Inquilab Logo Happiest Places to Work

ڈانڈی مارچ کی سالگرہ: وزیر اعظم مودی، ملکارجن کھرگے نے مہاتما گاندھی کو یاد کیا

Updated: March 13, 2026, 9:39 AM IST | Mumbai

۱۹۳۰ء میں شروع ہونے والے تاریخی دانڈی مارچ کی سالگرہ کے موقع پر وزیر اعظم نریندر مودی اور کانگریس صدر ملکارجن کھرگے نے مہاتما گاندھی اور آزادی کی جدوجہد میں شامل مجاہدین کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

A memorable image of the Dandi March launched on March 12, 1930. Photo: INN
۱۲؍مارچ ۱۹۳۰ء کو شروع کئےگئےڈانڈی مارچ کی ایک یادگار تصویر۔ تصویر: آئی این این

۱۹۳۰ء میں شروع ہونے والے تاریخی دانڈی مارچ کی سالگرہ کے موقع پر وزیر اعظم نریندر مودی اور کانگریس صدر ملکارجن کھرگے نے مہاتما گاندھی اور آزادی کی جدوجہد میں شامل مجاہدین کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر دونوںلیڈروں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس کے ذریعے اپنے پیغامات جاری کیے اور اس تاریخی تحریک کی اہمیت کو یاد کیا۔وزیر اعظم نریندر مودی نے ایکس پر اپنی پوسٹ میں لکھا کہ۱۹۳۰ء میں آج ہی کے دن(۱۲؍ مارچ) ڈانڈی مارچ کا آغاز ہوا تھا اور اس میں شامل تمام شخصیات کو وہ احترام کے ساتھ یاد کرتے ہیں۔انہوں نے اس موقع پر ایک سنسکرت سبھاشتم بھی پیش کیا۔ اس سنسکرت عبارت کا مفہوم یہ ہے کہ ہمیشہ سچائی کی ہی جیت ہوتی ہے اور باطل کا انجام شکست ہے، اس لیے انسان کو سچائی کے راستے پر چلنا چاہیے، کیونکہ یہی وہ راستہ ہے جس پر چل کر عظیم انسانوں نے اعلیٰ مقاصد حاصل کیے۔کانگریس صدر ملکارجن کھرگے نے بھی اس موقع پر ایکس پر پیغام جاری کرتے ہوئے لکھا کہ۱۹۳۰ء میں مہاتما گاندھی کی قیادت میں شروع ہونے والا تاریخی ڈانڈی مارچ آزادی کی جدوجہد کا ایک اہم سنگ میل تھا۔ انہوں نے کہا کہ نمک ستیہ گرہ کے ذریعے سول نافرمانی کی ملک گیر تحریک نے ہندوستانی قومی کانگریس کے مکمل سوراج کے عہد کو عملی شکل دینے میں اہم کردار ادا کیا۔کھرگے نے اپنے پیغام میں کہا کہ باپو کے بتائے ہوئے اصول آج بھی اتنے ہی اہم اور حوصلہ افزا ہیں جتنے اس وقت تھے۔ انہوں نے اس موقع پر آزادی کے تمام مجاہدین کے غیر معمولی کردار اور ان کی قربانیوں کو یاد کرتے ہوئے انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے پوسٹ کے ساتھ ایک ویڈیو بھی شامل کیا جس میں ڈانڈی مارچ سے متعلق تاریخی تصاویر اور مناظر دکھائے گئے ۔ ویڈیو میں مہاتما گاندھی کو مردوں، عورتوں اور بچوں کی بڑی تعداد کے ساتھ لاٹھی کے سہارے مارچ کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔علاوہ ازیں کانگریس پارٹی نے اپنی پوسٹ میں اس تاریخی تحریک کو آزادی کی جدوجہد کا ایک اہم مرحلہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ڈانڈی مارچ نے برطانوی حکومت کے نمک قانون کے خلاف عوامی مزاحمت کو مضبوط کیا اور آزادی کی تحریک کو نئی توانائی فراہم کی۔خیال رہے کہ ڈانڈی نمک ستیہ گرہ کو ہندوستان کی آزادی کی تحریک کا ایک اہم باب مانا جاتا ہے۔ مہاتما گاندھی نے۱۹۳۰ء میں سابرمتی آشرم سے اس تاریخی مارچ کا آغاز کیا تھا۔ یہ مارچ برطانوی حکومت کے نمک قانون کے خلاف احتجاج کے طور پر شروع کیا گیا تھا۔ گاندھی جی اور ان کے ساتھیوں نے طویل سفر طے کرتے ہوئے گجرات کے ساحلی علاقےڈانڈی تک مارچ کیا اور وہاں پہنچ کر نمک قانون کی علامتی خلاف ورزی کی۔ اس اقدام نے پورے ملک میں سول نافرمانی کی تحریک کو نئی طاقت دی اور آزادی کی جدوجہد کو عوامی سطح پر مزید وسیع کر دیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK