Inquilab Logo Happiest Places to Work

وزراء اور افسران کوبچانے کیلئے اشوک کھرات کا انکائونٹربھی کیا جا سکتا ہے: وجے وڈیٹیوار

Updated: March 26, 2026, 12:44 AM IST | Nagpur

کانگریس لیڈر نے کہاکہ حکومت اس اسکینڈل میں وہی باتیں سامنے لا رہی ہے جو اسے سہولت مہیا کر رہی ہے، سنجے رائوت نے کہا کہ کھرات بی جے پی کی تشہیر کیا کرتا تھا

Ashok Kharat (second from left) in police custody (Agency)
اشوک کھرات( بائیں سے دوسرا) پولیس کی تحویل میں ( ایجنسی)

پین ڈرائیو سامنے لاؤ، سب ننگے ہوں گے، کس کس نے سر سے لے کر پاؤں تک کھرات کی خدمت کی سب پتہ چل جائے گا۔ میں یہ ذمہ داری سے کہہ سکتا ہوں کہ کابینہ میں دو تین لوگ اپنی وکٹیں گنوا دیں گے، اور اب ان سب کو بچانے کیلئے کھرات کا انکاؤنٹر ہو سکتا ہے۔ یہ سنسنی خیز دعویٰ  کانگریس لیڈر وجے وڈیٹیوار نے کیا ہے۔ ویڈیٹیوار ناگپور میں میڈیا سے بات کر رہے تھے۔
  انہوں نے مزید انکشاف کیا کہ ناسک میں اشوک کھرات نے جس جگہ اپنی بدکاری کا اڈہ کھول رکھا تھا اس کی تعمیر سرکاری خرچ پر کی گئی تھی۔ حیران کن بات یہ ہے کہ کھرات حکومت کی سرپرستی میں پنپنے والا بابا ہے، جس کو مندر تعمیر کیلئے سیاحت کے فنڈ سے سرکاری رقم دی گئی۔ یہ دعویٰ آر ٹی آئی کارکن وجے کمبھار نے کیا ہے۔ اس پر بات کرتے ہوئے وجے وڈیٹیوار نے کہا کہ حکومت وہی آگے لا رہی ہے جو اُنہیں سہولت مہیا کرسکتا ہے۔ حکومت نے کھرات کے ٹرسٹ کو ڈیڑھ کروڑ روپے دیئے ہیں، بہت سے حکام اور سیاستدانوں نے بہتی گنگا میں ہاتھ دھویا ہے۔ مجموعی طور پر اس بھوندو بابا کیس میں حکمراں جماعت یا دیگر پارٹیوں کے رہنما ملوث ہیں، میں ان کا نام نہیں لوں گا، لیکن تصاویر میں اس ضلع، پڑوسی اضلاع کے بڑے لیڈر، پہلے وزیر محصولات رہ چکے لیڈر اور موجودہ کابینہ میں شامل لیڈروں کو دکھایا گیا ہے۔ رادھا کرشن وکھے پاٹل کی تصویر نظر آرہی ہے، دیپک کیسرکر نے وہاں کیا کیا؟  ان سب کی تحقیقات ہونی چاہئے۔ وڈیٹیوار نےکہا’’ تاہم میں یہ بات ذمہ داری سے کہہ رہا ہوں کہ کابینہ میں دو تین لوگ اپنی وکٹیں گنوا دیں گے، اور اب ان سب کو بچانے کیلئے کھرات کا انکاؤنٹر ہو سکتا ہے۔
اشوک کھرات بی جے پی کی تشہیر کیا کرتا تھا
 اس دوران شیوسینا (ادھو) کے ترجمان سنجے رائوت نےکہا ہے کہ اشوک کھرات بی جے پی کی تشہیر کیا کرتا تھا۔ وہ اپنے یہاں علاج یا ٹوٹکا کروانے کیلئے آنے والے لوگوں سے کہا کرتا تھا کہ بی جے پی کو ووٹ دیں۔ رائوت کے مطابق کھرات وزیر اعلیٰ کی کابینہ میں شامل لوگوں کا قریبی تھا ۔ اس نے بچو کڑو کو آشیراود دیا تھا کہ آپ بی جے پی کی جانب سے وزیر بنائے جانے کے بعد یہاں آئیے۔ وزیر اعلیٰ کو ۵؍ مہینے سے کھرات کے کرتوتوں کا علم تھا۔ بطور وزیر داخلہ ان کے پاس یہ ساری اطلاع ہونی چاہئے تھی لیکن وزیر اعلیٰ ایک خاتون کی جانب سے شکایت درج کروانے کا انتظار کر رہے تھے۔ جب بی جے پی کو معلوم ہوا کہ وہاں (کھرات کےٹھکانےپر) ہمارے خلاف کچھ ہو رہا ہے تب یہ ساری باتیں باہر لائی گئیں۔ 
 کئی وزراء اور افسران جیل جا سکتے ہیں
  اس سے قبل مہاراشٹر کانگریس کے ہرش وردھن سپکال نےکہا تھا کہ اگر اس کیس میں ایمانداری اور غیر جانبداری کے ساتھ کاررو ائی کی جائے تو درجنوں وزراء اور دو درجن سے زائد سرکاری افسران جیل کی سلاخوں کے پیچھے جا سکتے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اس پورے معاملے میں بڑے پیمانے پر سیاسی اور انتظامی سطح پر ملی بھگت موجود ہیں، جس کی مکمل اور شفاف جانچ ضروری ہے۔سپکال نے کہا کہ ۲۰۱۸ء  میں دیویندر فرنویس کی قیادت والی حکومت نے اشوک کھرات کے ایشانیشور مندر کو تقریباً ڈیڑھ کروڑ روپے کا سرکاری فنڈ فراہم کیا تھا۔ اس وقت وزیر اعلیٰ کے دفتر میں تعینات ملند بوریکر کے بھی کھرات کے ساتھ قریبی تعلقات تھے، جس کی جانچ ہونی چاہئے۔انہوں نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کی بھی اس شخص کے ساتھ تصاویر منظر عام پر آئی ہیں، جبکہ ریاستی وزیر  برائے تکنیکی تعلیم چندرکانت پاٹل کے بھی اسکے ساتھ قریبی روابط ہونے کی اطلاع ہے۔ چندرکانت پاٹل نے مبینہ طور پر وزیر اعلیٰ بننے کیلئے اسکے ذریعے عملیات بھی کروائے تھے ۔
 یاد رہے کہ خاتون سماجی کارکن ترپتی دیسائی نے بھی گزشتہ دنوں دعویٰ کیا تھا کئی بڑے لیڈران اشوک کھرات کے رابطے میں تھے ، اس سے لین دین کیا کرتے تھے۔ ان کے نام باہرنہ آجائیں ، اسلئے کھرات کا انکائونٹر بھی کیا جا سکتا ہے۔ دیسائی نے حالانکہ ۲۴؍ مارچ کی تاریخ بھی بتائی تھی جس روز کھرات کو عدالت لایا جانے والا تھالیکن ۲۴؍مارچ کو ایسا کچھ نہیں ہوا بلکہ خود ترپتی دیسائی نے کھرات پر حملے کی کوشش کی تھی۔ 

nagpur Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK