خلیج بنگال میں تشکیل پانے والے کم دباؤ کے علاقے کے سمندری طوفان میں تبدیل ہونے کے امکان کے پیش نظر چھتیس گڑھ میں موسم کا مزاج بدل سکتا ہے۔محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق ریاست میں۱۹؍ نومبر سے بارش کا سلسلہ شروع ہونے اور۲۰؍ اور۲۱؍ نومبر کو بعض مقامات پر شدید بارش ہونے کا امکان ہے۔
طوفان۔ تصویر:آئی این این
خلیج بنگال میں تشکیل پانے والے کم دباؤ کے علاقے کے سمندری طوفان میں تبدیل ہونے کے امکان کے پیش نظر چھتیس گڑھ میں موسم کا مزاج بدل سکتا ہے۔محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق ریاست میں۱۹؍ نومبر سے بارش کا سلسلہ شروع ہونے اور۲۰؍ اور۲۱؍ نومبر کو بعض مقامات پر شدید بارش ہونے کا امکان ہے۔ اگر یہ موسمی نظام سمندری طوفان کی شکل اختیار کرتا ہے تو گزشتہ تقریباً تین ہفتوں کے دوران خلیج بنگال میں بننے والا یہ تیسرا سمندری طوفان ہوگا۔ محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) کے مطابق اتوار کو خلیج بنگال میں ایک فضائی ڈپریشن تشکیل پایا ہے۔ اس کے پیر کو سمندری طوفان اور۱۷؍ نومبر کو شدید سمندری طوفان میں تبدیل ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ ممکنہ طوفان کو ’اکوان‘ نام دیا جاسکتا ہے، تاہم طوفان کی اصل شدت اور سمت کا انحصار آئندہ موسمی حالات پر ہوگا۔
چھتیس گڑھ میں۱۸؍ نومبر تک موسم زیادہ تر خشک رہنے کا امکان ہے۔ اس کے بعد۱۹؍ نومبر سے بادلوں کی سرگرمی بڑھنے کے ساتھ بارش شروع ہوسکتی ہے۔ آئندہ چار دن کے دوران کم سے کم درجہ حرارت میں کسی خاص تبدیلی کی توقع نہیں ہے۔ موسمیات کے تاریخی اعداد و شمار کے مطابق تقریباً ۱۳؍ سال بعد ایسی صورت حال پیدا ہونے کا امکان ہے، جب۲۵؍ دن سے کم مدت میں خلیج بنگال میں تین سمندری طوفان تشکیل پائیں۔ اس سے قبل ۲۰۱۳ء میں۱۹؍ نومبر کو’ہیلن‘،۲۳؍ نومبر کو’لہَر‘ اور ۶؍ دسمبر کو’ماڈی‘ نامی سمندری طوفان بنے تھے۔