مظاہرین نے’ٹرمپ واپس جاؤ، فلپائن فروخت کیلئے نہیں‘،’سامراجیت مردہ باد‘ اور’غزہ سے فلپائن تک، امریکی سامراج کے خلاف مزاحمت‘ کے نعرے لگائے ،ایران جنگ کےسبب ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی اور معاشی بحران پر برہمی ،واضح پیغام دیا کہ امریکی صدر کا منیلا میں استقبال نہیںکیاجائے گا ۔
احتجاج۔ تصویر:آئی این این
فلپائن میں آسیان اجلاس میں امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی شرکت کے خلاف منیلامیں سیکڑوں کی تعداد میں عوام سڑکوں پر اتر آئے ۔ ٹرمپ منگل یعنی آج منیلا پہنچنے والے ہیں۔مظاہرین منیلا میں جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کی تنظیم، آسیان کے سربراہی اجلاس کے مقام سے کئی کلومیٹر دور ایک عوامی چوک پر جمع ہوئے۔مظاہرین نے مختلف نعروں والے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر’ٹرمپ واپس جاؤ، فلپائن فروخت کیلئے نہیں‘،’سامراجیت مردہ باد‘ اور’غزہ سے فلپائن تک، امریکی سامراج کے خلاف مزاحمت‘ سمیت دیگر نعرے درج تھے ۔ اتوار کو تقریباً۳۰۰؍ مظاہرین کو اس وقت حراست میں لے لیا گیا جب وہ چوک تک پہنچنے کی کوشش کر رہے تھے۔ پولیس کے مطابق مظاہرین کے پاس وہاں جانے کا اجازت نامہ نہیں تھا جبکہ سربراہی اجلاس کے مقام کی جانب مارچ کرنے کی کوشش کے دوران۹؍ افراد کو گرفتار کیا گیا۔احتجاج کے منتظمین نے گرفتاریوں اور مارچ منتشر کیے جانے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مظاہروں سے کوئی خطرہ لاحق نہیں تھا۔ یہ مظاہرہ مظاہروں کے اس منصوبہ بند سلسلے میں سے ایک تھا جس کے تحت مظاہرین ٹرمپ کے دورہ کی مخالفت کررہے ہیں اورچاہتے ہیںکہ آسیان ممالک وسیع تر سیاسی اور علاقائی مسائل پر توجہ دیں۔مظاہرین کے لیڈرٹیڈی کاسینو نے فلپائن کے صدر فرڈیننڈ مارکوس پرغیر ملکی لیڈروں کا خیر مقدم کرنے ا ورمقامی موضوعات اورفلپائنی باشندوں کے مسائل سے پہلو تہی کرنے پر تنقید کی ۔ ٹرمپ کے دورہ کی مخالفت کی وجہ بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایران جنگ بہت بڑا مسئلہ بن چکی ہے جس کے سبب فلپائنی عوام کوشدیدمشکلات کا سامنا ہے۔جنگ کے نتیجے میںمہنگائی بڑھی ہے اورملک معاشی بحران کی زد میں آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈونالڈ ٹرمپ کیلئے یہ واضح پیغام ہےکہ ان کا یہاںاستقبال نہیںکیاجائےگا۔
واضح رہےکہ ٹرمپ کا یہ دورہ اس لحاظ سے بھی اہمیت کا حامل ہےکہ حالیہ وسط مدتی ا نتخابات میںریپبلکن کو شکست ہوئی ہےاورٹرمپ کی قیادت کو سیاسی چیلنجز درپیش ہیں ۔ ان کا دورہ ایسے وقت میں بھی ہورہا ہےجبکہ ہندبحرالکاہل خطے میںامریکہ اور چین کے درمیان مقابلہ آرائی بڑھتی جارہی ہےاور آسیان ممالک پورے خطے کی اہم مساوات کا حصہ ہیں۔
’ٹرمپ کا دورہ فلپائن کیلئے سب سے بڑا خطرہ‘
’نیو نیشنلسٹ موومنٹ‘ گروپ نے ایک بیان میں کہا، ’’اصل خطرہ سربراہی اجلاس کے مقام کے قریب دکانداروں کی بے دخلی، سڑکوں کی بندش، اجلاس کے باعث پروازوں کی منسوخی اور منیلا میں صحت مراکز کی بندش ہے۔‘‘بیان میں مزید کہا گیا، ’’ٹرمپ کا دورہ ملک کیلئے سب سے بڑا خطرہ ہے، کیونکہ اس کے نتیجے میں ہمارے وسائل کی لوٹ مار میں شدت، جنگ میں اضافے اور تباہ کن منصوبوں کے باعث کسانوں اور مقامی آبادیوں کی بے دخلی ہو رہی ہے ۔‘‘مظاہرین نے سربراہی اجلاس پر ہونے والے اخراجات پر بھی تنقید کی ۔ اطلاعات کے مطابق فلپائن کی حکومت اس اجلاس پر تقریباً۳۶؍ کروڑ۶۰؍ لاکھ ڈالر خرچ کر رہی ہے۔آسیان کے۱۱؍ رکن ممالک اس سربراہی اجلاس کے موقع پر اپنے غیر ملکی شراکت داروں کے نمائندوں سے بھی ملاقاتیں کریں گے جن میں جاپان، چین، جنوبی کوریا، ہندوستان، آسٹریلیا ، روس اورامریکہ شامل ہیں۔
واضح رہے کہ جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کی تنظیم (آسیان) کا۴۹؍واں سربراہی اجلاس اور اس سے وابستہ دیگر اجلاس اتوار کو منیلا میں شروع ہوگئے۔ فلپائن کے صدر فرڈیننڈ بونگ بونگ مارکوس جونیئر نے۳؍ روزہ اس تقریب کے باضابطہ افتتاح کا اعلان کیا۔مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق، فلپائن انٹرنیشنل کنونشن سینٹر میں منعقدہ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے۲۰۲۶ءکیلئے آسیان کے صدر مارکوس نے علاقائی اتحاد اور مشترکہ ذمہ داری کی اپیل کی ۔ انہوں نے آسیان کو مختلف ممالک کا ایسا گروپ قرار دیا جو مشترکہ مقصد کے ساتھ آگے بڑھ رہا ہے جس میں ہر ملک اپنی ذمہ داری نبھاتا ہے اور سب مل کر مجموعی مضبوطی کے لیے کام کرتے ہیں۔مارکوس نے تنظیم کی۳؍اہم ترجیحات، یعنی امن و سلامتی کی بنیاد، خوشحالی کی راہداریاں اور عوام کو بااختیار بنانے کا ذکر کیا۔