیس کے کمشنر انوراگ کشیپ اور دہلی میٹرو کے چیئرمین ڈی تھارا کے خلاف دائر کی گئی توہین عدالت کی متعدد درخواستوں اورحراست میں لئے گئے افراد کی بازیابی اور انہیں عدالت کے سامنے پیش کئے جانے کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے جسٹس جوئے مالیا باغچی اور وی موہنا کی بنچ نے کہا کہ پرامن احتجاج پر کسی کو حراست میں نہیں لیا جاسکتا۔سپریم کورٹ کے وکلاء نےخصوصی بنچ کے سامنے گزشتہ روز دہلی پولیس کے ذریعہ وکلاء اور عام شہریوں کے ساتھ بدسلوکی ،مارپیٹ اور انہیں حراست میں لئے جانے کی شکایت کی۔
سینئر ایڈوکیٹ کپل سبل جو منوج جھا کی طرف سے پیش ہوئے، نے عدالتی احکامات کے باجود۴۵؍میٹرو اسٹیشنوں کو بند کئے جانے، انٹرنیٹ کی بندش اور جنتر منتر کے چار کلو میٹر کے علاقے سے ہر کسی کی گرفتاری اور ٹرینوں سے اتار کر لوگوں کو حراست میں لئے جانے پر سخت ناراضگی کا اظہار کیا۔سینئر وکیل گوپال سنکرانارائنن نے مطالبہ کیا کہ لوگوں کی آزادانہ نقل و حرکت کو مکمل طور پر بحال کیا جائے، تمام رکاوٹیں ہٹائی جائیں اور میٹرو ریل کی سروس بحال کرنے کی ہدایت دی جائے۔ معاملے کی سماعت کے بعد سپریم کورٹ نے غیر قانونی گرفتاریوں کو روکنے اور خدمات بحال کرنے کا حکم دیا اور ۱۳؍ اکتوبر کو اگلی سماعت کافیصلہ کیا تاہم دہلی پولیس پر گرفتاریوں کے معاملے میں اتوار کی شنوئی میں دی گئی ہدایت کا کوئی اثر نظر نہیں آیا۔ اتوار کو نہ صرف یہ کہ دن بھر گرفتاریوں کا سلسلہ جاری رہا بلکہ پولیس پر مظاہرین کے ساتھ تشدد کا الزام بھی عائد ہوا ہے۔اس بیچ ذرائع کے حوالے سے یہ اطلاع ملی ہے کہ پولیس ۷؍ ہزار سے زائد گرفتار شدگان پر پولیس اہلکاروں پر حملے کا کیس عائد کرنے کی تیاری کررہی ہے۔
کپل سبل سپریم کورٹ سے مایوس، کہا: تھک گیا ہوں
سینئر وکیل کپل سبل نے سپریم کورٹ پر اپنے اعتماد میں کمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہری حقوق کیلئے بار بار عدالت سے رجوع کرتے کرتے وہ تھک چکے ہیں۔ انہوں نے یہ بات ایک پریس کانفرنس میں کہی۔ سبل نے کہا، ’’میں سپریم کورٹ جا جا کر تھک چکا ہوں۔ میں اپنی ذاتی رائے بیان کر رہا ہوں۔ مجھے نہیں لگتا کہ وہاں جانے کا کوئی فائدہ ہے۔ مجھے سپریم کورٹ آف انڈیا سے اب زیادہ امید نہیں رہی۔‘‘ انہوں نےایس آئی آر کا حوالہ دیا اور کہا کہ عدالت کی جانب سے کوئی راحت نہیں ملی ۔ بہرحال اتوار کو سپریم کورٹ میں شنوائی کے دوران بنچ نے سبل کے مذکورہ بیان کا حوالہ دیا اور کہا کہ عدالت کا مقصد عوام کا اعتماد بحال کرنا ہے۔ کورٹ نے سبل سے کہا کہ ’’آپ کا اعتماد اہم ہے۔‘‘
نیہا بورا کو کناٹ پیلس میں گرفتار کیاگیا
آئیساکی صدر نیہا بورا، نے اتوار کو دوپہر ڈھائی بجے آر کے آشرم مارگ پر احتجاج کی کال دی تھی۔ پولیس نے احتجاج کو روکنے کیلئے وہاں حفاظتی انتظامات کئے اور مختلف مقامات پر رکاوٹیں کھڑی کیں تاہم نیہا پولیس کو چکمہ دیتے ہوئے اپنے حامیوں کے ساتھ کناٹ پلیس پہنچ گئیں۔ وہاں مظاہرین نے جمع ہوکر جنتر منتر کی جانب مارچ کرنے کی کوشش کی۔پولیس نے انہیں آگے بڑھنے سے روکا اور نیہا سمیت کئی مظاہرین کو حراست میں لے لیا۔اس دوران پولیس پر دھکا مکی اور بدسلوکی کا الزام بھی عائد ہوا ہے۔