Inquilab Logo

ای ڈی سے فرصت ملتے ہی راہل اگنی پتھ کیخلاف احتجاج میں شامل

Updated: June 23, 2022, 10:02 AM IST | new Delhi

مودی سرکار پر مسلح افواج کو کمزور کرنے کا الزام عائد کیا، للکارا کہ زرعی قوانین کی طرح فوج میں بھرتی کی نئی اسکیم کو بھی واپس لینا پڑےگا، پارٹی ہیڈ کوارٹرز میں  لیڈروں اور کارکنوں سے خطاب، ۵۰؍ گھنٹے سے زائد کی ای ڈی کی  پوچھ تاچھ کوہلکے پھلکے انداز میں پیش کیا، یکجہتی کے اظہار کیلئے ملک بھر سے ایم ایل اے اور ایم پی کانگریس صدر دفتر پہنچے

Rahul Gandhi reached the party headquarters on Wednesday. On this occasion, he welcomed the workers present there. (PTI)
راہل گاندھی بدھ کو پارٹی ہیڈ کوارٹرز پہنچے۔اس موقع پر وہ وہاں موجود کارکنوں کا استقبال کرتے ہوئے۔ (پی ٹی آئی)

ای ڈی میں ۵۰؍ گھنٹہ طویل  پوچھ تاچھ سے فرصت ملتے ہی کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی منگل کو اگنی پتھ اسکیم کے خلاف   پر کانگریس کی ستیہ گرہ میں شرکت کیلئے پہنچے جہاں انہوں نے مودی حکومت پر فوج کو کمزور کرنے کا الزام لگایا۔اس کے ساتھ ہی انہوں  نے پریقین لہجے میں کہا کہ جس طرح  مودی سرکار کو زرعی قوانین واپس لینے پڑے اسی طرح  اگنی پتھ اسکیم کو بھی واپس لینا پڑےگا۔ اس سے قبل  پارٹی ہیڈ کوارٹرز  میں انہوں نے  لیڈروں اور کارکنوں سے خطاب کیا اور ای ڈی میں ہونے والی پوچھ تاچھ پر بھی ہلکے پھلکے انداز میں گفتگو کی۔
 ’ نو رینک، نو پنشن‘
  اگنی پتھ اسکیم پر مرکزی حکومت کو آڑے ہاتھوں  لیتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا کہ جو لوگ ’’ایک رینک، ایک پنشن‘‘ کی بات کررہے تھے وہ اب ’’نورینک، نو پنشن‘‘ لارہے ہیں۔  راہل گاندھی  جن سے گزشتہ ہفتے پیر، منگل اور بدھ کو اور اس کے بعد اِس ہفتے پیر کو کل ملا کر ۵۰؍ گھنٹے سے زائد ای ڈی نے پوچھ تاچھ کی ہے، سے اظہار یکجہتی کیلئے ملک بھر سے کانگریس کے اراکین اسمبلی اور پارلیمان اکٹھا ہوئے تھے۔ان سے خطاب کرتے ہوئے راہل گاندھی ان سے ای ڈی کی پوچھ تاچھ ’’غیر اہم‘‘ معاملہ ہے۔ اس وقت ملک میں   سب سے اہم مسئلہ  ملازمتوں کا ہے۔  پارٹی   کے سابق صدر نے مودی سرکار کی معاشی پالیسیوں کونشانہ بناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’’چھوٹی اور درمیانی درجے کی صنعتیں ملک کی ریڑ ھ کی ہڈی  ہیں جنہیں مودی حکومت نے توڑ دیاہے۔ جولوگ ہر صبح اٹھ کر فوج میں بھرتی کی تیاری کرتے ہیں، ان سب سے میں یہ کہنا چاہتا ہوں کہ وزیراعظم  نے ملک کی ریڑھ کی ہڈی توڑ کررکھ دی ہے، وہ ملک کے نوجوانوں کو روزگار فراہم نہیں کرسکتے۔‘‘
 ملک صنعتکاروں کے حوالے کردیاگیا
  راہل گاندھی نے مزید کہا کہ ’’حکومت کچھ بھی کرلےوہ روزگار فراہم نہیں کرسکے گی کیوں کہ وزیراعظم نے ملک دو تین صنعتکاروں  کے حوالے کردیا ہے جو نوجوانوں کیلئے روزگار کو یقینی نہیں بنا سکتے۔‘‘کانگریس کے سابق صدر نے کہا کہ اب  نوجوانوں کی  آخری امید فوج میں بھی روزگار کے دروازے بند ہوگئے ہیں۔ 
فوج کو کمزور کرنا ملک کیلئے نقصاندہ
 چین کی دراندازی اور ہندوستانی زمین پر قبضے کا حوالہ دیتے ہوئے کانگریس لیڈر نے مودی حکومت کو نشانہ بنایا اور کہا کہ ’’چینی فوج ہماری زمین پر قبضہ جمائے بیٹھی ہے، اس نے ہماری ایک ہزار مربع کلو میٹر زمین ہتھیالی ہے،اس حقیقت کو مودی حکومت نے تسلیم کرلیا ہے۔‘‘ انہوں  نے زور دیا کہ فوج کو مضبوط کیا جانا چاہئے مگر حکومت اسے ’’کمزور کررہی ہے۔‘‘ 
 راہل گاندھی نےمتنبہ کیا کہ ’’جب جنگ ہوگی تواس کے نتائج ظاہر ہو جائیں گے...یہ لوگ فوج کو کمزور کررہے ہیں ،اس سے ملک کو نقصان پہنچےگا اور پھر یہ لوگ خود کو دیش بھکت کہتے ہیں۔‘‘
ای ڈی سے پوچھ تاچھ پر بھی گفتگو
 ای ڈی میں ہونے والی پوچھ تاچھ کے حوالے سے انہوں نے ہلکے پھلکے انداز میں کہا کہ ’’تفتیشی ایجنسی کے افسران یہ جاننا چاہتے تھے کہ مجھ میں اتنی طاقت کہاں سے آتی ہے کہ میں ایک   بار بھی اٹھے بغیر۲x۱۲  ؍ کے کمرے میں  ۱۰؍ سے ۱۱؍ گھنٹے تک بیٹھ سکتا ہوں۔‘‘ راہل گاندھی   کے مطابق انہوں نے ای ڈی افسران سے کہا کہ وہ ’وپاسنا‘کرتے ہیں اس لئے اتنے طویل  عرصے تھ پوچھ تاچھ میں بیٹھے رہنے میں انہیں کوئی تکلیف نہیں ہوگا، تاہم کانگریس لیڈر نے کہا کہ  ’’اس کی اصل   وجہ یہ ہے کہ اُس کمرہ میں راہل گاندھی اکیلا نہیں  بیٹھا تھا بلکہ وہاں  کانگریس کا ایک ایک لیڈر اور کارکن میرے ساتھ تھا۔ ایک لیڈر تھک سکتا ہے مگر پارٹی کے ہزاروں کارکن نہیں تھک سکتے۔‘‘
۲۷؍ جون کو ملک گیر احتجاج
  اس موقع پر پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کانگریس کے جنرل سیکریٹری (تنظیمی ڈھانچہ) کے سی وینو گوپال نے اعلان کیا کہ اگنی پتھ کے خلاف کانگریس نے ۲۷؍ جون کو ملک گیر احتجاج کا فیصلہ کیا ہے جس کے دوران حکومت  سے اس اسکیم کو واپس لینے کا مطالبہ کیا جائےگا۔ واضح رہے کہ اگنی پتھ اسکیم کے خلاف  نوجوانوں  کے پر تشدد مظاہروں کا سلسلہ تھم گیا ہے مگر ان میں اس کے تعلق سے برہمی برقرار ہے۔  راہل گاندھی  نے نوجوانوں کی نمائندگی کرتے ہوئے مودی سرکار کو مخاطب کرتے ہوئے چیلنج کیا کہ ’’میں بار بار کہہ رہا ہوں ، اگنی پتھ اسکیم آپ کو واپس لینی پڑےگی۔‘‘انہوں نے کہا کہ ’’اصل حب الوطنی فوج کو مضبوط کرنے میں ہے مگر آپ اسے کمزور کررہے ہیں۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK